خبریں

عالمی خوشحالی رپورٹ: 149ممالک کی فہرست میں فن لینڈ ٹاپ پر، ہندوستان 139ویں پائیدان پر

اقوام متحدہ کی  عالمی خوشحالی رپورٹ 2021 میں لگاتار چوتھے سال فن لینڈ کو دنیا کا سب سے خوشحال ملک  مانا گیا ہے۔ اس سال کی رپورٹ میں کووڈ 19 اور لوگوں پر پڑنے والے اس کے اثرات  پر توجہ مرکوزکی گئی ہے۔سال 2019 میں ہندوستان  140ویں پائیدان پر تھا۔

(فوٹو: رائٹرس)

(فوٹو: رائٹرس)

نئی دہلی: اقوام متحدہ کی جانب سےجمعہ کو جاری عالمی خوشحالی رپورٹ2021 میں ہندوستان  کو 149ممالک  کی فہرست  میں 139واں مقام  ملا ہے، جبکہ فن لینڈ ٹاپ پر ہے۔یہ رپورٹ اقوام متحدہ کے ایک ادارے ایس ڈی ایس این کی جانب سے جاری کی گئی ہے اور اس میں کووڈ 19اور لوگوں پر پڑنے والے اس کے اثرات  پرتوجہ مرکوز کی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق، ہندوستان  کو عالمی  خوشحالی انڈیکس  میں139واں مقام  ملا ہے جبکہ سال  2019 میں ہندوستان  140ویں پائیدان پر تھا۔بیان میں کہاگیا ہے کہ ، ‘ہندوستان سےنمونے لینے کے لیے لوگوں سے آمنے سامنے اور فون پر بات کی گئی۔ حالانکہ فون کے مقابلے آمنے سامنے بیٹھ کر جواب دینے والوں کی تعداد کم تھی۔’

فن لینڈ دنیا کے خوشحال ممالک  کی فہرست  میں سب سے اوپر ہے۔ یہ لگاتار چوتھا سال ہے جب یہ ملک ٹاپ پر ہے۔ اس کے بعد آئس لینڈ، ڈنمارک، سوئٹزرلینڈ، نیدرلینڈ، سویڈن، جرمنی اور ناروے کا نمبر ہے۔رپورٹ کے مطابق انڈیکس  میں پاکستان 105ویں پائیدان پر ہے جبکہ بنگلہ دیش اور چین بالترتیب101ویں اور 84ویں مقام  پر ہیں۔

مسلسل جنگ کی حالت میں رہنے والے افغانستان کے لوگ اپنی زندگی سے سب سے زیادہ غمزدہ ہیں۔ اس کے بعد زمبابوے (148ویں)، روانڈا (147ویں)، بوتسوانا (146) اور لیسوتھو کا (145واں)مقام  ہے۔ اس انڈیکس  میں امریکہ کو 19واں مقام  ملا ہے۔

انڈین ایکسپریس کی رپورٹ  کے مطابق ،ہندوستان  کو عالمی  خوشحالی رپورٹ میں 139واں مقام  کورونا وائرس کی وجہ سے تھوڑا الگ طریقے سے ملا ہے۔اقوام متحدہ کے ادارے ایس ڈی ایس این کی جانب سے جاری سالانہ  رپورٹ تین اہم اشارے زندگی کا تجزیہ ،مثبت جذبات  اور منفی جذبات  پر بھروسہ کرکے شخصی بہبود کی پیمائش کی  گئی  ہے۔

رپورٹ کو جی ڈی پی، سماجی تعاون ، شخصی آزادی  اور ہر ملک میں بدعنوانی کی سطح  جیسےعوامل  کو دھیان میں رکھتے ہوئے خوشی کی سطح  کا تجزیہ  کیا جاتا ہے۔ لیکن اس سال مصنفین  کے سامنے رپورٹ تیار کرنے میں ایک نیا چیلنج  درپیش تھا دنیا بھر کے ممالک میں چل رہے کووڈ 19اور اس کےتباہ کن اثرات ۔

مصنف  جیفری سیس نے کہا، ‘وبا ہمیں عالمی ماحولیات کے خطرات، تعاون کی اشد ضرورت اور ہر ملک اورعالمی سطح  پر تعاون حاصل کرنے کی مشکلات کی یاد دلاتی ہے۔ عالمی  خوشحالی رپورٹ 2021 ہمیں یاد دلاتی ہے کہ ہمیں صرف پیسہ  کے بجائے بھلائی کے لیےہدف  رکھنا چاہیے۔ اگرہم پائیدار ترقی  کے چیلنجز کا سامنا کرنے کے لیے بہتر کام نہیں کرتے ہیں تو یہ قلیل مدتی  ہوگا۔’

معلوم ہو کہ سال 2020 کےعالمی  خوشحالی رپورٹ میں ہندوستان144ویں مقام  پر رہا تھا، جو 2019 کے مقابلے چار پائیدان  نیچے تھا۔ پچھلے سال اس معاملے میں ہندوستان  اپنے پڑوسی ممالک نیپال (15)، پاکستان (29)،بنگلہ دیش (107) اور سری لنکا (130) سے بھی پیچھے رہ گیا تھا۔

سال 2019 کی خوشحالی رپورٹ میں بھی ہندوستان  کو پاکستان اور بنگلہ دیش سمیت اپنے دیگر پڑوسی ممالک  سے بھی نیچےجگہ  ملی  تھی۔

(خبررساں  ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)