الیکشن نامہ

گجرات: پولنگ بوتھ سے لائیو کرنے والا شخص فرضی ووٹنگ کے الزام میں گرفتار، دوبارہ ووٹنگ ہوگی

یہ واقعہ گجرات کے داہود پارلیامانی حلقہ کے تحت مہیساگر ضلع کے پرتھم پور میں ایک پولنگ بوتھ پر پیش آیا۔ کانگریس کے مطابق، وجئے بھابور نامی شخص بی جے پی کے ایک مقامی لیڈر کا بیٹا ہے۔ اب اس گاؤں میں 11 مئی کو دوبارہ ووٹنگ ہوگی۔

(تصویر بہ شکریہ: ویڈیو اسکرین گریب)

(تصویر بہ شکریہ: ویڈیو اسکرین گریب)

نئی دہلی: گجرات کے مہیساگر ضلع کے ایک شخص کو مبینہ طور پر فرضی ووٹنگ کے الزام میں حراست میں لیا گیا ہے، کیونکہ وہ 7 مئی کو لوک سبھا انتخابات کے تیسرے مرحلے کے دوران داہود لوک سبھا حلقہ کے ایک پولنگ بوتھ کے اندر سے انسٹاگرام پر لائیو آیا تھا۔

خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کی رپورٹ کے مطابق، کانگریس پارٹی نے بتایا کہ وجئے بھابھور نامی شخص بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے مقامی رہنما کا بیٹا ہے اور وہ بوتھ سے انسٹاگرام پر لائیو آیا تھا۔ کانگریس نے کہا کہ یہ ‘جمہوریت کی توہین’ کے مترادف ہے۔

کانگریس پارٹی کی جانب سے ویڈیو کی ایک کاپی کے ساتھ الیکشن کمیشن میں شکایت درج کرانے کے بعد مہیساگر ضلع پولیس نے بھابھور اور اس کے ساتھی کو گرفتار کرلیا۔ تنقید کے بعد بھابھور نے ویڈیو کو ہٹا دیا، لیکن تب تک یہ کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکا تھا۔

خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق، داہود کے ریٹرننگ آفیسر نیرگڈے ببن راؤ نے کہا کہ ووٹ ڈالنے کے لیے پولنگ بوتھ پر جانے کے بعد ایک شخص کے ذریعے انسٹاگرام پر ویڈیو لائیو نشر کرنے کے واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

مہیساگر کے پولیس سپرنٹنڈنٹ جئے دیپ سنگھ جڈیجہ نے بتایا کہ یہ واقعہ داہود پارلیامانی حلقہ کے تحت مہیساگر ضلع کے پرتھم پور میں ایک پولنگ بوتھ پر پیش آیا۔ جڈیجہ نے کہا، ‘ہم نے دو لوگوں کو حراست میں لیا ہے اور فرضی ووٹنگ کے لیے عوامی نمائندگی ایکٹ کے تحت پریزائیڈنگ آفیسر کی جانب سے درج کرائی گئی ایف آئی آر کی بنیاد پر کارروائی کی جا رہی ہے۔’

حکام کے مطابق، بھابھور شام 5:49 بجے ووٹ ڈالنے کے لیے پولنگ بوتھ پر گئے اور وہاں سے 5:54 بجے چلے گئے۔ حکام نے بتایا کہ ان پانچ منٹوں کے دوران وہ انسٹاگرام پر لائیو ہوا اور فرضی ووٹنگ کا سہارا لیتے ہوئے مبینہ طور پر دو دیگر ووٹرز کی جانب سے ووٹ بھی ڈالا۔

وائرل ویڈیو میں بھابھور مبینہ طور پر اپنا کیمرہ ای وی ایم (الکٹرانک ووٹنگ مشین) اور وی وی پی اے ٹی (ووٹر ویریفائی ایبل پیپر آڈٹ ٹریل) مشینوں پر مرکوز کرتے ہوئے نظر آ رہا ہے اور اسے وہاں سے جانے کے لیے کہنے کے بعد بھی ایک انتخابی اہلکار سے پانچ سے دس منٹ کا مطالبہ کر رہا ہے۔ بھابھورمبینہ طور پر یہ بھی کہتے ہیں کہ ‘یہاں صرف بی جے پی ہی کام کرتی ہے۔’

ویڈیو میں اس کا ساتھی بھی نظر آ رہا ہے۔

ویڈیو میں بھابھور کو ای وی ایم میں بٹن دبانے سے پہلے یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے، ‘مشین میرے والد کی ہے۔ صرف ایک چیز کام کرتی ہے – وہ ہے بی جے پی؛  مبینہ طور پر وہ کہتے ہیں، ‘یہاں صرف وجئے بھابھور ہی کام کرتے ہیں۔’

الیکشن کمیشن نے داہود لوک سبھا حلقہ کے سنت رام پور اسمبلی حلقہ کے پرتھم پور گاؤں میں 11 مئی کو دوبارہ پولنگ کا اعلان کیا ہے، جہاں یہ واقعہ پیش آیا تھا۔