خبریں

 ہم نے 17منٹ میں بابری توڑ دی تو قانون بنانے میں کتنا وقت لگتا ہے: شیوسینا

شیوسینا نے  اپنے ماؤتھ پیس میں لکھے اداریہ میں بی جے پی پر تنقید کرتے  ہوئے کہا ہے کہ اگر مندر بنانے  کا مدعا آپ کے ہاتھ سے نکل گیا تو 2019 میں آپ کی روزی-روٹی کے علاوہ کئی لوگوں کی زبان بند ہو جائے‌گی۔

شیوسینا کے رہنما سنجے راؤت/(فوٹو بشکریہ : فیس بک)

شیوسینا کے رہنما سنجے راؤت/(فوٹو بشکریہ : فیس بک)

نئی دہلی: شیوسینا رہنما سنجے راؤت نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہم نے 17 منٹ میں بابری توڑ دی تو قانون بنانے میں کتنا وقت لگتا ہے۔ انہوں نے کہا، ‘ راشٹر پتی بھون سے لےکر اتر پردیش تک بی جے پی کی حکومت ہے۔ راجیہ سبھا میں ایسے بہت رکن پارلیامان ہیں جو رام مندر کے ساتھ کھڑے رہیں‌گے، جو مخالفت کرے‌گا اس کا ملک میں گھومنا مشکل ہو جائے‌گا۔ ‘

واضح  ہو کہ شیوسینا نے بی جے پی سے ایودھیا میں رام مندر بنانے  کو لےکر آرڈیننس لانے اور تاریخ کا اعلان کرنے کے لئے کہا۔ وہیں شیوسینا کے صدر ودھو، رام مندر کی  تعمیر کی مانگ کو لےکر 25 نومبر کو ایودھیا کا دورہ کرنے والے ہیں۔ جمعہ کو بی جے پی پر  تنقید کرتے ہوئے شیوسینا نے اپنے اخبار ‘ سامنا ‘ کے ایک اداریہ میں لکھا، ‘ اقتدار میں بیٹھے لوگوں کو شیوسینکوں پر فخر ہونا چاہیے جنہوں نے رام جنم بھومی میں بابر راج  کو ختم کر دیا۔ ‘

شیوسینا نے کہا کہ وہ انتخابات کے دوران نہ تو بھگوان رام کے نام پر ووٹ کی بھیک مانگتی ہے اور نہ ہی جملےبازی کرتی ہے۔ اداریہ میں لکھا ہے، ‘ ہمارے ایودھیا دورے کو لےکر خود کو ہندوتوا حمایتی  کہنے والوں کے پیٹ میں درد کیوں ہو رہا ہے؟ ہم سیاسی مقصد سے وہاں نہیں جا رہے ہیں۔ ‘ شیوسینا نے دعویٰ کیا کہ اس نے ‘ چلو ایودھیا ‘ کا نعرہ نہیں دیا ہے۔ اس نے کہا، ‘ ایودھیا کسی کی نجی  جگہ نہیں ہے۔ شیوسینک وہاں بھگوان رام کے درشن کرنے جا رہے ہیں۔ ‘

اداریہ میں یہ بھی کہا گیا ہے، ‘ ایودھیا میں اب رام راج نہیں سپریم کورٹ کا راج ہے۔ 1992 میں بالا صاحب کے شیوسینکوں نے رام جنم بھومی میں بابر راج  کو تباہ کر دیا تھا۔ پھر بھی اقتدار میں بیٹھے لوگ ان شیوسینکوں پر فخر کرنے کے بجائے ان سے ڈر اور حسد محسوس‌کر رہے ہیں۔ ایودھیا جا رہے شیوسینکوں پر تہمت لگانے کی جگہ حکومت کو مندر بنانے  کے لئے تاریخ بتاکر شک ختم کرنا چاہیے۔ ‘ اداریہ میں کہا گیا ہے، ‘ آپ رام مندر کی تعمیر کی تاریخ کیوں طے نہیں کر رہے ہیں؟ اگر مندر بنانے  کا مدعا آپ کے ہاتھ سے نکل گیا تو 2019 میں آپ کی روزی-روٹی کے علاوہ کئی لوگوں کی زبان بند ہو جائے گی۔’

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)