خبریں

کینیا نے جانچ ایجنسیوں سے موصولہ جانکاری کا حوالہ دیتے ہوئے اڈانی گروپ کے ساتھ تمام سودے رد کیے

امریکی محکمہ انصاف اور سکیورٹیز ایکسچینج کمیشن کی جانب سے رشوت ستانی کے الزام میں ہندوستانی کاروباری گوتم اڈانی کے خلاف فرد جرم عائد کیے جانے کے بعد کینیا کے صدر نے اڈانی گروپ کے ساتھ تمام سودے فوری اثر سے رد کرنے کا اعلان کیا ہے۔

کینیا کے صدر ولیم روٹو پارلیامنٹ میں تقریر کرتے ہوئے۔ تصویر: اسکرین گریب، X/@WilliamsRuto

کینیا کے صدر ولیم روٹو پارلیامنٹ میں تقریر کرتے ہوئے۔ تصویر: اسکرین گریب، X/@WilliamsRuto

نئی دہلی: امریکی محکمہ انصاف اور سیکورٹیز ایکسچینج کمیشن (ایس ای سی) کی جانب سے رشوت ستانی کے معاملے میں ہندوستانی ارب پتی صنعتکار گوتم اڈانی کے خلاف فرد جرم عائد کرنے کے بعد، کینیا کے صدر ولیم روٹو نے جمعرات (21 نومبر) کو اڈانی گروپ کے ساتھ تمام سودے فوری اثر سےرد  کرنے کا اعلان کیاہے۔

رد کیے گئے سودوں میں اڈانی گروپ کے ساتھ جومو کینیاٹا انٹرنیشنل ہوائی اڈے  کا متنازعہ حصول بھی شامل ہے۔

اس سے قبل جمعرات (21 نومبر) کو امریکی اٹارنی کے دفتر نے ایک بیان میں کہا تھا کہ اڈانی پر شخصی طور پر رشوت ستانی کے اس معاملے میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔ 2020 اور 2024 کے درمیان انہوں نے  اس سلسلے میں ہندوستانی  حکومت کے ایک اہلکار سے ملاقات کی تھی، ‘ملزم اکثر ملتے تھے اور رشوت خوری  کی اسکیم کے بارے میں تبادلہ خیال کرتے تھے۔’

ایس ای سی نے گوتم اڈانی اور ان کے بھتیجے ساگر کے خلاف فیڈرل سکیورٹیز قوانین کی اینٹی فراڈ دفعات کی خلاف ورزی کا الزام لگاتے ہوئے شکایت درج کی ۔  شکایت میں انہیں سزا دینے، مستقل حکم امتناعی اور افسر یا ڈائریکٹر کے طور پران کی خدمات پر پابندی لگانے کی مانگ کی گئی ہے۔

اڈانی گروپ نے ان الزامات کو ‘بے بنیاد’ قرار دیتے ہوئے خارج  کر دیا ہے۔

کینیا کی پارلیامنٹ میں قوم سے خطاب کے دوران صدر روٹو نے اڈانی گروپ کے ساتھ بنیادی ڈھانچے سے متعلق  دو سودے رد کرنے کا اعلان کیا۔

روٹو نے مطلع کیا کہ یہ فیصلہ مقامی تفتیش کاروں کی طرف سے پیش کردہ تازہ ترین ثبوتوں اور اڈانی گروپ پر بدعنوانی کے الزام لگانے والے شراکت دار ممالک کے اشتراک کردہ معلومات پر مبنی ہے ۔

انہوں نے کہا، ‘معزز اراکین، میں پہلے بھی کہہ چکا ہوں اور آج دہرا رہا ہوں کہ اگر مجھے بدعنوانی کے حوالے سے ناقابل تردید ثبوت یا مصدقہ معلومات ملے تو میں سخت کارروائی کرنے سے نہیں ہچکچاؤں گا۔’

انہوں نے متعلقہ وزارتوں کو سودے رد کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ۔’ شراکت دار ممالک کی طرف سے ہمیں فراہم کی گئی معلومات کی بنیاد پر، میں نے وزارت ٹرانسپورٹ اور وزارت توانائی اور پٹرولیم کے اندر  ایجنسیوں کو جومو کینیاٹا انٹرنیشنل ایئرپورٹ (جے کے آئی اے)کی  توسیع کے لیے  جاری خریداری کے عمل کو فوری اثر سے ردکرنے کی ہدایات دی ہیں۔’

اعلان کے فوراً بعد کینیا کی پارلیامنٹ کی راہداری تالیوں سے گونج اٹھی، ایک یا دو ارکان پارلیامنٹ اپنی نشستوں پر رقص کرتے ہوئےبھی نظر آئے۔

منصوبوں کو اہم قرار دیتے ہوئے روٹو نے وزارتوں کو فوری طور پر متبادل شراکت داروں کی تلاش کا عمل شروع کرنے کی ہدایت کی۔

کینیا کے صدر نے یہ اعلان اپنی تقریر کے اس  حصے کے بعد کیا، جس میں انہوں نے اس بات پرزور دیا کہ بدعنوانی سے نمٹنا ان کی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

معلوم ہو کہ جے کے آئی اے کا آپریشن 30 سال تک اڈانی گروپ کو دینے کی تجویز کے بعد ملک میں عوامی غصے کا مشاہدہ کیا گیا  اور ہڑتالیں ہوئیں۔ ناقدین نے بنیادی ڈھانچے کا ایک بڑا اثاثہ غیر ملکی فرم کے حوالے کرنے کے فیصلے پر سخت اعتراض ظاہر کیا ہے اور خبردار بھی کیا۔

ستمبر کے مہینے میں کینیا کی پارلیامنٹ کی ایک پبلک انویسٹمنٹ کمیٹی نے اڈانی گروپ کے ساتھ معاہدے کے ‘فارنزک آڈٹ’ کا مطالبہ کیا تھا  ۔

اس دوران، اڈانی گروپ کے حصول کو بھی قانونی طور پر چیلنج کیا جا رہا تھا۔ پچھلے ہفتے یہ اعلان کیا گیا تھا کہ کینیا کی ہائی کورٹ کی تین ججوں کی بنچ 17 دسمبر سے اڈانی گروپ کو ہوائی اڈے کی مجوزہ لیز کے خلاف دائر درخواست پر سماعت شروع کرے گی  ۔

مزید برآں، اس سال 11 اکتوبر کو توانائی کی وزارت نے کینیا الیکٹرسٹی ٹرانسمیشن کمپنی لمیٹڈ کی ٹرانسمیشن لائن کو اڈانی انرجی سلوشنز لمیٹڈ کو 30 سال کے لیے لیز پر دینے کے لیے 736 ملین ڈالر(95.68 بلین کینیا شیلنگ) کے معاہدے پر دستخط کیے  ۔