گزشتہ سوموار کو بلند شہر کے سیانہ گاؤں میں مبینہ گئوکشی کے بعد پھیلے تشدد میں پولیس افسر سبودھ کمار سنگھ کا قتل کر دیا گیا تھا۔اس معاملے میں بجرنگ دل کا رہنما یوگیش راج کلیدی ملزم ہے۔
نئی دہلی: اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے گئو کشی کے شک میں ہوئے بلند شہر تشدد پر منگل کو میٹنگ کی۔ یوگی کی ریویو میٹنگ میں ساری توجہ گئو کشی پر رہی۔ انھوں نے تشدد میں مارے گئے پولیس افسر سبودھ کمار کی موت پر ایک لفظ بھی نہیں بولا۔ این ڈی ٹی وی کے مطابق؛ سی ایم نے اس معاملے پر چیف سکریٹری ،ڈی جی پی، پرنسپل ہوم سکریٹری ، ایڈیشنل ڈی جی پی انٹیلی جنس کے ساتھ میٹنگ کی۔ میٹنگ کے بعد ایک پریس ریلیز جاری کی گئی، جس میں انسپکٹر کا ذکر تک نہیں تھا۔
یوگی آدتیہ ناتھ کی اس میٹنگ میں تشدد اور پولیس سکیورٹی کو لے کر کوئی دھیان نہیں دیا گیاہے۔ گزشتہ 4 ستمبر 2018 کو جاری پریس ریلیز میں لکھا گیا ہے کہ یوگی آدتیہ ناتھ نے سنجیدگی سے جانچ کر گئو کشی میں ملوث سبھی آدمیوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت دی ہے۔
پریس ریلیز کے مطابق،’ وزیر اعلیٰ نے اس معاملے کو ریویو کر ہدایت دی ہے کہ اس کی سنجیدگی سے جانچ کر کے گئو کشی میں ملوث سبھی آدمیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ انھوں نے کہا کہ یہ معاملہ ایک بڑی سازش کا حصہ ہے۔ اس لیے گئو کشی سے متعلق سبھی واضح اور بلاواسطہ عناصر کو وقت رہتے گرفتار کیا جائے۔’ اس کے علاوہ یوگی آدتیہ ناتھ نے تشدد میں مارے گئے 20 سالہ سمت کے گھر والوں کو چیف منسٹر ریلیف فنڈ سے 10 لاکھ روپے کی مالی مدد دینے کا اعلان بھی کیا ہے۔
پریس ریلیز میں آگے لکھا گیا،’19 مارچ 2017 سے غیر قانونی سلاٹر ہاؤس بند کر دیے گئے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے اس معاملے میں سبھی ڈی ایم اور پولیس سپرنٹنڈنٹ کو یہ ہدایت دی ہے کہ ضلع سطح پر ایسے غیر قانونی کام کسی بھی حالت میں نہ ہوں۔یوگی آدتیہ ناتھ نے یہ بھی ہدایت دی ہے کہ مہم چلا کر ماحول خراب کرنے والے عناصر کو بے نقاب کر کے ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔
واضح ہو کہ بلند شہر کے سیانہ میں سوموار کو گئو کشی کی افواہ کے بعد پھیلے تشدد میں پولیس انسپکٹر سبودھ کمار سنگھ کا قتل کر دیا گیا تھا۔اس معاملے میں بجرنگ دل کے رہنما یوگیش راج کو کلیدی ملزم بنایاگیا ہے۔سبودھ کمار سنگھ اتر پردیش کے دادری میں گائے کا گوشت رکھنے کے شک میں پیٹ پیٹ کر مار دیے گئے اخلاق معاملے کے جانچ افسر بھی رہے تھے۔
تشدد کی جانچ کے لیے ایس آئی ٹی کی تشکیل کی گئی ہے۔ اس جانچ میں یہ پتا لگایا جائے گا کہ تشدد کیوں ہوا اور کیوں پولیس افسر انسپکٹر سبودھ کمار سنگھ کو اکیلا چھوڑ کر بھاگ گئے ۔ اس معاملے میں پولیس نے کل 27 نامزد اور 60 نہ معلوم لوگوں کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔
Categories: خبریں