کرناٹک اسمبلی انتخابات میں کانگریس کی کامیابی پر میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی لیڈر راہل گاندھی نے کہا کہ ہم نے نفرت سےاور غلط لفظوں سے یہ لڑائی نہیں لڑی۔ ہم نے محبت سے، پیار سے، دل کھول کر یہ لڑائی لڑی اور کرناٹک کے لوگوں نے ہمیں دکھایا کہ اس ملک کو محبت اچھی لگتی ہے۔
نئی دہلی: کرناٹک اسمبلی انتخابات کے نتائج تقریباً واضح ہو چکے ہیں۔ تمام 224 اسمبلی سیٹوں کے رجحانات آچکے ہیں، جن میں کانگریس اکثریتی پوزیشن میں نظر آرہی ہے۔ ریاست کی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے وزیر اعلیٰ بسواراج بومئی نے بھی اپنی شکست قبول کر لی ہے۔
اس دوران، کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے نئی دہلی میں میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کرناٹک کی عوام کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ کرناٹک کے لوگوں نے ہمیں دکھایا کہ اس ملک کو محبت اچھی لگتی ہے۔ کرناٹک میں نفرت کا بازار بند ہوا ہے، محبت کی دکانیں کھلی ہیں۔
کانگریس کے سابق صدر نے کہا، ‘سب سے پہلے میں کرناٹک کے لوگوں، کرناٹک میں کانگریس پارٹی کے تمام کارکنوں، تمام لیڈروں اورجو ہمارے تمام لیڈروں نے کرناٹک میں کام کیا، ان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔’
انہوں نے مزید کہا، ‘کرناٹک انتخابات میں ایک طرف کرونی کیپٹلسٹ(سرمایہ داروں) کی طاقت تھی، دوسری طرف غریب عوام کی شکتی تھی… اور شکتی نے طاقت کو ہرا دیا۔’
انہوں نے مزید کہا کہ اب یہ ہر ریاست میں ہوگا۔ انہوں نے کہا، ‘… اور یہی ہر ریاست میں ہوگا۔ کانگریس پارٹی کرناٹک میں غریبوں کے ساتھ کھڑی ہوئی، ہم غریبوں کے مسائل پر لڑے… اور مجھے سب سے اچھی بات یہ لگی کہ ہم نے نفرت سے، غلط لفظوں سے یہ لڑائی نہیں لڑی۔ ہم نےمحبت سے، پیار سے، دل کھول کریہ لڑائی لڑی اور کرناٹک کے لوگوں نے ہمیں دکھایا کہ اس ملک کو محبت اچھی لگتی ہے۔
LIVE: Media Interaction | New Delhi https://t.co/mflXxURASX
— Rahul Gandhi (@RahulGandhi) May 13, 2023
انہوں نے کہا، ‘کرناٹک میں نفرت کا بازار بند ہو گیا ہے، محبت کی دکانیں کھلی ہیں۔ یہ سب کی جیت ہے، سب سے پہلے یہ کرناٹک کے لوگوں کی جیت ہے۔
انہوں نے انتخابی مہم کے دوران کرناٹک کے عوام سے کیے گئے وعدوں کے بارے میں بھی یقین دلایا کہ انہیں کابینہ کی پہلی میٹنگ میں ہی پورا کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا، ‘ہم نے انتخابات میں کرناٹک کہ عوام سے، غریب عوام سے پانچ وعدے کیے تھے۔ میں نے اپنی تقریر میں کہا تھا، (ملیکاارجن) کھڑگے جی نے اپنی تقریر میں کہا تھا، تمام لیڈروں نے اپنی تقریر میں کہا تھا کہ ہمارے پاس پانچ وعدے ہیں۔ ہم یہ وعدے پہلے دن کابینہ کے پہلے اجلاس میں پورے کریں گے۔
بتادیں کہ کانگریس نے کرناٹک کی عوام سے جو پانچ وعدے کیے تھے، ان میں پرانی پنشن بحال کرنے، 200 یونٹ تک مفت بجلی دینے، 10 کلو اناج مفت دینے، بے روزگاری الاؤنس دینےگھر چلانے والی خواتین کی مالی مدد کی بات کہی گئی تھی۔
غورطلب ہے کہ کرناٹک اسمبلی کے تازہ ترین رجحانات میں کانگریس نے اب تک 68 سیٹوں پر کامیابی حاصل کی ہے، جب کہ وہ 68 پر آگے ہے اور اس طرح 113 کے اکثریتی اعداد و شمار کے مقابلے میں 136 سیٹیں حاصل کرتی دکھائی دے رہی ہے۔ وہیں بی جے پی کے کھاتے میں صرف 64 سیٹیں جاتی نظر آرہی ہیں۔ جنتا دل (سیکولر) بھی 20 سیٹوں پر سمٹتی دکھائی دے رہی ہیں۔
Categories: الیکشن نامہ