پنجاب کے امرتسر واقع نیل کنٹھ اسپتال نے دعویٰ کیا کہ اس کے تین اہم آکسیجن سپلائرز نے کہا کہ سپلائی کے معاملے میں سرکاری اسپتالوں کو ترجیح دی جا رہی ہے۔اس نے کہا کہ ضلع انتظامیہ سے باربار مدد کی اپیل کرنے کے باوجود کسی نے مدد نہیں کی۔دو خواتین سمیت چھ مریضوں کی موت آکسیجن کی کمی سے ہوئی ہے۔
نئی دہلی: پنجاب کے امرتسر واقع ایک اسپتال میں سنیچر کو آکسیجن کی کمی سے چھ مریضوں کی موت ہو گئی۔ اسپتال کے حکام نے یہ جانکاری دی۔ انہوں نے بتایا کہ مہلوکین میں سے پانچ کورونا وائرس سے متاثر تھے۔نیل کنٹھ اسپتال کے سربراہ اور منیجنگ ڈائریکٹر سنیل دیوگن نے کہا، ‘ضلع انتظامیہ سے باربار مدد کی درخواست کرنے کے باوجود کسی نے مدد نہیں کی۔’
انہوں نے کہا، ‘دو خواتین سمیت چھ مریضوں کی موت آکسیجن کی کمی سے ہوئی ہے۔’دیوگن نے بتایا کہ مریضوں کی موت ہونے کے بعد آکسیجن کے پانچ سلینڈر پہنچائے گئے۔اسپتال کے ہیڈنے دعویٰ کیا کہ اس کے تین اہم آکسیجن سپلائرز نے کہا کہ سپلائی کے معاملے میں سرکاری اسپتالوں کو ترجیح دی جا رہی ہے۔
دیوگن نے الزام لگایا کہ نجی اسپتالوں کو آکسیجن کی سپلائی روکنے کے لیے آکسیجن پلانٹ کے باہر پولیس فورسزکی بھاری تعیناتی کی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ جن چھ مریضوں کی موت سنیچر کو ہوئی، ان میں سے دو مریض گرداس پور ضلع کے اور ایک مریض ترن تارن کا تھا جبکہ باقی تین مریض امرتسر کے ہی تھے۔
بارباررابطہ کرنے کے باوجودضلع انتظامیہ کا کوئی بھی افسر معاملے پر تبصرہ کرنے کے لیےنہیں ملا۔انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق، پنجاب کے وزیرصحت بل بیر سدھو نے کہا، ہم معاملے کی جانچ کریں گے اور ضروری کارروائی کریں گے۔
بتا دیں کہ اس سے پہلے دہلی اور مدھیہ پردیش کے الگ الگ اسپتالوں میں آکسیجن کی کمی سے تقریباً100 مریضوں کی موت ہو چکی ہے۔جمعہ کو دہلی کے روہنی واقع جئے پور گولڈن اسپتال میں 20کووڈ 19 مریضوں کی رات بھر میں موت ہو گئی۔
بتا دیں کہ اس سے پہلے جمعرات کو دہلی کے سر گنگا رام اسپتال میں25مریضوں کی موت ہو گئی۔اس کے لیے ممکنہ وجہ آکسیجن کی کمی کو بتایا گیا تھا۔وہیں اسی دن مدھیہ پردیش کے جبل پور کے گلیکسی اسپتال میں مبینہ طور پر آکسیجن ختم ہونے سے پانچ کورونامتاثرین کی موت ہو گئی۔
گزشتہ 18 اپریل کو مدھیہ پردیش کے شہڈول میڈیکل کالج کے آئی سی یو وارڈ میں مبینہ طور پر آکسیجن سپلائی کی کمی کی وجہ سے 12 کورونا مریضوں کی موت ہو گئی تھی۔
وہیں،21 اپریل کی رات اتر پردیش کے علی گڑھ ضلع کے ایک نجی ایس جےڈی ہاسپٹل میں مبینہ طور پر آکسیجن کی کمی کی وجہ سے کورونا کے پانچ مریضوں کی موت ہو گئی۔ حالانکہ اسپتال انتظامیہ نے آکسیجن کی کمی سے موت ہونے کی بات سے انکار کیا ہے۔
اس کے علاوہ مہاراشٹر کے ناسک میں کووڈ 19کے مریض کے ایک سرکاری اسپتال میں بدھ کو اسٹوریج پلانٹ سے آکسیجن لیک کے بعد اس گیس کی سپلائی متاثر ہونے سے کم از کم 22 کووڈ 19 مریضوں کی موت ہو گئی تھی۔
(خبررساں ایجنسی بھاشاکے ان پٹ کے ساتھ)
Categories: خبریں