خبریں

فوج سرحد سنبھال رہی ہے اور پردھان سیوک بوتھ سنبھال رہے ہیں: کانگریس

سرجے والا نے کہا، کانگریس نے آج جمعرات کو ہونے والی اہم سی ڈبلیو سی کی میٹنگ اور ریلی کو رد کر دیا۔ ملک اور سب جماعت آرمڈ فورسز کے ساتھ ہیں،لیکن مودی جی ویڈیو کانفرنسنگ کا ریکارڈ بنانے کو بے چین ہیں۔

سرجے والا/ فوٹو: پی ٹی آئی

سرجے والا/ فوٹو: پی ٹی آئی

نئی دہلی: بی جے پی کارکنوں کے ساتھ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے وزیر اعظم نریندر مودی کی بات چیت کو لے کر کانگریس نے جمعرات کو ان کو تنقید کا نشانہ بنایا  اور طنز کرتے ہوئے کہا کہ آرمی ملک کی سرحد سنبھال رہی ہے اور ‘پردھان سیوک’ بوتھ سنبھال رہے ہیں۔پارٹی نے یہ بھی الزام لگایا کہ جب ملک ایئر فورس کے پائلٹ ونگ کمانڈر ابھینندن کی واپسی کے لیے بے چین ہے تو اس وقت وزیر اعظم اقتدار میں بنے رہنے کے لیے بے چین ہیں۔

کانگریس کے ترجمان رندیپ سرجے والا نے ٹوئٹ کر کہا،’ فوج سرحد سنبھال رہی ہے اور پردھان سیوک بوتھ سنبھال رہے ہیں!یہ ہیں ستا کے سپاہی!’ انھوں نے یہ بھی الزام لگایا،’ ملک جاں باز، ونگ کمانڈر ابھینندن کی بلا تاخیر محفوظ واپسی کو بے چین ہیں اور پردھان سیوک ستا واپسی کے لیے۔’سرجے والا نے کہا،’ کانگریس نے آج جمعرات کو ہونے والی اہم سی ڈبلیو سی کی میٹنگ اور ریلی کو رد کر دیا۔ ملک اور سب جماعت آرمڈ فورسز کے ساتھ ہیں،لیکن مودی جی ویڈیو کانفرنسنگ کا ریکارڈ بنانے کو بے چین ہیں۔’

دراصل مودی نے ‘میرا بوتھ سب سے مضبوط ‘مہم کےتحت جمعرات کو نمو ایپ کے ذریعے ملک بھر کے پارٹی کارکنوں سے بات چیت کی۔

غور طلب ہے کہ بدھ، 27 فروری کو پاکستان نے دعویٰ کیا کہ اس نے اپنے ہوائی حلقے میں دو ہندوستانی جنگی طیاروں کو مار گرایا ہے اور دو پائلٹ کو حراست میں لیا ۔ حالاں کہ بعد میں پاکستان کی جانب سے ایک بیان جاری کر کے کہا گیا ہے کہ اس کے قبضے میں صرف ایک ہی پائلٹ ہے ۔ بعد میں اس پائلٹ کی پہچان ونگ کمانڈر ابھینندن کے طور پر ہوئی۔اس بیچ ہندوستانی وزارت خارجہ نے مگ 21 سمیت اپنا ایک پائلٹ لاپتہ ہونے کی بات کہی تھی۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)