خبریں

نریندر مودی کے خلاف الیکشن  لڑیں‌ گے چندرشیکھر آزاد

بھیم آرمی  چیف چندرشیکھر آزاد نے کہا،اس انتخاب میں میرا مقصد صرف مودی کو ہرانا ہے۔وہ جہاں سے الیکشن لڑیں گے میں بھی وہیں سے میدان میں اتروں گا۔

Credit: Munish Kumar

Credit: Munish Kumar

نئی دہلی: بھیم آرمی  کے چیف چندرشیکھر آزاد نے وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف وارانسی سے الیکشن  لڑنے کی بات کہی ہے۔ چندرشیکھر نے کہا کہ وہ پہلے تنظیم سے کوئی مضبوط امیدوار اتارنے کی کوشش کریں‌گے، اگر ایسا نہیں ہو پایا تو وہ خود میدان میں آئیں‌گے۔ انہوں نے یہ اعلان این ڈی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کیا ۔چندرشیکھر آزاد نے کہا کہ وہ مودی کو آسانی سے جیتنے نہیں دیں‌گے۔ آزاد اس وقت میرٹھ کے ایک اسپتال میں زیر علاج  ہیں۔

اس سے پہلے کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی ان سے ملاقات کرنے پہنچی تھی ۔ پرینکا گاندھی کے ساتھ اپنی ملاقات پر چندر شیکھر نے  این ڈی ٹی وی کو بتایا کہ پرینکا نے ان سے بھائی کہہ کر ان کا حال پوچھا۔میں نے کہا بہن میں ٹھیک ہوں۔چندر شیکھر نے کہا کہ پرینکا گاندھی نے کہا کہ آپ اکیلے لڑ رہے ہیں سرکار کے خلاف میں آپ کو اتنا بتانے آئی ہوں کہ ہم سب آپ کے ساتھ ہیں۔ہم سب آپ کی حمایت میں پیش پیش  ہیں۔

پرینکا گاندھی کی چندرشیکھر سے ملاقات کے بعد ان کی بھیم آرمی  اور کانگریس کے درمیان اتحاد کی باتیں بھی ہونے لگی ہیں۔ حالانکہ چندرشیکھر نے کسی طرح کے اتحاد سے انکار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ’ میں بہوجن سماج میں پیدا ہوا ہوں اور وہیں مروں‌گا۔چندرشیکھر نے کہا کہ میں صرف بہوجن سماج کی سیاست کرنا چاہتا ہوں۔ ‘

انہوں نے کہا کہ اس انتخاب میں میرا مقصد صرف مودی کو ہرانا ہے۔وہ جہاں سے الیکشن لڑیں گے میں بھی وہیں سے میدان میں اتروں گا۔غور طلب ہے کہ گزشتہ  منگل کو پولیس نے دیوبند میں ان کی ریلی کو روک لیا تھا۔ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے الزام میں ان کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔ طبیعت خراب ہونے کی شکایت کے بعد ان کو اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔