شہر کے قدوائی نگر علاقے میں 16 سالہ انکت کوچنگ سے لوٹتے وقت دوسری کوچنگ کی لڑکی سے بات کرنے لگا، جس سے ناراض ہوکر لڑکی کے دوستوں نے بھیڑ بلا کر انکت کا پیٹ پیٹ کر قتل کر دیا۔
نئی دہلی: اتر پردیش کے کانپور میں ایک لڑکی سے بات کرنے کو لے کر ناراض بھیڑ نے ایک نابالغ لڑکے کو پیٹ پیٹ کر قتل کر دیا۔ ہندوستان کی خبر کے مطابق؛ 11 ویں کلاس کا 16 سالہ اسٹوڈنٹ انکت بدھ کی شام قدوائی نگر ہنومان مندر کے پیچھے کوچنگ میں پڑھنے گیا تھا۔ تقریباً 6 بجے وہاں سے لوٹتے ہوئے وہ ایک دوسرے کوچنگ کی کی لڑکی سے بات کر رہا تھا۔ تبھی کچھ لوگوں سے اس کی کہا سنی ہو ئی ، جس کے بعد لوگوں نے اس کی لات گھونسوں سے جم کر پٹائی کی۔
پٹائی کے بعد بھیڑ انکت کو زخمی چھوڑ کر بھاگ گئی اور پولیس اس کو ہیلٹ اسپتال لے گئی جہاں ڈاکٹروں نے اس کی موت کا اعلان کر دیا۔ پولیس نے جب انکت کے نابالغ دوست کو حراست میں لیا ، تب پورے معاملے کا انکشاف ہوا۔ انکت کے والد لکھن پال بابو پروا تھانہ حلقہ کے بگاہی میں ساؤنڈ سروس میں کام کرتے ہیں۔ انکت قدوائی نگر’سی’ بلاک واقع راج رانی انٹر کالج میں 11 ویں کا اسٹوڈنٹ تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق انکت شام 6 بجے کیمسٹری کی کوچنگ کے لیے قدوائی نگر ہنومان مندر کے پیچھے گیا تھا۔ کوچنگ سے لوٹتے وقت وہ دوسری کوچنگ کی لڑکی سے بات کرنے لگا ۔ اس بات سے لڑکی کے دوست ناراض ہو گئے ، انھوں نے اپنے ایک اور ساتھی کو جانکاری دی اور دونوں کی انکت سے کہا سنی ہونے لگی۔ بات بڑھنے پر انھوں نے اپنے اور دوستوں کی بھیڑ بلالی ۔
اس بھیڑ نے بیچ سڑک پر انکت کو جم کر پیٹا ۔ پولیس کے پہنچنے سے پہلے ہی پٹائی کرنے والی بھیڑ جائے واردات سے بھاگ نکلی۔ کارروائی نہ ہونے سے ناراض انکت کے گھر والوں نے ہنگامہ کیا۔ پولیس نے جب انکت کے نابالغ دوست کو حراست میں لیا ،تب پورا معاملہ صاف ہوا کہ تنازعہ لڑکی سے بات کرنے کو لے کر ہوا تھا۔
Categories: خبریں