خبریں

بلند شہر تشدد: میرٹھ رینج کے آئی جی نے کہا،بجرنگ دل لیڈریوگیش راج کے خلاف ثبوت ملتے ہی ہوگی کارروائی

میرٹھ رینج کے آئی جی رام کمار کے مطابق،ایف آئی آر میں غلطی سے ایک بچے کانام درج ہوگیا تھا۔اب 11 سال کے ساجد کی جگہ 26 سال کے دوسرے ساجد کو گرفتار کیا گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ،اگر یوگیش کے خلاف ثبوت ملے تو ہم کارروائی کرنے میں دیر نہیں کریں گے۔

فوٹو: پی ٹی آئی

فوٹو: پی ٹی آئی

نئی دہلی : بلند شہر تشدد معاملے میں 4 دن کے بعد بھی پولیس نے اس معاملے میں کلیدی ملزم یوگیش راج کو گرفتار نہیں کیا ہے۔این ڈی ٹی وی کی ایک خبر کے مطابق، پولیس اس معاملے میں اب ثبوتوں کو دھیان میں رکھتے ہوئے ہی کارروائی کی بات کر رہی ہے۔ این ڈی ٹی وی سے بات چیت میں میرٹھ رینج کے آئی جی رام کمار نے بتایا کہ اب تک 7 میں سے 4 ملزموں کو گرفتار کیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ایف آئی آر میں غلطی سے ایک بچے کانام درج ہوگیا تھا۔

اب 11 سال کے ساجد کی جگہ 26 سال کے دوسرے ساجد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ایف آئی آر سے ایک دوسرے نابالغ بچے کا نام ہٹا دیا گیا ہے۔ آئی جی رام کمار نے بتایا کہ نامزد لوگوں میں سے تو کئی کے خلاف کارروائی کی جاچکی ہے وہیں دوسروں کے خلاف ابھی کارروائی ہونا باقی ہے۔ آئی جی رام کمار نے بتایا کہ تشدد اور انسپکٹر کے قتل معاملے میں اب تک 3 لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ آئی جی میرٹھ سے بات چیت کے دوران این ڈی ٹی وی نے اس معاملے کو لے کر ان سے کئی سوال کیے ۔

ویڈیو کی بنیاد پر کارروائی کیوں نہیں ؟اس سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ، وہاں تقریباً 100 لوگوں کی بھیڑ تھی ۔ سب کے رول کی جانچ کی جارہی ہے ۔ یعنی رول کو جانے بغیر کارروائی کرنا عجلت ہوگی ۔اسی طرح یہ پوچھے جانے پر کہ یوگیش راج کو ابھی تک گرفتار کیوں نہیں کیا گیا ؟ آئی جی میرٹھ نے کہا کہ ، وہ ویڈیو جاری کررہا ہے یہ اس کا کام ہے، ہم لوگ ثبوت کی بنیاد پر ہی کارروائی کر سکتے ہیں جس کے خلاف جو ثبوت ملے گا اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔ اگر یوگیش کے خلاف ثبوت ملے تو ہم کارروائی کرنے میں دیر نہیں کریں گے۔

این ڈی ٹی وی نے جب آئی جی میرٹھ سے یہ پوچھا کہ ، آپ کی باتوں سے ایسا لگ رہا ہے کہ یوگیش کے خلاف آپ کے پاس ابھی ثبوت نہیں ہیں ؟ تو انہوں نے کہا کہ جو ثبوت آئیں گے ہم اس کی بنیاد پر ہی تو کارروائی کر پائیں گے نا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ، ابھی ان کو فارینسک ٹیسٹ کر وانا ہے جو کچھ بھی چیزیں ہیں ،ابھی صاف طور پر کس کا کیا رول ہے یہ صاف نہیں ہے ۔ انسپکٹر صاحب کو گولی کس نے ماری ۔ اس بات کی جب تک واضح جانکاری نہیں ہوگی تب گولی مارنے والا پکڑا نہیں جائے گا۔

ابھی اس کی پہچان ہونی ہے ۔ دوسری اہم بات یہ ہے کہ اس علاقے میں کبھی گئو کشی ہوتی نہیں ہے ۔ وہاں کس نے گئو کشی کی ۔ اس آدمی کو پکڑنے سے زیادہ یہ چیزیں بھی ضروری ہیں ۔این ڈی ٹی وی نے جب آئی جی میرٹھ رینج سے پوچھا کہ ویڈیو میں سمت بھی پتھراؤکر تے ہوئے دکھائی دے رہا ہے تو کیا یہ آپ کی جانکاری میں آگیا ہے ؟اس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ ویڈیو تو سبھی کے پاس ہے اب ، ہم اس پورے معاملے کی جانچ کر رہے ہیں ۔اس ویڈیو کا بھی فارینسک جانچ کرایا جارہا ہے۔

اس کے بعد جب این ڈی ٹی وی نے پوچھا کہ جب سمت خود ہی پتھراؤ کر رہا ہے تو کیا اس کی فیملی کو 10 لاکھ کا معاوضہ مل سکتا ہے ؟ اس سوال پر انہوں نے کوئی تبصرہ نہیں کیا۔غور طلب ہے کہ سوموار  کو گئو کشی کے شک میں بلند شہر میں تشدد کا معاملہ سامنے آیا تھا ،جس میں پولیس انسپکٹر سمیت 2 لوگوں کی موت ہوگئی تھی ۔مبینہ طور پرگئو کشی کے خلاف مظاہرہ کررہے لوگوں نے پولیس تھانے پر حملہ کیا اور جم کر توڑ پھوڑ کی تھی ۔اس معاملے میں بجرنگ دل کے ضلع کنوینر یوگیش راج کو کلیدی ملزم بنایا گیا ہے۔