خبریں

بلند شہر تشدد: کلیدی ملزم ہے بجرنگ دل کا ضلع کنوینر، 5گرفتار

 بلند شہر کے سیانہ گاؤں میں مبینہ گئو کشی کی افواہ کے بعد ہوئے تشدد میں پولیس انسپکٹر سبودھ کمار کی موت ہوگئی تھی ۔ سبودھ دادری میں گائے کا گوشت رکھنے کے شک میں پیٹ پیٹ کر مار دیے گئے  اخلاق معاملے کے جانچ افسر رہ چکے ہیں ۔

فوٹو: پی ٹی آئی

فوٹو: پی ٹی آئی

نئی دہلی : بلند شہر کے سیانہ گاؤں میں سوموار کو گئو کشی کی افواہ کے بعد ہوئے تشدد اور ایک پولیس افسر کے مارے جانے کے معاملے میں اب تک 5 لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے اور 4 لوگوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔واضح ہوکہ پولیس انسپکٹر سبودھ کمار سنگھ کے قتل میں بجرنگ دل کے رہنما یوگیش راج کوکلیدی ملزم بنایا گیا ہے۔

 این ڈی ٹی وی کے مطابق ، بلند شہر تشدد میں یوگیش راج کلیدی ملزم ہےاور گئو کشی معاملے کی شکایت بھی اسی نے کی تھی ۔ بتایا جاتا ہے کہ یوگیش راج بجرنگ دل کا ضلع کنوینر ہے ۔ سوموار کو بھیڑ کے ذریعے حملے میں پولیس انسپکٹر سبودھ کمار کی موت ہوگئی تھی ۔سبودھ کمار اخلاق قتل معاملے کے جانچ افسر بھی رہے تھے ۔معاملے میں بقیہ نامزد اور نامعلوم ملزموں کی گرفتاری کے لیے کوشش کی جارہی ہے۔ اے ڈی جی میرٹھ زون پرشانت کمار نے بتایا کہ فی الحال علاقے میں حالات قابو میں ہیں ۔ حالاں کہ احتیاط کے طور پر وہاں پولیس فورس کو تعینات کیا گیا ہے۔

پولیس انسپکٹر سبودھ کمار، فوٹو: پی ٹی آئی

پولیس انسپکٹر سبودھ کمار، فوٹو: پی ٹی آئی

انہوں نے بتایا کہ معاملے کی جانچ کے لیے ایس آئی ٹی بنائی گئی ہے ۔ اس جانچ میں یہ پتہ لگایا جائے گا کہ تشدد کیوں ہوااور کیوں پولیس اہلکار انسپکٹر سبودھ کمار کواکیلا چھوڑ کر بھاگ گیا ۔ اس معاملے میں پولیس نے کل 27 نامزد اور 60 نامعلوم لوگوں کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔اے ڈی جی کے مطابق ، انسپکٹر سبودھ کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں ان کو گولی لگنے کی تصدیق ہوئی ہے ۔ رپورٹ کے مطابق گولی ان کی بائیں بھنو سے ہوتے ہوئے سر کے اندر چلی گئی ۔ انہوں نے بتایا کہ معاملے میں مارے گئے چنگراؤٹھی کے رہنے والے امر جیت کے بیٹے سمیت کا بھی پوسٹ مارٹم ہوگیا ہے جس کی رپورٹ میں اس کی موت کی وجہ گولی لگنے کو بتایا گیا ہے۔

اس سے پہلے منگل کی صبح سبودھ کمار کو پولیس لائن کی آخری سلامی دی گئی ۔ اس کے بعد ان کی لاش کو ان کے گاؤں جنپد ایٹہ روانہ کردیا گیا ۔وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے بلند شہر میں گئو کشی کی افواہ کے بعد ہوئے تشدد پر دکھ کا اظہار کیا ہے اور مارے گئے انسپکٹر سبودھ کمار سنگھ کی اہلیہ کو 40 لاکھ روپے اور والدین کو 10 لاکھ روپے کی مالی مدد کا اعلان کیا ہے۔

انہوں نے متاثرہ فیملی کو پینشن اور فیملی کے ایک ممبر کو سرکاری نوکری دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔اے ڈی جی کے مطابق ، سوموار کی صبح گئوکشی کی اطلاع ملی تھی ،جس کے بعد پولیس موقع پر پہنچی ۔ گاؤں کے لوگوں نے روڈ جام کردیا ۔ مہاؤ اور چگلوالی سمیت تین گاؤں کے لوگ وہاں موجود تھے ۔

فوٹو: پی ٹی آئی

فوٹو: پی ٹی آئی

گاؤں والوں کی شکایت تھی کہ کھیت میں گائے کی ہڈیاں ملی ہیں ۔ ان کو کارروائی کا بھروسہ دلا یا گیا تھالیکن گاؤں والوں نے مین روڈ کو بلاک کر دیا ۔ان کا احتجاج تشد د میں تبدیل ہوگیا اور لوگوں نے پولیس پر پتھر بازی شروع کردی ،جس کے بعد پولیس کو لاٹھی چارج کرنا پڑا۔ انہوں نے بتایا کہ شروعات میں پولیس سے بات چیت کے دوران گاؤں والے متفق ہوگئے لیکن بعد میں پھر متشدد ہوگئے ۔

گاؤں والوں نے پولیس چوکی پر پتھراؤ کیا ۔ تین گاؤں کے تقریباً 400 لوگ وہاں موجود تھے ۔ تشدد کے دوران 15 گاڑیوں کو نقصان پہنچایا گیا۔ کئی گاڑیوں کو آگ لگادی گئی ۔ حملے میں انسپکٹر کے سر پر پتھر لگا ۔ یہ پورا معاملہ دوپہر 12 بجے کا ہے۔اے ڈی جی کمار نے بتایا کہ گئوکشی کے ثبوت ابھی نہیں ملے ہیں ۔ گئوکشی کے الزام اور تشدد دونوں کی جانچ کے لیے آئی جی میرٹھ رینج کی قیادت میں ایک ایس آئی ٹی بنائی گئی ہے ۔ تین سے چار لوگ اس ایس آئی ٹی میں ہوں گے۔

(خبررساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)