خبریں

بلند شہر تشدد: پولیس کا دعویٰ انسپکٹر قتل معاملے میں یوگیش نہیں ،پرشانت نٹ اور جانی ہے کلیدی ملزم

پرشانت نٹ کو پولیس نے حراست میں لے لیا ہے جبکہ جانی کی تلاش جاری ہے۔پولیس نے انسپکٹر قتل معاملے میں دونوں کو کلیدی ملزم بنایا ہے۔

انسپکٹر سبودھ کمار سنگھ۔ (فوٹو : پی ٹی آئی)

انسپکٹر سبودھ کمار سنگھ۔ (فوٹو : پی ٹی آئی)

نئی دہلی: بلند شہر تشدد میں ایک نئی جانکاری سامنے آرہی ہے ۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ  بلند شہر تشدد میں مارے گئے انسپکٹر سبودھ کمار سنگھ کے قتل کا کلیدی ملزم بجرنگ دل رہنما یوگیش راج نہیں بلکہ 30 سالہ پرشانت نٹ ہے ۔اکانومک ٹائمس کی ایک خبر کے مطابق؛ یوپی پولیس کے ایک سینئر افسر نے یہ جانکاری دی ہے ۔ غورطلب ہے کہ اس معاملے میں نٹ کا نام پہلی بار سامنے آیا ہے ،اس کا نام ایف آئی آر میں بھی نہیں ہے ۔

این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق، پولیس نے انسپکٹر سبودھ کمار سنگھ کو گولی مارنے والے اور ریوالور چرانے والے کی پہچان کر لی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق جانی نامی شخص نے انسپکٹر سبودھ کی ریوالور چرائی تھی اور پرشانت نٹ نے ان کو گولی ماری تھی ۔ تازہ ترین جانکاری کے مطابق ،پرشانت نٹ کو پولیس نے حراست میں لے لیا ہے جبکہ جانی کی تلاش جاری ہے۔پولیس کو ہاتھے لگے ویڈیو میں جانی اور نٹ دونوں ساتھ دیکھے گئے ۔پولیس نے انسپکٹر قتل معاملے میں دونوں کو کلیدی ملزم بنایا ہے۔

اس سے قبل یوپی کے اڈیشنل ڈائریکٹرجنرل (لاء اینڈ آرڈر)آنند کمار نے بتایا کہنٹ ایک ڈرائیور ہے اور دہلی میں رہتا ہے ۔ آنند کما ر نے بتا یا کہ ، ویڈیو فوٹیج اور کچھ لوگوں کی گواہی کی بنیاد پر انسپکٹر سبودھ کمار سنگھ قتل معاملے میں نٹ کو مشکوک پایا گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ، ہم نے دو بار کرائم سین بنایا اور ان لوگوں پر فوکس کیا جنہوں نے وہاں جاکر انسپکٹر کو قتل کیا تھا۔ نٹ اسی گروپ کا حصہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ ، انسپکٹر قتل معاملے کو ہم نے تقریباً حل کر لیا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ پہلے انسپکٹر سبودھ کمار سنگھ قتل معاملے میں یوگیش راج کو کلیدی ملزم بتایا جارہا تھا۔آنند کمار نے بتایا کہ یوگیش راج کا رول لوگوں کو جمع کرنے ،بھیڑ کو اکسانے اور انسپکٹراور سی او سے پولیس اسٹیشن میں نوک جھونک تک ہے ،لیکن بعد میں وہاں جاکر انسپکٹر قتل معاملے میں وہ مشکوک نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ ،نٹ کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا ۔پھر وہ سب کچھ اگل دے گا۔

بلند شہر تشدد معاملے میں فرار ملزمین ستیش ،ونیت اور سچن کے ساتھ پرشانت نٹ نے بلند شہر کورٹ میں گزشتہ ہفتے سرینڈر کی عرضی دائر کی تھی ،لیکن سوموار کو وہ سرینڈر کرنے نہیں پہنچے۔چنگراوٹی گاؤں سے نٹ کے بیوی ،بچے اور ماں باپ سمیت پوری فیملی فرار ہے۔دریں اثنا پولیس اب تک انسپکٹر سبودھ کمار سنگھ کی لائسنسی پسٹل اور ان کے تین موبائل فون کا پتہ نہیں لگا پائی ہے۔پولیس کے مطابق ،ان چیزوں کو لے کر نٹ ہی فرار ہوا ہے۔ شک ہے کہ سنگھ کی لائسنسی پسٹل سے ہی ان کو گولی ماری گئی ۔ اب تک کی پولیس جانچ میں انکشاف ہوا ہے کہ سمت نامی نوجوا ن کو گولی لگنے کے بعد بھیڑ نے انسپکٹر پر جان لیوا حملہ کیا ۔ بعد میں سمت نے بھی دم توڑ دیا۔

پولیس کو نٹ سمیت تین چار لوگوں پر شک ہے ۔جانکاری کے مطابق یہ لوگ پولیس وین کے نزدیک تھے ۔ یوپی پولیس نے اب تک اس معاملے میں 22 لوگوں کو گرفتار کیا ہے اور 6 سے زیادہ لوگوں نے کورٹ میں سرینڈر کیا ہے ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس نے فرار لوگوں کو مجرم قرار دینے اور کی جائیداد کو ضبط کرنے کے لیے کورٹ میں عرضی دی ہے۔ اس سے پہلے پولیس کو فوجی اہلکار جیتو فوجی پر قتل میں شامل ہونے کا شک تھا ،لیکن اس کے خلاف ثبوت نہیں ملے ۔