خبریں

کووڈ 19: احمدآباد میں آج رات سے سوموار صبح تک کرفیو، غیر معینہ مدت تک رات کا کرفیو نافذ

دیوالی کے بعد کورونا وائرس انفیکشن کے معاملے بڑھنے پر گجرات کے احمدآباد میں کرفیو لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کرفیو کے دوران صرف دودھ بیچنے والی دکانیں اور دواؤں کی دکانیں ہی کھلی رہیں گی۔

کورونا وائرس کے پھیلاؤکو روکنے کے لیے گجرات کے احمدآباد شہر میں چھڑکاؤ کرتے اہلکار۔ (فوٹو: رائٹرس)

کورونا وائرس کے پھیلاؤکو روکنے کے لیے گجرات کے احمدآباد شہر میں چھڑکاؤ کرتے اہلکار۔ (فوٹو: رائٹرس)

نئی دہلی: گجرات کے احمدآباد شہر میں کورونا وائرس انفیکشن کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے جمعہ  سے رات کا کرفیو لگانے کافیصلہ کیا گیا ہے۔آرڈر کے مطابق20 نومبر کی رات نو بجے سے 23 نومبر صبح چھ بجے تک پوری طرح سے کرفیو نافذرہےگا۔ اس کے بعد 23 نومبر سے رات کا کرفیو اگلے حکم تک جاری رہےگا۔

ایڈیشنل چیف سکریٹری  راجیو کمار گپتا نے یہ جانکاری دی ہے۔انہیں گجرات سرکار نے خصوصی نگراں کے طور پرمقرر کیا ہے ۔ان کا کام احمدآباد میونسپلٹی کے کورونا وائرس انفیکشن سے متعلق امورکی نگرانی کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہاں کچھ دنوں میں انفیکشن کے معاملے تیزی سے بڑھے ہیں، جس کی وجہ سے پرائیویٹ اسپتالوں میں کورونا وائرس انفیکشن کے مریضوں کے بیڈ تیزی سے بھر رہے ہیں اور شہر میں اسپتالوں میں صرف 400 بیڈ ہی خالی بچے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ شہر میں سرکاری اسپتالوں میں تقریباً 2600 بیڈ خالی ہیں۔

کرفیو کے تحت صرف دودھ بیچنے والی دکانیں اور دواؤں کی دکانیں ہی کھلی رہیں گی۔ دراصل دیوالی کے بعد کورونا کے معاملوں میں اضافہ  کی وجہ سے رات میں کرفیو جاری رہےگا۔

گپتا نے کہا، کورونا کی صورت حال  کاجائزہ لینے کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا کہ احمدآباد میں جمعہ(20 نومبر)رات نو بجے سے سوموار (23 نومبر)صبح چھ بجے تک پوری طرح سے کرفیو لگایا جائےگا۔ اس دوران صرف دودھ اور دواؤں کی دکانوں کو کھلا رکھنے کی اجازت ہوگی۔

انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق، وزیراعلیٰ  وجئے روپانی کی صدارت میں ہوئی بیٹھک میں یہ فیصلہ لیا گیا۔ جمعرات دوپہر کو ہوئی بیٹھک میں نائب وزیر اعلیٰ نتن پٹیل اور احمدآباد میونسپلٹی کے سیئر حکام  بھی شامل تھے۔ اسی دن شام کو اس صورت حال کا ایک بار اور جائزہ لیا گیا۔ گپتا نے بعد میں ٹوئٹ کر کےکہا کہ سوموار (23 نومبر)صبح چھ بجے کرفیو پوری طرح سے ہٹائے جانے کے بعد سوموار رات سے ہی شہر میں غیر معینہ مدت کے لیے  رات کاکرفیو لگایا جائےگا۔

اس بیچ گجرات سرکار نے 23 نومبر سے اسکولوں اور کالجوں کو دوبارہ کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔وزیرتعلیم بھوپیندر سنگھ چوڑاسما نے کہا، ‘ہم نے فی الحال 23 نومبر سے اسکول اور کالج دوبارہ کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔’

احمدآباد میں جمعرات  صبح تک کورونا کے کل 2845 معاملے تھے۔ ان میں سے اکثر معاملے شہر کے مغربی  حصہ سے تھے۔ سب سے زیادہ  معاملے شمال مغربی خطے میں 377، اس کے بعد جنوب مغربی خطے میں 352، مغربی زون میں 446 اور وسطی خطے میں 274 رہے۔

ایڈیشنل چیف سکریٹری  گپتا نے ویڈیو پیغام  میں کہا کہ تہوارکےسیزن کے دوران بازاروں اور عوامی مقامات پر بھیڑ بڑھنے سے معاملے بڑھے ہیں۔

یہ بھی فیصلہ لیا گیا کہ احمدآباد کے سرکاری اور پرائیویٹ اسپتالوں میں موجودہ صلاحیت کے مقابلے1300اور کووڈ بیڈ کا انتظام کرنے کا فیصلہ لیا گیا ہے، جس کے بعد شہر کے کووڈ کیئر میں بیڈ کی کل تعداد بڑھ کر 8800 ہو جائےگی۔ ان میں سے سرکاری اسپتالوں کو اضافی 900 اور پرائیویٹ  اسپتالوں کو 400 بیڈ ملیں گے۔