خبریں

صفائی ملازمین کا سوال ’پیر‘ کا نہیں بلکہ ’پیٹ‘ کا ہے: شیو سینا

شیو سینا نے اپنی پارٹی کے ماؤتھ پیس سامنا میں کہا ہے کہ ، صفائی ملازمین کے پاؤں دھونے کے لیے مودی کو مبارکبا ددینی چاہیے لیکن ان سے جڑا سوال ان کے پیٹ کے بارے میں ہے نہ کہ ان کے پیر کے بارے میں۔

فوٹو: ٹوئٹر

فوٹو: ٹوئٹر

نئی دہلی: شیو سینا نے وزیر اعظم نریندر مودی کے کمبھ میلے میں صفائی ملازموں کے پیر دھونے کی تعریف کی لیکن ساتھ میں یہ بھی کہا کہ ان لوگوں کا سوال پہلے ان کے پیٹ کا ہے پیر کا نہیں ۔قابل ذکر ہے کہ گزشتہ دنوں وزیر اعظم مودی نے اتر پردیش کے سنگم میں ڈبکی لگانے کے بعد کمبھ میلے میں صفائی رکھنے والے صفائی ملازمین کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے چنندہ ملازموں کی چرن وندنا کی تھی ، جس کے بعد شیو سینا نے یہ تبصرہ کیا ہے۔

شیو سینا نے اپنی پارٹی کے ماؤتھ پیس سامنا میں کہا ہے کہ ، صفائی ملازمین کے پاؤں دھونے کے لیے مودی کو مبارکبا ددینی چاہیے لیکن ان سے جڑا سوال ان کے پیٹ کے بارے میں ہے نہ کہ ان کے پیر کے بارے میں۔گزشتہ اتوار کو وزیر اعظم مودی نے اتر پردیش کے گورکھپور میں 75000کروڑ روپے والی پردھان منتر ی کسان سمان ندھی اسکیم کی شروعات کی اور ایک کروڑ سے زیادہ کسانوں کے اکاؤنٹ میں 2000کروڑ روپے کی پہلی قسط ڈالی گئی ہے۔

اس کا حوالہ دیتے ہوئے شیو سینا نے کہا کہ انتخابی موسم شروع ہوگیا ہے اور حکومت نے پی ایم کسان یوجنا اور زیر تعمیر گھروں پر جی ایس ٹی 12 فیصد سے کم کرکے 5 فیصد کرنے سمیت کئی فیصلے لیے ہیں ۔


یہ بھی پڑھیں: اور ایک دن نریندر مودی صفائی ملازمین کے پاؤں دھوکر میڈیا میں عظیم بن گئے…


قابل ذکر ہے کہ الٰہ آباد میں چل رہے کمبھ میلہ کے دوران گزشتہ 24 فروری کو وزیر اعظم نریندر مودی نے سنگم میں ڈبکی لگائی اور پھر صفائی ملازمین‎ کے پیر دھوئے تھے۔ اس بیچ صفائی ملازمین‎ کے حق اور حقوق کو لےکر لڑائی لڑنے والی ایک تنظیم نے وزیر اعظم نریندر مودی کے ذریعے صفائی ملازمین‎ کے پیر دھونے کی مخالفت کی ہے۔سیور میں صفائی ملازمین‎ کی ہونے والی اموات کے خلاف سوموار کو آدی دھرم سماج ‘آدھس ‘ بھارت نام کی ایک تنظیم نے نئی دہلی واقع جنتر منتر پر  مظاہرہ کیا۔

مظاہرہ کے دوران تنظیم کے صدر درشن’ رتن ‘راون نے کہا،’صفائی ملازمین‎ کے پیر دھونے کی ضرورت نہیں ہے بلکہ ان کے پیر کیچڑ سے نکالنے کی ضرورت ہے۔ اس کا بچہ صفائی ملازم نہ بنے، اس کے لئے کوشش کرنے کی ضرورت ہے۔ ‘دی وائر نے جب راون سے پوچھا کہ کیا یہ مظاہرہ اتوار کو الٰہ آباد میں وزیر اعظم نریندر مودی کے ذریعے صفائی ملازمین‎ کے پیر دھلنے کی مخالفت میں ہے تو انہوں نے کہا، ‘ ان کا یہ مظاہرہ پہلے سے طے تھا۔ اس بارے میں انہوں نے گزشتہ سال نومبر میں پہلا اجلاس کیا تھا۔ ‘

(خبررساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)