خبریں

بلند شہر تشدد: انسپکٹر سبودھ قتل معاملے میں آرمی جوان شک کے دائرے میں

 پولیس یہ پختہ طو رپر کہہ رہی ہے کہ جیتو فوجی معاملے میں شامل تھا۔ اس لیے اس کو نامزد کیا گیا ہے۔انسپکٹر سبودھ کمار کو گولی جیتو فوجی نے ماری یا نہیں اس پر سوال ہے ۔یوپی پولیس بی ایس ایف کے رابطے میں ہے اور آج جیتو کی گرفتاری کا امکان ہے۔

انسپکٹر سبودھ کمار سنگھ، فوٹو: پی ٹی آئی

انسپکٹر سبودھ کمار سنگھ، فوٹو: پی ٹی آئی

نئی دہلی : بلند شہر تشدد میں انسپکٹر سبودھ کمار سنگھ قتل معاملے میں این ڈی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے رپورٹ شائع کی ہے کہ انسپکٹر سبودھ کمار سنگھ کا قتل ایک آرمی جوان نے کیا ہے ، آرمی جوان کا نام جیتو عرف فوجی بتایا جارہا ہے۔ ذرائع کے مطابق ،یہ شک ظاہر کیا جارہا ہے کہ چھٹی پر جموں وکشمیر سے گھر آئے جیتو عرف فوجی کی گولی سے ہی انسپکٹر سبودھ کمار سنگھ کی موت ہوئی ہے ۔

حالاں کہ پولیس نے اس بات کی تصدیق نہیں کی ہے،لیکن پولیس کا پہلا شک جیتو پر ہی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ تشدد کے دوران اس کو کئی بار دیکھا گیا تھا۔ واضح ہو کہ اس معاملے میں جو ایف آئی آر درج کی گئی ہے اس میں کلیدی ملزم بجرنگ دل کا لیڈر یوگیش راج ہے ۔ اس کے علاوہ 27 لوگوں کو نامزد کیا گیا ہے۔

اتر پردیش پولیس کے ایک بڑے افسر کے مطابق، مقامی ،ملزم اور موقع پر موجود لوگوں سے پوچھ تاچھ میں جیتو فوجی کا نام سامنے آیا ہے۔ اس کو پکڑنے کے لیے دو ٹیمیں نکل چکی ہیں ۔ لیکن ہم لوکیشن اس لیے نہیں بتا سکتے کہ کیوں کہ اس سے جانچ متاثر ہوسکتی ہے۔جب ہم جیتو کو پکڑ لیں گے او رپوچھ تاچھ کر لیں گے تب بتاپائیں گے کہ کیا واقعی میں انسپکٹر سبودھ کا قتل جیتو فوجی نے کیا ہے۔ یہ ہماری شروعاتی لیڈ ہے ۔ ذرائع کے مطابق،جیتو کو پکڑنے کے لیے پولیس کی دو ٹیمیں جموں وکشمیر گئی ہیں ۔ ایک ٹیم یوپی ایس ٹی ایف کی ہے اور دسری یوپی پولیس کی ۔

این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ، پولیس یہ پختہ طو رپر کہہ رہی ہے کہ جیتو فوجی معاملے میں شامل تھا۔ اس لیے اس کو نامزد کیا گیا ہے۔ سبودھ کمار کو گولی جیتو فوجی نے ماری یا نہیں اس پر سوال ہے ۔ جیتو فوجی معاملے کے فوراً بعد یہاں سے بھاگ کر اپنے بٹالین چلا گیا ۔ جیتو کا بھائی دھرمیندر بھی آرمی میں ہےاور وہ پونے میں تعینات ہے۔ پولیس نے جیتو کے والد راج پال سے ہوچھ تاچھ کی ہے جس میں پتہ چلا کہ تشدد کے  دورا ن جیتو گاؤں میں ہی تھا۔

پولیس کا کہناہے کہ مہاؤ گاؤں کے کھیت میں ہی گائے کا گوشت ملا تھا ۔ پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ جیتو تشدد کے دوارن وہاں موجود تھا ۔ کئی ویڈیو میں اس کو دیکھا گیا ہے۔ تشدد کے بعد وہ جموں و کشمیر بھاگ گیا۔ یوپی پولیس بی ایس ایف کے رابطے میں ہے اور آج جیتو کی گرفتاری کا بھی امکان ہے۔اسی معاملے میں سمت نامی لڑکے کے قتل معاملے میں ابھی تک یہ صاف نہیں ہے کہ اس کی موت کس کی گولی سے ہوئی ہے۔

این بی ٹی کی ایک خبر کے مطابق، میرٹھ زون کے اے ڈی جی پرشانت کشور نے اس معاملے میں کہا ہے کہ ، انسپکٹر سبودھ کے قتل میں آرمی کا ایک جوان ملزم ہے اور قتل سے اس کا براہ راست تعلق ابھی ثابت نہیں ہو اہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ، جیتو کا نام ایف آئی آر میں درج ہے اور اس کو پکڑنے کے لیے ٹیمیں جموں بھیج دی گئی ہیں ۔وہیں جیتو کی ماں نے کہا ہے کہ اگر ان کے بیٹے نے انسپکٹر کو گولی ماری ہے تو ا س کو بھی گولی مار دو۔انہوں نے یہ الزام بھی لگایا ہے کہ ان کی بہو کے زیور لوٹ لیے گئے ہیں اور بے عزتی بھی کی گئی ہے۔ وہ اس معاملے میں کیس کریں گی۔

غور طلب ہے کہ سوموار  کو گئو کشی کے شک میں بلند شہر میں تشدد کا معاملہ سامنے آیا تھا ،جس میں پولیس انسپکٹر سمیت 2 لوگوں کی موت ہوگئی تھی ۔مبینہ طور پرگئو کشی کے خلاف مظاہرہ کررہے لوگوں نے پولیس تھانے پر حملہ کیا اور جم کر توڑ پھوڑ کی تھی ۔اس معاملے میں بجرنگ دل کے ضلع کنوینر یوگیش راج کو کلیدی ملزم بنایا گیا ہے۔