الیکشن نامہ

اسمبلی انتخابات: پانچ ریاستوں میں دو موجودہ اور پانچ سابق وزرائے اعلیٰ کو  ہارکا منھ دیکھنا پڑا

پانچ ریاستوں کے اسمبلی انتخاب میں پنجاب کے وزیر اعلیٰ چرن جیت سنگھ چنی اور اتراکھنڈ کے ان کے ہم منصب پشکر سنگھ دھامی اپنی اپنی سیٹوں سے ہار گئے ہیں۔ پنجاب میں تین سابق وزرائے  اعلیٰ – پرکاش سنگھ بادل، امریندر سنگھ اور راجندر کول بھٹل ،اتراکھنڈ میں ہریش سنگھ راوت اور گوا میں چرچل الیماؤکو ہار کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

پرکاش سنگھ بادل، پشکر سنگھ دھامی، ہریش راوت، امریندر سنگھ اور چرن جیت سنگھ چنی۔ (تصویر: پی ٹی آئی)

پرکاش سنگھ بادل، پشکر سنگھ دھامی، ہریش راوت، امریندر سنگھ اور چرن جیت سنگھ چنی۔ (تصویر: پی ٹی آئی)

نئی دہلی: پانچ ریاستوں کے اسمبلی انتخابات کے سامنے آئےنتائج میں کئی بڑے چہروں کو  مایوسی ہاتھ لگی ہے۔ اس انتخاب میں دو موجودہ اور پانچ سابق وزرائے اعلیٰ کو اپنی اپنی نشستوں پر شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

پنجاب کے وزیر اعلیٰ چرنجیت سنگھ چنی اور ان کے اتراکھنڈ کے ہم منصب پشکر سنگھ دھامی بھی اپنی اپنی سیٹوں سے ہار گئے ہیں۔

یہی حال  اتراکھنڈ کے سابق وزیر اعلیٰ ہریش سنگھ راوت اور پنجاب کے وزیر اعلیٰ پرکاش سنگھ بادل اور امریندر سنگھ کا بھی ہوا ہے اور وہ بھی اپنی اپنی سیٹوں سے ہار گئے ہیں۔

وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی بھلے ہی انتخابی جنگ ہار گئے ہوں، لیکن ان کی پارٹی نےاتراکھنڈ میں کامیابی حاصل کی ہے۔ کانگریس کے ریاستی ورکنگ صدر بھوون کاپڑی نے دھامی کو شکست دی ہے۔

پنجاب میں تین سابق وزرائے اعلیٰ – پرکاش سنگھ بادل، امریندر سنگھ اور راجندر کول بھٹل اپنی اپنی نشستوں سے الیکشن ہار گئے ہیں۔

پنجاب کے دو بار کے وزیر اعلیٰ امریندر سنگھ اپنے گڑھ پٹیالہ نگر سیٹ سے 19873 ووٹوں کے فرق سے الیکشن ہار گئے ہیں۔ عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے اجیت پال سنگھ کوہلی نے انہیں پٹیالہ نگر سیٹ سے شکست دی ہے۔

دوسری طرف شرومنی اکالی دل کے سرپرست اور سابق وزیر اعلیٰ پرکاش سنگھ بادل پنجاب کے مکتسر ضلع میں اپنی روایتی لانبی سیٹ سے عام آدمی پارٹی کے گرمیت سنگھ کھڑیاں سے ہار گئے ہیں۔

پنجاب کے وزیر اعلیٰ چرن جیت سنگھ چنی بھدور اور چمکور صاحب دونوں سیٹوں سے الیکشن ہار گئے ہیں۔ بھدور سے پہلی بار الیکشن لڑرہے اوگوکے نے چنی کو 37558 ووٹوں سے شکست دی۔

پنجاب کے سابق نائب وزیر اعلیٰ سکھبیر سنگھ بادل عام آدمی پارٹی کے حریف سے الیکشن ہار گئے ہیں۔

پنجاب حکومت کے زیادہ تر موجودہ اور سابق وزیراس انتخاب میں عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے امیدواروں سے ہارگئے ہیں۔

گوا میں سابق وزیر اعلیٰ اور ترنمول کانگریس کے امیدوار چرچل الیماؤ بینولیم سیٹ سے عآپ کے امیدوار سے ہار گئے ہیں۔

اتراکھنڈ، اتر پردیش، پنجاب، گوا اور منی پور میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے لیے ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔ اتر پردیش، اتراکھنڈ اور منی پور میں بی جے پی آگے ہے، جبکہ عام آدمی پارٹی پنجاب میں آگے ہے۔ گوا میں کسی بھی پارٹی کو مکمل اکثریت نہیں ملی ہے لیکن بی جے پی ایک بڑی پارٹی بن کر ابھری ہے۔

 (خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)