خبریں

وزیر اعظم، وزیر داخلہ اور یوپی کے وزیر اعلیٰ کے خلاف قابل اعتراض تبصرہ کرنے کے الزام میں ایک شخص گرفتار

اتر پردیش کے نوئیڈا سیکٹر-49 تھانہ حلقہ کے تحت ہوشیار پور گاؤں کے رہنے والے رامپت یادو کو گرفتار کیا گیا ہے۔ پولیس نے کہا کہ پانچ چھ ماہ قبل تک ٹرانسپورٹ کے شعبے میں کام کرنے والے یادو نے کہا ہے کہ اسے اپنے تبصروں پر افسوس ہے۔

(علامتی تصویر بہ شکریہ: اے این آئی)

(علامتی تصویر بہ شکریہ: اے این آئی)

نئی دہلی: پولیس نے سوموار (25 دسمبر) کو بتایا کہ نوئیڈا کے ایک 49 سالہ شخص کو وزیر اعظم نریندر مودی، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اور اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے بارے میں ‘قابل اعتراض’ تبصرہ کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔

این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق، نوئیڈا سیکٹر-49 تھانہ حلقہ کے تحت ہوشیار پور گاؤں کے رہنے والے رامپت یادو کو سوشل میڈیا پر ان کے تبصروں کا ایک مبینہ ویڈیو سامنے آنے کے بعد گرفتار کیا گیا ہے۔

پولیس کے ایک ترجمان نے کہا، ‘وزیر اعظم، وزیر داخلہ اور اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ کے بارے میں قابل اعتراض تبصروں کا ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ملزم رامپت یادو کو گرفتار کر لیا گیا اور پولیس نے اس واقعے کا از خود نوٹس لیا۔ ‘

پولیس نے کہا کہ تعزیرات ہند (آئی پی سی) کی دفعہ 505 (بی) (معاشرے میں بدامنی پیدا کرنے کے لیے افواہیں پھیلانا) اور انفارمیشن ٹکنالوجی ایکٹ (آئی ٹی ایکٹ) کی دفعہ 67 کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔

مقامی پولیس نے کہا کہ پانچ چھ ماہ قبل تک ٹرانسپورٹ کے شعبے میں کام کرنے والے یادونے کہا کہ انہیں ان تبصروں پر افسوس ہے۔

افسر نے بتایا کہ اسے مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا اور جیل بھیج دیا گیا۔