ساوتری بائی پھولے پونے یونیورسٹی میں پولیٹیکل سائنس کی پروفیسر59 سالہ شانتی سری پنڈت کو پانچ سال کے لیے جے این یو کا وائس چانسلرمقررکیا گیا ہے۔ پنڈت جے این یو کی اسٹوڈنٹ رہی ہیں، یہاں سے انہوں نے ایم فل کے ساتھ ساتھ انٹرنیشنل ریلیشنز میں پی ایچ ڈی کی ہے۔
نئی دہلی: شانتی سری دھولی پڑی پنڈت جواہر لال نہرو یونیورسٹی (جے این یو) کی پہلی خاتون وائس چانسلر ہوں گی، وزارت تعلیم نے سوموار کو اس اعلیٰ عہدے پر ان کی تقرری کی ہے۔
پنڈت اس وقت ساوتری بائی پھولے پونے یونیورسٹی، مہاراشٹر کےشعبہ سیاسیات اور پبلک ایڈمنسٹریشن میں پولیٹیکل سائنس کی پروفیسر ہیں۔ وہ 1992 سے یہاں پڑھارہی تھیں۔
پونےیونیورسٹی میں سیاسیات کی پروفیسر اور ایم فل اور پی ایچ ڈی گائیڈ کے طور پر کام کرنے کے علاوہ، وہ یونیورسٹی کے شعبہ ابلاغیات میں ماس میڈیا آڈینس، میڈیا ریسرچ، پولیٹکس اور کمیونی کیشن جیسے پپپربھی پڑھاتی ہیں۔
بتادیں کہ 59 سالہ پنڈت جے این یو کی اسٹوڈنٹ رہی ہیں،انہوں نے یہاں سے ایم فل کے ساتھ ساتھ انٹرنیشنل ریلیشنز میں پی ایچ ڈی کی ہے۔
وزارت تعلیم کے ایک سینئرعہدیدارنے کہا، صدر اور یونیورسٹی کے ‘وزیٹر’رام ناتھ کووند نے شانتی سری پنڈت کو جے این یو کے وائس چانسلرکے طور پر تقرری کی منظوری دے دی ہے۔ ان کی تقرری پانچ سال کےلیے ہے۔
پنڈت نے اپنا تدریسی کیریئر 1988 میں گوا یونیورسٹی سے شروع کیا اور 1993 میں پونے یونیورسٹی چلی گئیں۔ وہ مختلف تعلیمی اداروں میں انتظامی عہدوں پر فائز رہی ہیں۔
انہیں یونیورسٹی گرانٹس کمیشن (یو جی سی)، انڈین کونسل آف سوشل سائنس ریسرچ (آئی سی ایس ایس آر) کی رکن اور مرکزی یونیورسٹیوں کی وزیٹر کےطور پر بھی نامزد رہی ہیں۔
اپنے کیرئیر میں انہوں نے 29 ریسرچ اسکالرز کوگائیڈ کیا ہے۔
انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق، پنڈت ساوتری بائی پھولے پونے یونیورسٹی میں مینجمنٹ کونسل اور سینیٹ کا حصہ بھی رہ چکی ہیں۔ انہوں نے متعدد قومی اور بین الاقوامی تھنک ٹینکس کے ساتھ ساتھ حکومت کی طرف سے مقررکردہ کمیٹیوں جیسے کہ یونیورسٹی گرانٹس کمیشن (یو جی سی) پینل برائے اعلیٰ تعلیم کے 11ویں گرانٹس پلان کے رکن کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔ وہ منصوبہ بندی اور مرکزی وزارت برائے امور نوجوانان اور وزارت کھیل کی مشاورتی کمیٹیوں کا بھی حصہ رہی ہیں۔
وہ 1995 سےایشیا پیسفک اورہندوستان کے سیکورٹی تصورات پر ملٹری انٹلی جنس ٹریننگ اسکول، پونے سے وابستہ رہی ہیں۔ پنڈت نے پولیٹیکل سائنس اور خارجہ پالیسی پر معروف جرائد میں 170 سے زیادہ تحقیقی مقالے اور تین کتابیں لکھی ہیں۔
گزشتہ سال ایم جگدیش کمار جے این یو کے وائس چانسلر کے طور پر اپنی پانچ سالہ میعاد کی تکمیل کے بعد سے قائم مقام وائس چانسلر کے طور پر ذمہ داریاں نبھا رہے تھے۔ کمار کو اب یونیورسٹی گرانٹس کمیشن (یو جی سی) کا چیئرمین بنایا گیا ہے۔
کمار نے ایک بیان میں کہا، مجھے آپ کو یہ بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ ساوتری بائی پھولے پونے یونیورسٹی کی شانتی سری پنڈت کو جے این یو کا اگلا وائس چانسلر مقرر کیا گیا ہے۔وہ جے این یو کی پہلی خاتون وائس چانسلر ہیں۔ انہیں دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ میں آج ان کو چارج سونپ رہا ہوں اور ان کے نئے رول میں کامیابی کی خواہش کرتا ہوں۔
(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)
Categories: خبریں