خبریں

بہار: میڈیکل افسر نے اسپتال میں آکسیجن کی کمی کی وجہ سے استعفیٰ کی پیشکش کی

بہار کی راجدھانی پٹنہ واقع نالندہ میڈیکل کالج اسپتال کا معاملہ۔ آر جے ڈی رہنما تیجسوی یادو نے اسپتال کے سپرنٹنڈنٹ  کا خط ٹوئٹر پر شیئرکرکے نتیش سرکارکو نشانہ بناتے ہوئے صوبے میں کووڈ 19 کے خلاف بنیادی سہولیات کے فقدان پرتشویش کا اظہار کیا ہے۔

(علامتی تصویر، فوٹو: پی ٹی آئی)

(علامتی تصویر، فوٹو: پی ٹی آئی)

نئی دہلی: کورونا وائرس انفیکشن  کی مہلک ہوتی دوسری لہر کے بیچ مختلف  ریاستوں میں آکسیجن کی مانگ بڑھ گئی ہے۔ کووڈ 19 سے شدید طور پر متاثر مریضوں کو آکسیجن پر رکھا جا رہا ہے۔ آکسیجن کی کمی کی وجہ سے تمام ریاستوں  سے ناخوشگوار خبریں بھی مل رہی ہیں۔

بہار کی راجدھانی پٹنہ واقع نالندہ میڈیکل کالج اسپتال کے سپرنٹنڈنٹ ونود کمار سنگھ نے سنیچر کو آکسیجن کی کمی کا معاملہ اٹھاتے ہوئے محکمہ صحت کے چیف سکریٹری  کو خط لکھا ہے اور اپنے استعفیٰ کی پیشکش کر دی ہے۔

خط میں انہوں نے کہا کہ آکسیجن کی کمی کی وجہ سے اگر کسی مریض کی موت ہوتی ہے تو اس کا الزام  ان کے اوپر آئےگا، لہٰذا وہ عہدے پر بنے نہیں رہنا چاہتے ہیں۔

خط میں انہوں نے کہا ہے کہ پچھلے کچھ دنوں سے انتظامیہ  کےذریعےنالندہ میڈیکل کالج اسپتال کے آکسیجن اسٹاک  پرکنٹرول  کر لیا گیا ہے اور یہاں کے اسٹاک کودیگر اسپتالوں میں بھیجا جا رہا ہے، جس کی وجہ سے نالندہ میڈیکل کالج اسپتال میں آکسیجن کی کمی ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا ہے، ‘میری کافی کوشش کے باوجود آکسیجن کی فراہمی  میں رکاوٹ  آ رہی ہے، جس سے درجنوں مریضوں کی جان جانے کااندیشہ  بنا رہتا ہے۔ مجھے اندیشہ ہے کہ آکسیجن کی کمی سے مریضوں کی موت کے بعد اس کی ذمہ داری میرے اوپر ڈال کر کارروائی کی جائےگی۔’

ان کے خط کی ایک کاپی بہار میں اپوزیشن کے رہنما تیجسوی یادو نےشیئر کی ہے۔ انہوں نے خط کے ساتھ نتیش سرکار کو نشانہ بناتے ہوئے صوبے میں کووڈ 19 کے خلاف بنیادی سہولیات کے فقدان پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

تیجسوی یادو نے ٹوئٹ کر کےکہا ہے، ‘یہ ہے نتیش کمار کا نقلی  وکاس۔ نالندہ میڈیکل کالج اسپتال، پٹنہ کے سپرنٹنڈنٹ نے آکسیجن کمی کو لےکر اپنے عہدہ سے استعفیٰ دینے کی گزارش کی ہے۔ آپ بس حالات  کا اندازہ لگایئے۔ 16سالوں  کے وزیر اعلیٰ  سے سوال جواب کرنا منع ہے۔ وہ 16 کیا؟ 1600 سال وزیر اعلیٰ  رہیں گے، تب بھی اپنی غلطی نہیں مانیں گے۔’

این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق یہ معاملہ بہار سرکارکے ذریعے دو اسپتالوں کو پوری طرح سے کووڈ اسپتال قراردیے جانے کے  بعد سامنے آیاہے۔ بہار سرکار نے پٹنہ واقع  نالندہ میڈیکل کالج اسپتال اور گیا کے انوگرہ ا نارائن اسپتال کو پوری طرح کووڈ اسپتال اعلان کر دیا ہے۔ جمعرات  کو صوبے کے وزیر صحت منگل پانڈے نے اس کا اعلان  کیا تھا۔