خبریں

آسام: ویب سائٹ سے این آر سی ڈیٹا غائب، وزارت داخلہ نے کہا-تکنیکی خرابی ہے

این آر سی کے اسٹیٹ کنوینر ہتیش دیو شرما نے بتایا کہ بڑے پیمانے پر ڈیٹا سیو کرنے کے لیے آئی ٹی کمپنی وپرو نے کلاؤڈ سروس  مہیا کرائی تھی، جس سے کانٹریکٹ  ریونیو نہ ہو پانے کی وجہ سے  این آرسی کا ڈیٹا آف لائن  ہو گیا ہے۔

فوٹو: پی ٹی آئی

فوٹو: پی ٹی آئی

نئی دہلی: مرکزی حکومت نے بدھ کو کہا کہ آسام میں این آر سی کا ڈیٹا محفوظ ہے حالانکہ کچھ تکنیکی خرابی  دیکھی گئی اور ان کو جلدہی حل‌کر لیا جائے‌گا۔ مرکزی وزارت داخلہ کی یہ وضاحت ان خبروں کے مدنظر آئی ہے کہ این آر سی کی فائنل لسٹ  کا ڈیٹا اس کی آفیشیل  ویب سائٹ سے آف لائن ہو گیا ہے۔

وزارت داخلہ کے ایک ترجمان نے کہا، ‘ این آر سی ڈیٹا محفوظ ہے۔ کلاؤڈ پر کچھ تکنیکی خرابی دیکھی گئی۔ ان کو جلدہی حل کیا جا رہا ہے۔ ‘ آسام این آر سی کی ویب سائٹ پر کچھ دنوں سے فائنل لسٹ کا ڈیٹا دستیاب نہیں ہے اور اس سے عوام، خاص طور سے ان لوگوں میں ڈر پیدا ہو گیا جن کو فہرست سے باہر رکھا گیا ہے کیونکہ ان کو فہرست سے باہر کئے جانے کا سرٹیفکیٹ ابھی جاری نہیں کیا گیا ہے۔

این آر سی کی ریاستی کنوینر ہتیش دیو شرما نے مانا کہ ڈیٹا آف لائن ہو گیا ہے لیکن انہوں نے اس کے پیچھے کسی طرح کی ‘ بدنیتی ‘ کے الزام کو خارج کیا۔ بڑے پیمانے پر ڈیٹا کے لئے کلاؤڈ سروس آئی ٹی کمپنی وپرو نے مہیا کرائی تھی اور ان کا معاہدہ گزشتہ سال 19 اکتوبر تک کا تھا۔ بہر حال، سابق کنوینر نے اس معاہدے کی تجدید نہیں کی۔

شرما نے بتایا کہ اس لئے وپرو کے ذریعے معطل کئے جانے کے بعد 15 دسمبر سے ڈیٹا آف لائن ہو گیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ ریاستی کنوینر کمیٹی نے 30 جنوری کو اپنی میٹنگ  میں ضروری ضابطہ پورا کرنے کا فیصلہ کیا اور فروری کے پہلے ہفتے کے دوران وپرو کو خط لکھا۔ شرما نے کہا، ‘ ایک بار جب وپرو ڈیٹا کو آن لائن کر دے‌گی تو یہ عوام کے لئے دستیاب ہوگا۔ ہمیں امید ہے کہ لوگوں کو اگلے دو-تین دنوں میں ڈیٹا دستیاب ہو جائے‌گا۔ ‘

این آر سی کی فائنل لسٹ 31 اگست 2019 کو شائع ہونے کے بعد اصلی ہندوستانی شہریوں کو شامل کئے جانے اور باہر کئے گئے لوگوں کی پوری جانکاری اس کی سرکاری ویب سائٹ http://www.nrcassam.nic.in پر اپلوڈ کی گئی۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)