اتر پردیش کےگونڈہ ضلع میں وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ ایک انتخابی ریلی سے خطاب کر رہے تھے، جب فوج میں ملازمت کے خواہشمندمشتعل نوجوانوں نے نعرے بازی کی ۔ راجناتھ سنگھ نے نوجوانوں کو تسلی دیتے ہوئے بحالی کی یقین دہانی کرائی اور پھر ان سے بھارت ماتا کی جئے کا نعرہ لگانے کی اپیل کی۔
نئی دہلی: اتر پردیش کے گونڈہ ضلع میں ایک انتخابی ریلی میں وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کواپنے خطاب کے دوران فوج میں ملازمت کے خواہشمند مشتعل نوجوانوں کی نعرے بازی کا سامنا کرنا پڑا۔
اس کے بعد اسٹیج پر موجود وزیر دفاع نے اس کے بارے میں پوچھ گچھ کی اور یقین دہانی کرائی کی بحالی ہوگی۔ ریلی میں ‘سینابھرتی چلو کرو’ اور ‘ہماری مانگیں پوری کرو’ جیسے نعرے لگائے جارہے تھے۔
این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق، اس کے بعد راج ناتھ سنگھ نے ‘ہوگی… ہوگی…’، ‘فکر مت کرو…’ کہہ کر احتجاج کرنے والے نوجوانوں کو بحالی کی یقین دہانی کرائی ۔
انہوں نے سمجھاتےہوئے کہا، آپ کی تشویش ہماری بھی تشویش ہے۔ کورونا وائرس کی وجہ سے کچھ پریشانیاں تھیں۔
اس کے بعد راج ناتھ سنگھ کی اپیل پر تمام لوگوں نے ‘بھارت ماتا کی جئے’کے نعرے لگائے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ، اگر وہ یوپی میں دوبارہ اقتدار میں آتے ہیں تو بی جے پی حکومت ہر سال ہولی اور دیوالی کے موقع پر مفت ایل پی جی گیس سلنڈر فراہم کرے گی۔
گزشتہ ہفتے اتر پردیش کے لیےاپنا منشور جاری کرنے والی بی جے پی نے ریاست میں ہر خاندان کےکم از کم ایک فرد کو ملازمت یاان کو اپنا روزگار شروع کرنےکے مواقع فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق، اس سے قبل وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے ٹوئٹ کیا تھا کہ ان کی حکومت نے گزشتہ پانچ سالوں میں سرکاری اور نجی شعبے میں کروڑوں نوکریاں اور سیلف امپلائمنٹ کے مواقع فراہم کیے ہیں۔
تاہم اس دعوے کی شدید مخالفت کی گئی ہے۔ خصوصی طور پر ریاست کے کوچنگ ہب الہ آباد میں،جہاں پولیس نے گزشتہ ماہ ریلوے امتحانات میں بے قاعدگیوں کے خلاف احتجاج کرنے والے طلبا پر حملہ کیا تھا۔
وہیں،یوپی میں بی جے پی کے حریف اکھلیش یادو نے اقتدار میں آنے پر لاکھوں نوکریوں اور موجودہ سرکاری ملازمتوں کو مستقل کرنے کا وعدہ کیا ہے۔
بی جے پی کے کئی حامیوں نے سوشل میڈیا پر دعویٰ کیا ہے کہ آزاد تھنک ٹینک سی ایم آئی ای کے اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ اکھلیش یادو کے دور حکومت میں یوپی کی بے روزگاری کی شرح 2017 میں 17.5 فیصد سے کم ہو کر 4.2 فیصد ہوگئی ہے۔
حالاں کہ،سی ایم آئی ای کےاعدادوشمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ اتر پردیش کی موجودہ بے روزگاری کی شرح 4.9 فیصد ہے، جبکہ بی جے پی کے اقتدار میں آنے سےٹھیک پہلے جنوری-اپریل 2017 کے درمیان 3.8 فیصد تھی۔
رپورٹ کے مطابق، نوجوانوں میں بے روزگاری کی شرح جنوری سے اپریل 2017 کے درمیان 7.9 فیصد سے بڑھ کر مارچ سے اگست 2021 کے درمیان 13.34 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔
سات مرحلوں میں ہونے والے انتخابات کے دو مراحل مکمل ہو چکے ہیں۔ ریاست کے 16 اضلاع کی 59 اسمبلی سیٹوں پر اتوار کو تیسرے مرحلے کی پولنگ جاری ہے۔
Categories: خبریں