خبریں

گجرات کے نائب وزیر اعلیٰ نے کہا-کسانوں کے مظاہرہ کو ملک مخالف، دہشت گرد، خالصتانی اور ماؤنوازوں کی حمایت

گجرات کے نائب وزیر اعلیٰ نتن پٹیل نے کہا ہے کہ اگر 50000ملک مخالف لوگ ایک ساتھ آکر آرٹیکل 370 کورد کرنے والے قانون کو رد کرنے کی مانگ کرتے ہیں تو کیا ہمیں پارلیامنٹ سے پاس اس ایکٹ  کورد کرنا ہوگا؟ اگر 50000 لوگ مانگ کرتے ہیں تو کیا ہم کشمیر کو پاکستان کو دے دیں گے؟

گجرات کے نائب وزیر اعلیٰ نتن پٹیل۔ (فوٹو: اےاین آئی)

گجرات کے نائب وزیر اعلیٰ نتن پٹیل۔ (فوٹو: اےاین آئی)

نئی دہلی: مرکزی حکومت کے تین نئے متنازعہ زرعی قوانین کی مخالفت میں گزشتہ26 نومبر سے دہلی کی سرحدوں پرمظاہرہ کر رہے کسانوں کی تحریک  کو گجرات کے نائب وزیر اعلیٰ نتن پٹیل نے خالصتانیوں اور دہشت گردوں  کی حمایت بتایا ہے۔

انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق، پٹیل نے کہا کہ اب کسانوں کا مظاہرہ کسانوں کا نہیں رہا۔ اس کو ملک مخالف عناصروں ، دہشت گردوں ، خالصتانیوں، ماؤنوازوں اور چین حامی  لوگوں کی حمایت ہے۔

گجرات کے پنچ محل ضلع میں کسان کانفرنس کو خطاب کرتے ہوئے نتن پٹیل نے کہا، ‘بات چیت سے کوئی بھی مقصد حاصل کیا جا سکتا ہے، لیکن بنا کسی چرچہ کے قانون کو رد کرنے کا اڑیل رخ اختیار کیا گیا ہے۔ ہم سب جمہوریت میں ہیں۔ ایک قانون جسے اکثریت  کے ساتھ پاس کیا گیا اور جس کوصدر نے منظوری دی۔ ایسے میں لوک سبھا اور راجیہ سبھا کی کیا ضرورت ہے؟’

بتا دیں کہ یہ کسان کانفرنس نئے زرعی قوانین کے خلاف کسانوں کے مظاہرے کے بیچ کسانوں تک پہنچنے کی بی جے پی کی کوششوں  کا حصہ ہے۔

انہوں نے کہا، ‘اگر 130 کروڑ لوگوں میں سے 50 ہزار لوگ کسی قانون کو رد کرانے کے لیے سڑکوں پر آئیں گے تو کل دوسرے لوگ بھی آئیں گے اور سی اے اےکو رد کرنے کی مانگ کریں گے۔ ملک مخالف عناصر ایک ساتھ آئیں گے، کشمیر سے دہشت گرد اور پاکستان حامی  لوگ پاکستان کی شہ پر متحد ہوں گے۔’

نائب وزیر اعلیٰ نے مزید کہا، ‘اگر 50000 ملک مخالف لوگ ایک ساتھ آتے ہیں اور آرٹیکل 370 کو رد کرنے والے قانون کو رد کرنے کی مانگ کرتے ہیں تو کیا ہمیں پارلیامنٹ سے پاس اس ایکٹ کو رد کرنا ہوگا؟ اگر 50000 لوگ مانگ کرتے ہیں تو کیا ہم کشمیر کو پاکستان کو دے دیں گے؟ اگر 50000 کمیونسٹ ایک ساتھ آکر لداخ، چین کو سونپنے کو کہتے ہیں تو کیا ہمیں ایسا کرنا پڑےگا۔’

پٹیل نے کہا، ‘میں نوجوانوں کو بتانا چاہتا ہوں کہ جب ہندوستان  اور چین کے بیچ پہلی جنگ ہوئی تھی، تب یہ کمیونسٹ جو کسان مظاہرے میں ہسیا اور ہتھوڑے کے نشان والے جھنڈے لیے شامل ہیں، نے چین کی  حمایت کی تھی۔ یہ خالصتانی پنجاب کو ہندوستان  سے الگ کرنا چاہتے ہیں۔’

انہوں نے کہا، ‘کسانوں کے نام پر ملک مخالف عناصر، دہشت گرد،خالصتانی، کمیونسٹ اور چین حامی  لوگ مظاہرے میں گھس آئے ہیں۔ ہم انہیں پیزا، پکوڑی کھاتے دیکھ سکتے ہیں۔ یہ سب مفت میں آ رہا ہے۔ ملک مخالف عناصر انہیں وہاں بنے رہنے کے لیے لاکھوں روپے دے رہے ہیں۔’