خبریں

مظفر پور شیلٹر ہوم: سپریم کورٹ نے کہا ’بے حد ڈراونا اور خوفناک‘ ہے یہ معاملہ، بہار سرکار کیا کر رہی ہے؟

 سپریم کورٹ نے برجیش ٹھاکر کو نوٹس جاری کرکے پوچھا کہ کیوں نہ آزادانہ اور غیر جانبدارانہ جانچ کے لیے اس کو بہار سے باہر جیل میں ٹرانسفر کر دیا جائے ؟سی بی آئی نے اپنی اسٹیٹس رپورٹ میں  کہا کہ جیل کے اندر بھی برجیش ٹھاکر کے پاس سے موبائل فون برآمد کیا گیا ہے۔

بہار کے مظفرپور واقع بالیکا گریہہ میں بچوں سے ریپ معاملے کا اہم ملزم برجیش ٹھاکر۔ (فوٹو بشکریہ : فیس بک / ٹوئٹر)

بہار کے مظفرپور واقع بالیکا گریہہ میں بچوں سے ریپ معاملے کا اہم ملزم برجیش ٹھاکر۔ (فوٹو بشکریہ : فیس بک / ٹوئٹر)

نئی دہلی : سپریم کورٹ نے جمعرات کو کہا کہ مظفر پور شیلٹر ہوم معاملہ بے حد ڈروانا اور خوفنا ک ہے ۔غور طلب ہے کہ کورٹ اس معاملے میں سی بی آئی کے ذریعے فائل کی گئی اسٹیٹس رپورٹ پر تبصرہ کر رہی تھی ۔ کورٹ نے کہا کہ بہار حکومت کیا کر رہی ہے ؟معاملے کے اہم ملزم برجیش ٹھاکر کو اثر و رسوخ والا شخص کہتے ہوئے سپریم کورٹ نے پوچھا کہ سی بی آئی نے  بہار حکومت کی سابق وزیر منجو ورما کے شوہر کو ابھی تک کیوں نہیں گرفتار کیا  ہے۔

سپریم کورٹ نے کہا کہ ملزم برجیش ٹھاکر کافی اثر و رسوخ والا شخص ہے اور وہ چل رہی جانچ میں رکاوٹ پیدا کر رہا ہے ۔ اس لیے اس کو بہار سے باہر جیل میں ٹرانسفر کر دینا چاہیے۔سپریم کورٹ نے برجیش ٹھاکر کو نوٹس جاری کرکے پوچھا کہ کیوں نہ آزادانہ اور غیر جانبدارانہ جانچ کے لیے اس کو بہار سے باہر جیل میں ٹرانسفر کر دیا جائے ؟غورطلب ہے کہ سی بی آئی نے بھی اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ برجیش ٹھاکر بہت اثرورسوخ والا شخص ہے ۔ سی بی آئی نے یہ بھی کہا کہ جیل کے اندر بھی اس کے پاس سے موبائل فون برآمد کیا گیا ہے۔

قابل ذکر بات یہ ہے کہ کورٹ نے اپنے تبصرے میں یہ بھی کہا کہ اس معاملے کی جانچ کر رہی سی بی آئی ٹیم کو نہیں بدلا جانا چاہیے۔سپریم کورٹ نے کہا کہ شیلٹر ہوم ریپ معاملے میں سی بی آئی کی اسٹیٹس رپورٹ چونکانے والی ہے اور اس پتہ چلتا ہے کہ بے حدخوفنا ک طریقے سے جرم کو انجام دیا گیا ہے۔ سپریم کورٹ نے بہار حکومت پر سوال اٹھایا اور کہا کہ آخر سر کار کیا کر رہی ہے ؟اس دوران بہار سرکار نے سپریم کورٹ کی سفارش کی حمایت کی ہے کہ برجیش ٹھاکر کو بہار سے باہر ٹرانسفر کیا جاسکتا ہے۔

سپریم کورٹ میں لفافہ بند اسٹیٹس رپورٹ بھی داخل کی گئی ہے ۔ اس دوران  کورٹ کو بتا یا گیا کہ بہار سرکار میں سابق وزیر منجو ورما کے شوہر چندرشیکھر ورما کو غیر قانونی ہتھیار کے ساتھ پٹنہ میں دیکھا گیا ہے ۔شنوائی کے دوران یہ بھی مطالبہ کیا گیا کہ  بہار حکومت اور سی بی آئی اس پر بھی اسٹیٹس رپورٹ داخل کرے اور فرار بتائے جارہے ورما کا پتہ لگاکر مناسب کارروائی کرے ۔ معاملے کی اگلی شنوائی 30اکتوبر کو ہوگی۔

واضح ہو کہ دی وائر نے اپنی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا تھا کہ بہار کے سوشل ویل فیئر ڈپارٹمنٹ کے فنڈ سے چل رہے مظفر پوربالیکا گریہہ میں 30 سے زیادہ بچیوں سے ریپ  کے معاملے میں گرفتار اہم ملزم برجیش ٹھاکر سیاسی اثر و رسوخ والا شخص ہے اور مبینہ طورپر نوکرشاہوں سے اچھے تعلقات کی بدولت کچھ بھی کرا لینے کی باتیں کی جاتی رہی ہیں۔گزشتہ دنوں یہ خبر بھی آئی تھی کہ بلیک لسٹ کیے جانے کے باوجود برجیش ٹھاکر کے این جی او کو سرکاری پروجیکٹ دئے گئے تھے۔

اسی طرح یہ انکشاف بھی کیا گیا تھا کہ 31 مئی کو برجیش ٹھاکر کے خلاف ایف آئی آر درج ہونے کے بعد بھی اس کے اخبارپراتہہ کمل کے لئے سرکاری اشتہار جاری ہوتے رہے تھے۔دی وائرکے پاس دستیاب ثبوتوں سے بھی پتا چلتا ہے کہ 1 جون سے 14 جون تک بہار کےمحکمہ اطلاعات وعوامی رابطہ کی طرف سےپراتہہ کمل اخبار کے نام 14 اشتہار جاری کئے گئےتھے۔

(خبررساں ایجنسی پی ٹی آئی کے ان پٹ کے ساتھ)