خبریں

اسرائیل نے ہندوستان سے حماس کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے کی اپیل کی

اسرائیلی سفیر ناؤر گیلون نے کہا کہ انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں میں ہندوستان ہماری بھرپور حمایت کر رہا ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ وہ حماس کو ہندوستان میں دہشت گرد تنظیم قرار دے۔ انہوں نے حماس کے خلاف انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں میں اسرائیل کی حمایت کرنے پر ہندوستان کا شکریہ ادا کیا۔

ہندوستان میں اسرائیلی سفیر ناؤر گیلون۔ (تصویر بشکریہ: X/@NaorGilon)

ہندوستان میں اسرائیلی سفیر ناؤر گیلون۔ (تصویر بشکریہ: X/@NaorGilon)

نئی دہلی: اسرائیلی سفارت کار ناؤر گیلون نے بدھ (25 اکتوبر) کو کہا کہ اسرائیل نے ہندوستان سے حماس کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے کے لیے کہا ہے۔

صحافیوں سے بات کرتے ہوئے گیلون نے کہا کہ 7 اکتوبر کو جنوبی اسرائیل پر ہونے والے دہشت گردانہ حملے، جس میں تقریباً 1200 افراد ہلاک ہوئے تھے، کے بعد اسرائیل نے ہندوستانی حکام سے حماس کو دہشت گرد تنظیم کے طور پر نامزد کرنے کو کہا ہے۔

انہوں نے کہا، ‘اب وقت آگیا ہے کہ ہندوستان  حماس کو ہندوستان میں دہشت گرد تنظیم قرار دے۔’ گیلون نے یہ بھی اشارہ کیا کہ یہ اپیل  پہلے بھی ہندوستان سے کی گئی تھی۔

انہوں نے حماس کے خلاف انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں میں اسرائیل کو ‘100 فیصد’ حمایت دینے پر ہندوستان کا شکریہ ادا کیا۔

گیلون نے کہا، ‘وزیراعظم نریندر مودی دہشت گرد حملے کی مذمت کرنے والے پہلے عالمی رہنماؤں میں شامل تھے۔ ہندوستان دنیا میں نہایت اہم اخلاقی آواز ہے اور اہم ممالک ہمارے ساتھ ہیں۔’

انہوں نے کہا، ‘ہندوستان  انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں میں ہماری بھرپور حمایت کر رہا ہے۔’

سات  اکتوبر کے حملے کے بعد اسرائیل نے غزہ میں بڑے پیمانے پر جوابی حملہ کیا، جس میں 5000 سے زائد افراد ہلاک ہوئے۔

خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے حوالے سے گیلون نے کہا،’ اسرائیل کے لیے یہ مشرق وسطیٰ میں بقا کی جنگ ہے۔’انھوں نے کہا کہ اسرائیل حماس کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ حماس کے خلاف اسرائیلی کارروائی کا مقصد تنظیم کو ‘ماضی میں کی گئی بربریت’ کو دہرانے سے روکنا ہے۔

انگریزی میں پڑھنے کے لیےیہاں کلک کریں۔