12000 کروڑ روپے سے زیادہ کے پی این بی گھوٹالے میں مطلوب ہیرا کاروباری نیرو مودی اور میہل چوکسی کے خلاف ریڈ کارنر نوٹس جاری کرنے کے لئے ای ڈی نے انٹرپول کا رخ کیا۔
نئی دہلی : وزیرخارجہ (مملکت) ایم جے اکبر نے گزشتہ بدھ کو لوک سبھا میں بتایا کہ وجئے مالیا، نیرو مودی، میہل چوکسی سمیت 31 کاروباری سی بی آئی سے جڑے معاملے میں ملک سے فرار ہیں۔انھوں نے مزید بتایا کہ وزارت خارجہ کو وجے مالیا، آشیش جوبن پتر، پشپیش کمار ویدیہ، سنجے کالرا، ورشا کالرا اور آرتی کالرا کی واپسی کے تعلق سے سی بی آئی سے درخواست ملی ہے اور انھیں غور کرنے کے لئے متعلقہ ممالک کو بھیج دیا گیا ہے۔اس کے علاوہ سنّی کالرا کی واپسی سے متعلق سی بی آئی کی درخواست پر وزارت خارجہ غور کر رہا ہے۔لوک سبھا میں محمدبدرالدجیٰ خان، کوشل کشور، محمد سلیم اور رام داس تدس نے ملک سے فرار ہونے والے ایسے کاروباریوں کی جانکاری اور فہرست مانگی تھی۔
اکبر نے کہا کہ سی بی آئی کی فہرست کے مطابق، سی بی آئی سے جڑے معاملوں میں ملک سے فرار ہونے والے کاروباریوں میں وجے مالیا، سومت جینا، وجےکمار ریوا بھائی پٹیل ، سنیل رمیش روپانی، پشپیش کمار ویدیہ، سریندر سنگھ، انگد سنگھ، ہرصاحب سنگھ، ہرلین کور، اشیش جوبن پتر، جتین میہتا، نیرومودی، نیشل مودی، امی نیرو مودی، میہل چوکسی، چیتن جینتی لال سندیشرا، دیپتی چیتن سندیشرا، نتن جینتی لال سندیشرا، سبھیہ سیٹھ، نیلیش پارکھ، امیش پارکھ، سنّی کالرا، آرتی کالرا، سنجے کالرا، ورشا کالرا، ہیمنت گاندھی، ایشور بھائی بھٹ، ایم جی چندرشیکھر، چیریا وی سدھیر، نوشا کادی جتھ اور چیریا وی سادک شامل ہیں۔
مرکزی وزیر مملکت نے بتایا کہ انفارسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی فہرست کے مطابق تفتیش سے جڑے معاملوں میں ہندوستان سے فرار ہونے والے لوگوں میں وجے مالیا، جتن میہتا، للت مودی، نیرو مودی، میہُل چوکسی، رتیش جین، سنجےبھنڈاری، نتن جینتی سندیشرا، چیتن جینتی لال سندیشرا، دھرمیندر سنگھ آنند ، آشیش جوبن پتر اور پریتی جوبن پتر کے نام شامل ہیں۔اکبر نے کہا کہ حکومت نے ایسے اقتصادی جرم کرنے والے بھگوڑوں کے تعلق سے پارلیامنٹ میں Fugitive Economic Offenses Bill 2018 کو آگے بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔
انفارسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے 12000 کروڑ روپئے سے زیادہ کے پی این بی گھوٹالے کے سلسلے میں ہیرا کاروباری نیرو مودی اور میہل چوکسی کے خلاف ریڈ کارنر نوٹس جاری کرنے کے لئے انٹرپول کا رخ کیا ہے۔افسروں نے بتایا کہ رقم منتقلی کے ایک معاملے میں عدالت کی طرف سے جاری غیرضمانتی وارنٹ کی بنیاد پر ای ڈی نے نیرو اور میہل کے خلاف انٹرپول وارنٹ جاری کرنے کی مانگ کی ہے۔سمجھا جاتا ہے کہ ای ڈی نے اس بابت سی بی آئی کے پاس اپنی درخواست بھیجی ہے تاکہ فرانس کے لیون شہر واقع انٹرپول ہیڈکوارٹر کے سامنے یہ مدعا اٹھایا جا سکے۔
کسی مجرمانہ معاملے کی جانچکے سلسلے میں واپسی یا ایسی ہی قانونی کارروائی کے سلسلے میں مطلوب لوگوں کے ٹھکانے کا پتا لگانے اور ان کی گرفتاری کے لئے ریڈ کارنر نوٹس جاری کیا جاتا ہے۔ایک بار ریڈ کارنر نوٹس جاری ہو جانے کے بعد انٹرپول دنیا کے کسی بھی کونے سے متعلقہ شخص کو گرفتار کرنے کی کوشش کرتی ہے اور اس ملک کو اس کو حراست میں لینے کے بارے میں مطلع کرتی ہے تاکہ ان کی طرف سے آگے کی کارروائی کی جا سکے۔ممبئی کی ایک خصوصی عدالت نے اس مہینے کی شروعات میں ای ڈی کی درخواست پر غیرضمانتی وارنٹ جاری کیا تھا۔
اس سے پہلےای ڈی نے گھوٹالے کے خاص ملزمین نیرو مودی اور میہل کو سمن جاری کیا تھا اور ان سے ممبئی میں ایجنسی کے سامنے پیش ہونے کو کہا تھا۔ بہر حال دونوں نے کاروبار کے سلسلے میں مصروف ہونے کی دہائی دےکر پیش ہونے میں مجبوری ظاہر کی تھی۔
(خبر رساں ایجنسی بھاشاکے ان پٹ کے ساتھ)
Categories: خبریں