خبریں

اتر پردیش میں کوئی ماب لنچنگ نہیں، بلند شہر کا واقعہ ایک’ حادثہ‘: یوگی آدتیہ ناتھ

انسپکٹر سبودھ سنگھ کے قتل پر جمعہ کو چپی توڑتے ہوئے سی ایم  نے بلند شہر کے واقعہ کو محض ایک حادثہ قرار دیا۔

فوٹو: پی ٹی آئی

فوٹو: پی ٹی آئی

نئی دہلی: گزشتہ سوموار کو اتر پردیش کے بلند شہر کے سیانہ گاؤں میں مبینہ گئو کشی کے بعد ہوئے تشدد میں پولیس افسر سبودھ کمار سنگھ کا قتل کر دیا گیا تھا۔یو پی کے وزیر اعلیٰ نے اس کو ماب لنچنگ ماننے سے انکار کر دیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق؛انسپکٹر سبودھ سنگھ کے قتل پر جمعہ کو چپی توڑتے ہوئے سی ایم  نے بلند شہر کے واقعہ کو محض ایک حادثہ قرار دیا۔ روزنامہ  دینک جاگرن کے ایک پروگرام جاگرن فورم میں یوپی کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ ‘اتر پردیش میں کوئی ماب لنچنگ نہیں ہے، بلند شہر کا واقعہ ایک حادثہ ہے۔’

حالانکہ اتر پردیش پولیس سبودھ کمار سنگھ کے قتل کے ملزموں کو پکڑنے سے پہلےمبینہ گئو کشی کے معاملے کی جانچ کرے گی۔بلند شہر کے اے ایس پی رئیس اختر نے انڈین ایکسپریس کو بتایا کہ،’ اس وقت ہماری اہم فکر یہ ہے کہ کن لوگوں نے گائے کو مارا ہے۔ گائے کے قتل کو لے کر پھیلے تشدد میں ہی انسپکٹر سبودھ کمار سنگھ کی موت ہوئی تھی۔ ہمارا ماننا ہے کہ پہلے جب ہم گئو کشی کی جانچ کر لیں گے تو اس سے پتا چلے گا کہ کیسے سبودھ سنگھ کی موت ہوئی تھی۔ ‘انھوں نے مزید کہا،’ گائے کا قتل کرنے والے ہماری ترجیحات میں ہیں۔ فی الحال قتل اور تشدد/فسادات معاملہ ہماری ترجیحات میں نہیں ہیں۔ ‘

اس سے پہلے سی ایم یوگی نے انسپکٹر سبودھ سنگھ کے گھر والوں سے جمعرات کو ملاقات کی اور انھوں نے مناسب انصاف دلانے کا بھروسہ دیا۔ غور طلب ہے کہ پولیس نے ابھی تک چمن، دیویندر، آشیش چوہان اور ستیش نام کے چار لوگوں کو سنگھ کے قتل کے معاملے میں گرفتار کیا ہے۔ حالانکہ ابھی تک کلیدی ملزم بجرنگ دل کا رہنما یوگیش راج فرار ہے۔ پولیس ابھی تک اس کو نہیں پکڑ پائی ہے۔ اس کے علاوہ پولیس نے گئو کشی کے معاملے میں شرف الدین، ساجد، آصف اور ننھے نام کے چار لوگوں کو گرفتار کیا ہے ۔ ان سبھی کو یو پی کاؤ سلاٹر پریونشن ایکٹ 1955 کے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔

انسپکٹر کے قتل کا کلیدی ملزم یوگیش راج نے سوشل میڈیا پر ویڈیو ڈال کر یہ دعویٰ کیا ہے کہ وہ بے قصور ہے۔وہیں اس معاملے میں ملزم نمبر 9 شکھر اگروال نے بھی ویڈیو ڈال کر کہا ہے کہ مرنے والے پولیس افسر نے اس کو ڈرانے دھمکانے کی کوشش کی تھی۔ اگروال کے ان دعووں پر بلند شہر کے ایس پی سٹی پروین رنجن سنگھ نے کہا،’ ایک ملزم اپنے بچاؤ میں کچھ بھی کہے گا۔ اس سے فرق نہیں پڑتا ہے۔ سبودھ ایک ایماندار آفیسر تھے۔’