خبریں

کانگریس کا الزام؛مودی اور امبانی کے بیچ ’سیدھا سودا‘ہے رافیل،بی جے پی نے کیا جوابی حملہ

 پارٹی کے سینئر لیڈر اور ترجمان ایس جے پال ریڈی نے دعویٰ کیا کہ ؛یہ  وزیراعظم نریندر مودی اور انل امبانی کے بیچ کا سیدھا سودا ہے۔ میں یہ کیوں کہہ رہا ہوں؟اس کی کچھ ٹھوس بنیاد ہے۔

فوٹو : رائٹرز

فوٹو : رائٹرز

نئی دہلی : کانگریس نے رافیل معاملہ میں منگل کے روز الزام لگایا ہے کہ یہ وزیراعظم نریندر مودی اور صنعت کارانل امبانی کے درمیان ‘سیدھا سودا’ہے۔ پارٹی کے سینئر لیڈر اور ترجمان ایس جے پال ریڈی نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ وزیراعظم کا رویہ قرون وسطٰیٰ کے بادشاہوں کی طرح ہے۔انہوں نامہ نگاروں سے کہا؛ یہ وزیراعظم نریندر مودی اور انل امبانی کے بیچ کا سیدھا سودا ہے۔ میں یہ کیوں کہہ رہا ہوں؟ اس کی کچھ ٹھوس بنیاد ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ؛ اپریل 2015 میں ہوئے سودے سے دو دن قبل خارجہ سیکرٹری نے واضح طور پر کہا تھا کہ ہندوستان کے وزیراعظم اور فرانس کے صدر کے بیچ ملاقات میں رافیل پر بات چیت نہیں کی جائے گی۔ سودے کے دو دن پہلے تک ہمارے خارجہ سیکرٹری کو یہ پتہ نہیں تھا کہ اس سودے پر بات چیت ہوگی اور یہ فیصلہ ہو چکا ہے۔

کانگریس ترجمان نے یہ بھی کہا کہ؛ اس وقت کے وزیر دفاع منوہر پاریکر فرانس میں نہیں تھے۔اس سے بھی اہم بات یہ ہے کہ سودا ہونے کے بعد پاریکر نے کہا کہ وزیر اعظم اور فرانس کے صدر نے دستخط کئے ہیں اور میں نے اس کی تائید کی ہے۔ جبکہ عام طور پر یہ فیصلہ وزیر دفاع کرتا ہے اور وزیراعظم تائید کرتے ہیں۔

 انل امبانی کے ریلائنس گروپ کی جانب سے جاری لیگل نوٹس کے سلسلہ میں ریڈی نے کہا؛ ہمارے لیڈران لیگل نوٹس سے ڈرتے نہیں ہیں۔ ایک طرح سے یہ اچھا ہے کہ انل امبانی نے نوٹس دیا۔ فی الحال حکومت رافیل سودے کے متعلق کوئی بھی تفصیل دینے سے انکار کر رہی ہے۔

دریں اثنا بی جے پی رہنما اور مرکزی وزیر ارون جیٹلی نے کانگریس کی طرف لگائے گئے الزامات کو بچکانہ قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی وزیر اعظم کے خلاف جھوٹ پر مبنی کیمپین چلا رہی ہے۔مرکزی وزیر نے اس ضمن میں کانگریس کے لیے اپنے فیس بک پیج پر 15سوال پوچھے ہیں۔