خبریں

مودی کابینہ نے کہا – ملک جسمانی طور پر 1947 میں آزاد ہوا، اور روحانی طور پر 22 جنوری 2024 کو

مرکزی کابینہ نے ایودھیا میں رام مندر کی پران — پرتشٹھا کی تقریب کے لیے وزیر اعظم نریندر مودی کو مبارکباد دیتے ہوئے ایک قرارداد منظور کی ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے صدیوں پرانا خواب پورا کیا۔ آزاد ہندوستان میں رام مندر کی تحریک واحد تحریک تھی جس نے سب کو متحد کیا۔ کروڑوں ہندوستانی اس سے جذباتی طور پر جڑے ہوئے تھے۔

وزیر اعظم نریندر مودی 22 جنوری 2024 کو ایودھیا میں رام مندر کی پران — پرتشٹھا کی تقریب کے دوران۔ (تصویر بہ شکریہ: پی آئی بی)

وزیر اعظم نریندر مودی 22 جنوری 2024 کو ایودھیا میں رام مندر کی پران — پرتشٹھا کی تقریب کے دوران۔ (تصویر بہ شکریہ: پی آئی بی)

نئی دہلی: ایودھیا میں نئے رام مندر کی پران — پرتشٹھا کی تقریب پر وزیر اعظم نریندر مودی کو مبارکباد دیتے ہوئےمرکزی کابینہ نے گزشتہ بدھ (24 جنوری) کو ایک قرارداد منظور کرتے ہوئے کہا کہ 1947 میں ‘ملک کے جسم کو آزادی ملی تھی’، جبکہ اس کی روح کی پران —پرتشٹھا 22 جنوری 2024 کو کی گئی، اور ‘سب نے روحانی تسکین کا تجربہ کیا۔’

انڈین ایکسپریس کی خبر کے مطابق، مرکزی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کابینہ کی جانب سے پڑھی گئی قرارداد میں بدھ کی میٹنگ کو ‘تاریخی… کیبنٹ آف ملینیم’ قرار دیا اور کہا کہ مودی نے ‘صدیوں پرانا خواب پورا کیا’، جس خواب کو’ہندوستانی تہذیب’ نے پانچ صدیوں سے  دیکھا تھا ۔

اس میں کہا گیاہے، ‘آپ (نریندر مودی) کو لوگوں سے جو پیار ملا ہے، اس نے آپ کو جن نایک (عوامی لیڈر) بنا دیا ہے۔ لیکن نئے دور میں داخل ہونے کے بعد آپ نئے دور کے سرخیل بھی بن کر ابھرے ہیں۔’

بعد میں کابینہ کی میٹنگ میں کیے گئے فیصلوں کے بارے میں صحافیوں کو جانکاری دیتے ہوئے مرکزی وزیر اطلاعات و نشریات انوراگ ٹھاکر نے کہا، ‘میٹنگ کے آغاز میں کابینہ کی جانب سے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کامیاب پران — پرتشٹھا کی تقریب کے لیے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا۔

قرارداد میں کہا گیا کہ اگرچہ ہندوستان میں کابینہ کا نظام وجود میں آنے کے بعد اور برطانوی دور میں وائسرائے کی ایگزیکٹو کونسل کے دور میں بہت سے تاریخی کام ہوئے ہیں، لیکن ایسا موقع کبھی نہیں آیا اور 22 جنوری 2024 کو وزیر اعظم نریندر مودی نے جو کام کیا وہ تاریخ میں لاثانی ہے۔

اس میں کہا گیا ہے، ‘ایمرجنسی کے دوران بھی ایک عوامی تحریک کے طور پر لوگوں میں اتحاد تھا، لیکن یہ اتحاد آمریت کے خلاف مزاحمت کے قدم کے طور پر تھا۔ لیکن ہم بھگوان رام کے لیے جو عوامی تحریک دیکھ رہے ہیں وہ ایک نئے دور کا اعلان ہے۔’

اس میں کہا گیا ہے، ‘رام جنم بھومی تحریک آزاد ہندوستان میں واحد تحریک تھی، جس نے سب کو متحد کیا۔ کروڑوں ہندوستانی اس تحریک سے جذباتی طور پر جڑے ہوئے تھے اور اس لمحے کا انتظار کر رہے تھے۔’

پران — پرتشٹھا کی تقریب کے لیے ان کے  11 روزہ رسومات اور بھگوان رام سے منسلک مقامات کے دورے کے لیے ان کی تعریف کرتے ہوئے کابینہ نے کہا کہ اس نے ‘قومی اتحاد اور توانائی فراہم کی ہے’ اور ‘ہم اس کے لیے آپ کا نہ صرف کابینہ کے اراکین کے طور پر بلکہ  عام شہری کی حیثیت سے بھی عزت کرتے ہیں۔’

اس میں کہا گیا، ‘اس ملک کے لوگوں نے صدیوں سے اس لمحے کا انتظار کیا ہے اور اب عظیم الشان رام مندر کی تعمیر کے ساتھ ایک نئے دور کا اعلان ہو چکا ہے۔’

قرارداد میں اسے ایک عوامی تحریک بتایا گیا ہے اور کہا گیا کہ اس قسم کی رسم صرف بھگوان سے آشیرواد پاچکےکسی شخص کے ہاتھوں ہی ادا کی جا سکتی ہے۔

قرارداد میں پران — پرتشٹھا کی تقریب میں مودی کے تبصرے کو یاد کیا گیا، جہاں انہوں نے کہا تھا کہ ‘لوگ اس تاریخ (22 جنوری 2024) کو ہزاروں سال بعد یاد رکھیں گے۔’ یہ خوش قسمتی ہے کہ ہم سب اس لمحے کو جی رہے ہیں اور اس کے گواہ بن رہے ہیں’ اور کہا کہ ‘آج کی کابینہ کو ملینیم کیبنٹ کہا جائے تو مبالغہ آرائی نہیں ہوگی۔’

دریں اثنا، نئے رام مندر میں  درشن کے لیے ایودھیا میں بھکتوں کی بھاری بھیڑ کے درمیان مودی نے اپنے وزراء کو مندر کا دورہ ملتوی کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ مودی نے مندر میں وی آئی پی دوروں کی وجہ سے عوام کو ہونے والی تکلیف پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

اس سوال کے جواب میں کہ کیا پوری کابینہ رام مندر کا دورہ کرے گی، انوراگ ٹھاکر نے کہا کہ فی الحال کوئی رکن وہاں نہیں جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ‘کابینہ کی طرف سےایسی کوئی تجویز نہیں ہے کہ کابینہ وزیر وہاں جائیں گے۔’

Categories: خبریں

Tagged as: , , , , , ,