خبریں

کرناٹک:شہری بلدیاتی انتخابات میں کانگریس آگے، وجئے  ریلی پر ایسڈ اٹیک

ریاست کے تمکور شہر میں کانگریس امیدوار عنایت اللہ کی جیت کی ریلی کے دوران ہوئے ایسڈ اٹیک میں  8 کارکن  زخمی ہو گئے  ہیں۔

acid

نئی دہلی: کرناٹک میں میونسپل کارپوریشن کے ووٹوں کی گنتی چل رہی ہے۔ کانگریس ایک نمبر پر ہے تو بی جے پی دوسرے نمبر پر ہے۔ جیت درج کرنے والے رہنما ریلیاں نکال رہے ہیں۔ خبر رساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق؛ تمکور میں کانگریس امیدوار عنایت اللہ کی جیت کی ریلی کے دوران ہوئے ایسڈ اٹیک میں  8 کارکن  زخمی ہو گئے  ہیں۔ زخمی لوگوں کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے جہاں ان کا علاج چل رہا ہے۔ ابھی تک یہ واضح نہیں ہو پایا ہے کہ اس حملے کے پیچھے کس کا ہاتھ ہے۔

اس واقعہ کے بارے میں تمکور کی ایس پی دویا گوپی ناتھ نے کہا ،کانگریس امیدوار کی جیت کے بعد ان کے حمایتوں نے ریلی نکالی۔ اسی بھیڑ میں کسی شخص نے ان پر ایسڈ چھڑک دیا۔ اس میں سے کچھ لوگوں نے الرجی کی شکایت کی ، جن کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ ڈاکٹر کے مطابق،جس لکوڈ کا استعمال ہوا ، وہ باتھ روم کلینر جیسا لگ رہا ہے۔ سبھی زخمی لوگ خطرے سے باہر ہیں۔ پولیس معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔ اب تک کسی کی گرفتاری نہیں ہو سکی ہے۔ ایک شخص نے اس معاملے میں کیس درج کرایا ہے۔

واضح ہو کہ ریاست کے شہری بلدیاتی سیٹوں کے 2709 وارڈوں پر نتیجے کا اعلان کیا جا رہا ہے۔ ابھی تک سامنے آئے نتائج میں کانگریس نے کافی بڑھت بنا لی ہے۔ واضح ہو کہ 31 اگست کو شہری بلدیاتی انتخاب کے لیے ووٹ ڈالے گئے تھے۔