خبریں

چلتی ٹرین میں رات کے وقت الکٹرانک ڈیوائس کی چارجنگ پر پابندی: ریلوے

انڈین  ریلوے نے آگ لگنے کے واقعات کو روکنے کے لیے احتیاطی قدم کے طور پر رات 11 بجے سے صبح 5 بجے کے بیچ ٹرین کے اندر موبائل چار جنگ پورٹ بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

(علامتی تصویر، فوٹو: پی ٹی آئی)

(علامتی تصویر، فوٹو: پی ٹی آئی)

نئی دہلی:انڈین ریلوے نے آگ زنی کےواقعات کو روکنے کے لیے احتیاطی قدم کے طور پر مسافروں  کو رات 11 بجے سے صبح 5 بجے کے بیچ ٹرین کے اندر موبائل چار جنگ پورٹ کا استعمال نہیں کرنے دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ جانکاری سینئر حکام  نے منگل کو دی۔

ویسٹرن  ریلوے نے 16 مارچ کو اس دورانیہ میں  ان چار جنگ پورٹ کی بجلی فراہمی کو بند کرنا شروع کر دیا تھا۔ویسٹرن  ریلوے کے تعلقات عامہ کے افسر(سی پی آراو)سمت ٹھاکر نے بتایا،‘یہ ریلوے بورڈ کی تمام  ریلوے کے لیے ہدایت  ہے۔ ہم نے اسے 16 مارچ سے لاگو کرنا شروع کر دیا ہے۔’

ساؤتھ ریلوے کے سی پی آراو بی گگن سین نے بتایا کہ یہ ہدایت  نئے نہیں ہیں بلکہ اس کے ذریعے ریلوے بورڈ کے سابقہ احکامات  کو دہرایا گیا ہے۔سال 2014 میں بنگلور حضور صاحب ناندیڑ ایکسپریس میں آگ لگنے کے واقعہ کے فوراً بعد ریلوےسیفٹی کمشنر نے سفارش کی تھی کہ رات 11 بجے سے صبح 5 بجے کے بیچ چار جنگ پورٹ کو بند کر دیا جائے۔ ریلوے بورڈ نے آخرکار تمام  ریل زون کو اس طرح کے ہدایت  جاری کیے۔

گگن سین نے کہا، ‘آگ لگنے کے حالیہ واقعات کے مد نظر ہم نے کئی قدم اٹھائے ہیں۔ یہ ایک احتیاطی قدم ہے اور اس سے پہلے بھی ریلوے بورڈ نے اس طرح کے آرڈر جاری کیے تھے۔ ان نکات کے لیےمین سوئچ بورڈ سے بجلی 11 بجے سے 5 بجے تک بند کر دی جائےگی۔’

خبررساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق، یہ قدم حال ہی میں کچھ ٹرینوں میں آگ لگنے کے واقعات کے بعد آیا ہے۔ ریلوے حکام  کے مطابق، چار جنگ پورٹ کے استعمال  پر پابندی لگانے کا فیصلہ احتیاط کے طور پر لیا گیا تھا۔آگ پر ایک رپورٹ میں حکام  نے مشورہ  دیا کہ موبائل فون اور دیگر الکٹرانک آلات کو چارج کرنے کے لیے استعمال کیے جانے والے پورٹ کو رات میں بند کر دیا جانا چاہیے۔

حکام نے کہا کہ لمبی دوری کی ٹرینوں میں آگ لگنے کے کئی چھوٹے واقعات  الکٹرانک آلات کی اوورچارجنگ کی وجہ سے ہوئیں۔حال ہی میں دہرادون جانے والی شتابدی ایکسپریس کے ایک کوچ میں 13 مارچ کو شارٹ سرکٹ کے ایک مشکوک  معاملے میں آگ لگ گئی تھی۔ چھ دن بعد رانچی اسٹیشن پر ایک کھڑی  مال گاڑی کے انجن میں آگ لگ گئی۔

ریلوے نے تمباکونوشی اور آگ پکڑنے والی چیزوں کو لے جانے کے خلاف کئی پہل کا بھی اعلان  کیا ہےجو کہ حال ہی میں آن بورڈ ٹرینوں میں آگ لگنے کی وجہ  تھے۔انڈین  ریلوے نےزونل ریلوے کو ہدایت دی ہے کہ آگ زنی کے واقعات  کے خلاف احتیاط  کے بارے میں ریلوے ملازمین  سمیت تمام شیئر ہولڈرس کوتربیت دینے کے لیے سات دنوں کی بیداری مہم  شروع کی جائے۔

 (خبررساں  ایجنسی بھاشاکے ان پٹ کے ساتھ)