خبریں

 بہار بالیکا گریہہ: جانچ افسر کا تبادلہ کرنے پر ناگیشور راؤ نے سپریم کورٹ سے معافی مانگی

سپریم کورٹ  کی پھٹکار‌کے بعد سی بی آئی کے سابق عبوری ڈائریکٹر ناگیشور راؤ نے معافی مانگتے ہوئے کہا کہ وہ عدالت کے حکم کی خلاف ورزی کرنے کی سوچ بھی نہیں سکتے۔

ایم ناگیشور راؤ/ فوٹو: بہ شکریہ فیس بک

ایم ناگیشور راؤ/ فوٹو: بہ شکریہ فیس بک

نئی دہلی: ایم ناگیشور راؤ نے سی بی آئی کے عبوری ڈائریکٹر کے عہدے پر رہتے ہوئے جانچ ایجنسی کے سابق جوائنٹ  ڈائریکٹر اے کے شرما کا تبادلہ کرنے کو لےکر سپریم کورٹ سے بنا شرط معافی مانگی ہے۔ راؤ نے سوموار کو قبول کیا کہ انہوں نے غلطی کی اور اس کے لئے انہوں نے معافی مانگتے ہوئے کہا کہ ان کی سپریم کورٹ کے حکم کی خلاف ورزی کرنے کی کوئی منشاء نہیں تھی۔

اے کے شرما بہار کے مظفرپور شیلٹر ہوم  معاملے کی جانچ‌کر رہے تھے۔ راؤ نے 7 فروری کو ان کو جاری کئے گئے ہتک عزت  نوٹس کے جواب میں حلف نامہ دائر کرتے ہوئے کہا کہ وہ سپریم کورٹ سے بنا کسی شرط کے معافی مانگ رہے ہیں۔راؤ نے اپنے معافی نامہ میں کہا، ‘ میں اپنی غلطی محسوس کرتا ہوں اور میں بنا کسی شرط کے معافی مانگتا ہوں۔ میں خاص طورپر کہنا چاہتا ہوں کہ میں نے جان بوجھ کر عدالت کے حکم کی خلاف ورزی نہیں کی کیونکہ میں خواب میں بھی سپریم کورٹ کے حکم کی خلاف ورزی کرنے کے بارے میں نہیں سوچ سکتا۔ ‘

سپریم کورٹ نے اپنے حکم کی خلاف ورزی کرنے کے لئے شرما کا سی بی آئی سے باہر تبادلہ کرنے کے لئے 7 فروری کو سی بی آئی کو پھٹکار لگائی تھی اور راؤ کو ذاتی طور پر کورٹ کے سامنے پیش ہونے کو کہا تھا۔ چیف جسٹس رنجن گگوئی کی قیادت والی بنچ نے کہا تھا کہ سی بی آئی سے باہر شرما کا تبادلہ کرنا سپریم کورٹ کے احکام کی خلاف ورزی ہے اور یہ ہتک عزت  کا معاملہ ہے۔

بنچ نے سی بی آئی کے موجودہ ڈائریکٹر رشی کمار شکلا سے اس تبادلے سے دیگر افسروں کے جڑے ہونے کی تفتیش کرنے اور 11 فروری تک جواب دینے کو کہا تھا۔ راؤ کی منگل کو سپریم کورٹ میں پیشی سے پہلے ان کا یہ معافی نامہ آیا ہے۔ سپریم کورٹ کی بنچ نے شرما کے تبادلے  میں شامل سی بی آئی کے دیگر افسروں سے بھی 12 فروری سے پہلے پیش ہونے کی ہدایت دی تھی۔

چیف جسٹس گگوئی نے کہا، ‘ ہم اس کو بہت ہی سنجیدگی سے لینے جا رہے ہیں۔ آپ نے ملک کے سپریم کورٹ کے حکم کے ساتھ کھلواڑ کیا ہے۔ بھگوان آپ کی مدد کرے۔ سپریم کورٹ کے حکم سے کبھی کھلواڑ مت کیجئے۔ ‘غور طلب ہے کہ وزیر اعظم مودی کی صدارت والی کمیٹی کے ذریعے آلوک شرما کو سی بی آئی کے ڈائریکٹر کے عہدے سے ہٹائے جانے کے بعد پچھلے مہینے شرما کو سی آر پی ایف کے ایڈیشنل ڈائریکٹر کے عہدے پر تعینات کر دیا گیا تھا۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)