دہلی پولیس نے اتوار کو جنترمنتر پر بی جے پی کے رکن پارلیامنٹ اور ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا کے سربراہ برج بھوشن شرن سنگھ کے خلاف احتجاج کرنے والے پہلوانوں کے دھرنے کی جگہ کو خالی کرا دیا اور کہا کہ وہ انہیں وہاں واپس نہیں آنے دیں گے۔ اب پہلوانوں نے کہا ہے کہ وہ ملک کے لیے جیتے گئے تمام میڈل کوگنگا میں بہا دیں گے۔
نئی دہلی: بی جے پی کے رکن پارلیامنٹ اور ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا کے سربراہ برج بھوشن شرن سنگھ کے خلاف احتجاج کرنے والے پہلوانوں نے منگل کو کہا کہ وہ ہندوستان کے لیے جیتے گئے تمام تمغے گنگا میں پھینک دیں گے اور انڈیا گیٹ پر غیر معینہ بھوک ہڑتال کریں گے۔
اتوار (28 مئی) کو ان کے ساتھ جو کچھ ہوا اس پر پہلوانوں کا یہ ردعمل ہے۔بتادیں کہ اتوار کو پولیس نے مظاہرین کو زدوکوب کیا تھا اور انہیں کئی گھنٹے تک حراست میں رکھا تھا۔
ایک ماہ سے زیادہ عرصے سے پہلوان اور ان کے حامی جنتر منتر پر برج بھوشن کی گرفتاری اور ان کے خلاف الزامات کی منصفانہ جانچ کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاج کر رہے ہیں۔ اتوار کو، جب پہلوانوں اور ان کے حامیوں کو حراست میں لیا جا رہا تھا، اسی وقت دہلی پولیس نے جنتر منتر پرتوڑ پھوڑ کی، اور مظاہرین کے ٹینٹ، گدے، واٹر کولر وغیرہ بھی ہٹا دیے۔
دریں اثنا، جس شخص پر انہوں نے جنسی ہراسانی کا الزام لگایا ہے، وہ وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ پارلیامنٹ کی نئی عمارت کی افتتاحی تقریب میں موجود تھا۔
قابل ذکر ہے کہ پولیس نے جنترمنتر پر پہلوانوں کے دھرنے کی جگہ کو خالی کراتے ہوئے کہا تھا کہ وہ پہلوانوں کو وہاں واپس نہیں جانے دیں گے۔
تاہم، پولیس نے سنگھ کے خلاف درج دو ایف آئی آر میں ابھی تک کوئی کارروائی نہیں کی ہے، جس میں ایک پاکسو ایکٹ کے تحت معاملہ بھی شامل ہے۔وہیں، حکام کی طرف سے بغیر کسی تاخیر کے اتوار کو احتجاج کرنے والے پہلوانوں کے خلاف فساد برپا کرنے کےمعاملے درج کیے گئے ہیں۔
منگل کو بجرنگ پونیا، وینیش پھوگاٹ اور ساکشی ملک نے ٹوئٹر پر شیئر کیے گئے ایک بیان میں کہا، پولیس اور حکومت ہمارے ساتھ مجرموں جیسا سلوک کر رہی ہے۔
— Vinesh Phogat (@Phogat_Vinesh) May 30, 2023
انھوں نے لکھا کہ انھوں نے تمغے واپس نہیں کیے،’کیونکہ وہ کس کو واپس کریں گے؟ صدر، جو خود ایک خاتون ہیں، بہ مشکل دو کلومیٹر دور بیٹھ کر (اتوار کو) دیکھتی رہیں۔ انہوں نے کچھ نہیں کہا۔
اپنے بیان میں پہلوانوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ وزیراعظم نے ان سے کوئی سروکار ظاہر نہیں کیا۔ بلکہ انہوں نے برج بھوشن سنگھ کو پارلیامنٹ کی نئی عمارت کا افتتاح کرنے کی دعوت دی۔ انہوں نے چمکدار سفید کپڑوں میں تصویریں بھی بنوائیں۔ ‘یہ چمک ہمیں چبھ رہی ہے۔’
بیان میں پہلوانوں نے مزید کہا، اس لیےمنگل کی شام 6 بجے وہ ہری دوار جاکر اپنےمیڈل گنگا میں بہا دیں گے۔یہ تمغے ہماری جان ، ہماری روح ہیں۔ آج گنگا میں انہیں پھینکنے کے بعد جینے کی کوئی وجہ نہیں رہے گی۔ اس لیے ہم اس کے بعد انڈیا گیٹ پرغیر معینہ بھوک ہڑتال کریں گے۔ انڈیا گیٹ وہ جگہ ہے جہاں ہم ان شہیدوں کو یاد کرتے ہیں جنہوں نے ملک کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔ ہم ان کی طرح مقدس نہیں ہیں، لیکن جب ہم انٹرنیشنل اسٹیج پر کھیلے تو ہمارا جذبہ فوجیوں جیسا تھا۔
اتوار کو کئی اپوزیشن لیڈروں اور کچھ کھلاڑیوں نے دہلی پولیس کی کارروائی پر غصہ اور تشویش کا اظہار کیا تھا۔
Categories: خبریں