اس سے پہلے بلند شہر ایس ایس پی ، سیانہ سی او اور چنگراوٹھی پولیس چوکی انچارج کا تبادلہ کر دیا گیا تھا۔ بلند شہر تشدد کے دوران انسپکٹر سبودھ کمار سنگھ اور سمت کمار نامی نوجوان کی موت ہو گئی تھی۔
نئی دہلی: اتر پردیش حکومت نے بلند شہر کے ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (رورل )رئیس اختر کو ہٹا کر لکھنؤ پی اے سی ہیڈکوارٹر بھیج دیا ہے۔ ان کی جگہ پر غازی آباد میں پولیس کنٹرول روم میں تعینات رہے منیش مشر کو بھیجا گیا ہے۔ بلند شہر میں گزشتہ دنوں ہوئے تشدد میں پولیس انسپکٹر سبودھ کمار سنگھ کے قتل کے معاملے میں حکومت بلند شہر کے ایس ایس پی کرشن بہادر سنگھ کا تبادلہ بھی کر چکی ہے۔
واضح ہو کہ گزشتہ تین دسمبر کو بلندشہر کے سیانہ کے چنگراوٹی علاقے میں مبینہ گئوکشی کو لےکر مشتعل بھیڑ کے تشدد میں تھانہ کوتوالی میں تعینات انسپکٹر سبودھ کمار سنگھ اور سمت نامی ایک دوسرے نو جوان کی موت ہو گئی تھی۔ اس معاملے میں 27 نامزد لوگوں اور 50-60 نامعلوم لوگوں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ان میں سے اب تک 10 لوگوں کی گرفتاری ہو چکی ہے۔
اس بیچ سبودھ سنگھ کے قتل معاملے میں جتیندر ملک عرف جیتو فوجی کو 14 دن کی جوڈیشیل حراست میں بھیج دیا گیا ہے۔ گزشتہ 8 دسمبر کو آرمی نے جیتو فوجی کو حراست میں لے کر اس کو اتر پردیش پولیس کو سونپ دیا۔ جیتو جموں و کشمیر کے سوپور ضلع میں تعینات تھا۔اس سے پہلے ریاستی حکومت نے ایس ایس پی بلند شہر کرشن بہادر سنگھ کو ہٹا دیا تھا ۔ ان کو لکھنؤ واقع ڈی جی پی آفس سے متعلق کر دیا گیا ہے۔ان کی جگہ سیتا پور کے پولیس افسر پربھاکر چودھری کو بلند شہر کا نیا ایس ایس پی بنایا گیا ہے۔
حکومت نے بلند شہر میں سیانہ کے سی او ستیہ پرکاش شرما اور چنگراوٹھی پولیس چوکی کے انچارج سریش کمار کا بھی تبادلہ کر دیا ہے۔ اے ڈی جی (آئی بی)ایس بی شیروڈکرنے 7 دسمبر کی رات اعلیٰ افسروں کو خفیہ جانچ رپورٹ سونپی اور یہ قیاس کیا جا رہا ہے کہ رپورٹ کے نتائج کی بنیاد پر ہی یہ تبادلے کیے گئے۔
(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)
Categories: خبریں