خبریں

مہاراشٹر: سینچائی گھوٹالہ کے 9 معاملے میں جانچ بند، اے سی بی نے کہا اجیت پوار کو کلین چٹ نہیں

 مہاراشٹر اے سی بی کے سینئر افسروں نے صفائی دیتے ہوئے کہا کہ جن 9 معاملوں کو بند کیا گیا وہ ٹینڈروں کی روٹین جانچ سے جڑے تھے، جن میں مکمل ضابطے  کی  پیروی نہیں کی گئی تھی۔ جن معاملوں میں ایف آئی آر درج کی گئی ہے ان میں جانچ جاری ہے۔

فوٹو بہ شکریہ،@CMOMaharashtra

فوٹو بہ شکریہ،@CMOMaharashtra

نئی دہلی: مہاراشٹر کی اینٹی کرپشن بیورو(اے سی بی)نے سینچائی گھوٹالہ معاملے سے جڑے 9 معاملے کی جانچ سوموار کو بند کر دی۔ اس گھوٹالے میں مہاراشٹر کے نو تقرر نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کے خلاف بھی جانچ چل رہی ہے۔حالاں کہ اے سی بی کے سینئر افسروں  نے صفائی دیتے ہوئے کہا کہ یہ معاملے ٹینڈروں کی روٹین جانچ سے جڑے تھے جن میں مکمل ضابطے کی پیروی نہیں کی گئی تھی۔ ان معاملوں میں کسی سیاسی رہنما کے خلاف جانچ نہیں ہو رہی تھی۔

انڈین  ایکسپریس کے مطابق، افسروں  کا کہنا ہے کہ سوموار کو جن نو معاملوں کو بند کیا گیا، وہ مبینہ طور پر ہزاروں کروڑ روپے کے گھوٹالے سے جڑے دو درجن ایف آئی آر کو متاثر نہیں کریں گے۔حالاں کہ  ابھی تک کسی بھی معاملے میں اجیت پوار کو ملزم  کے طورپر نامزد نہیں کیا گیا ہے۔ اس وقت کے  اے سی بی ڈی جی پی سنجے بروے نے نومبر 2018 میں ایک حلف نامہ میں کہا تھا کہ پوار نے سینچائی منصوبوں  کے ٹھیکے دینے میں دخل اندازی کی تھی۔

مہاراشٹرمیں دیویندر فڈنویس کی قیادت والی بی جے پی حکومت میں نائب وزیر اعلیٰ  بننے کے 48 گھنٹے کے اندر این سی پی رہنما اجیت پوار کے خلاف سینچائی گھوٹالہ معاملے میں چل رہی جانچ کو مہاراشٹر اے سی بی نے بند کر دیا ہے۔ایک سینئرافسر نے کہا کہ جہاں پہلے سے ہی 24 ایف آئی آر درج کئے گئے ہیں وہیں، کئی دوسرے ٹینڈروں کے معاملے میں جانچ جاری ہے۔

ایک سینئرافسر نے کہا، یہ نو معاملے ہیں جنہیں بند کیا گیا ہے۔ ہمیں بامبے ہائی کورٹ کی ناگپور بنچ کے سامنےایک رپورٹ پیش کرنی ہے جس کی شنوائی 28 نومبر کو ہوگی۔ جن معاملوں میں ایف آئی آر درج کی گئی ہے ان میں جانچ جاری ہے۔واضح ہو کہ گزشتہ  سنیچر کو مہاراشٹر میں ہوئے ایک غیر متوقع صورتحال  میں صبح تقریباً8 بجے بی جےپی کے دیویندر فڈنویس نے راج بھون میں خفیہ  طریقے سے ہوئے پروگرام  میں وزیر اعلیٰ کے عہدے  کا حلف لیا۔ ان کے ساتھ این سی پی رہنما اجیت پوار نے نائب وزیر اعلیٰ کے عہدے کاحلف  لیا۔

حالاں کہ، این سی پی چیف شرد پوار نے بی جے پی  کے ساتھ اتحاد سے انکار کیا ہے اور کہا ہے کہ انہوں نے اجیت پوار کو اس کا اختیار نہیں دیا تھا۔ اجیت پوار کو پارٹی پارلیامانی کمیٹی کے رہنما کے عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔ فی الحال مہاراشٹر میں بنی نئی سرکار کا معاملہ سپریم کورٹ میں زیر التوا ہے۔

 اس بیچ، این سی پی –کانگریس- شیوسینا نے سوموار کو گورنر کو 162 ایم ایل اے  کی  حمایت  کا ایک خط سونپا اور کہا کہ ان کے پاس سرکار بنانے کے لیے مطلوبہ تعداد ہے۔