خبریں

2014 میں دوبارہ ایم پی بنے 153 رہنماؤں کی ملکیت میں 142فیصد اضافہ،بی جے پی کے سب سے زیادہ رہنما شامل: رپورٹ

الیکشن واچ اور ایسوسی ایشن فار ڈیمو کریٹک رفارمس کی  رپورٹ  کے مطابق بی جے پی کے 72 رہنماؤں کی ملکیت میں 7.54 کروڑ روپے کا اوسط  اضافہ ہوا ہے ، جبکہ کانگریس کے 28 رہنماؤں کی ملکیت میں اوسط 6.35  کروڑ روپے کا اضافہ ہوا ہے۔

فوٹو: پی ٹی آئی

فوٹو: پی ٹی آئی

نئی دہلی : الیکشن واچ اور ایسوسی ایشن فار ڈیموکریٹک رفارمس (اے ڈی آر) کی رپورٹ  میں انکشاف ہوا ہے کہ لوک سبھا انتخاب میں جیت کے بعد پارلیامنٹ پہنچے 153 رہنماؤں  کی اوسط ملکیت میں 142 فیصد کا اضافہ ہوا ہے اور یہ اضافہ فی ایم پی اوسطاً 13.32کروڑ روپے ہے۔ خبررساں ایجنسی آئی اے این ایس کی رپورٹ کے مطابق ، اس فہرست میں بی جے پی ایم پی شتروگھن سنہا، بیجو جنتا دل ایم پی پناکی مشرا اور این سی پی ایم پی سپریا سولے ٹاپ پر ہیں ۔

اے ڈی آر کی رپورٹ کے مطابق ، 2009 سے 2014 کے دوران ان پانچ سالوں میں 153 رہنماؤں کی اوسط ملکیت میں اضافہ 7.81 کروڑ روپے ہے ۔ خود مختار اور آزادنہ تحقیق کرنے والوں کی ٹیم نے 2014 میں دوبارہ منتخب ہوئے 153 رہنماؤں کی طرف سے سونپی  گئی اقتصادی تفصیلات کا موازنہ کیا ہے۔

انہوں نے پایا کہ ان رہنماؤں  کی 2009 میں اوسط ملکیت 5.50 کروڑ روپے تھی ، جو ڈبل سے زیادہ بڑھ کر 13.32 کروڑ روپے ہوگئی ۔ رہنماؤں کی ملکیت میں سب سے زیادہ اضافہ بی جے پی ایم پی شتروگھن سہنا کی ملکیت میں ہوا ہے ۔ 2009 میں ان کی ملکیت تقریباً 15 کروڑ روپے تھی ، جو بڑھ کر 2014 میں 131 کروڑ روپے ہوگئی ۔

اس طرح ان کی جائیداد میں 116.73کروڑ روپے کا اضافہ ہواہے۔وہیں بی جے ڈی کے پناکی مشرا کی جائیداد 2009 میں 107 کروڑ روپے سے بڑھ کر 2014 میں 137 کروڑ روپے ہو گئی۔جائیداد میں اضافے کے معاملے میں تیسرا مقام نیشنلسٹ  کانگریس پارٹی(این سی پی)کی سپریا سولے کا ہے 2009 میں ان کی جائیداد 51 کروڑ روپے تھی جو 2014 میں بڑھ کر 113 کروڑ روپے ہو گئی۔

اس معاملے میں ٹاپ 10 ایم پی میں شرومنی اکالی دل کی ہرسمت کور بادل چھٹے مقام پر اور بی جے پی کے ورون گاندھی 10 ویں مقام پر ہیں۔ورون نے 2009 میں اپنی کل جائیداد 4 کروڑ روپے بتائی تھی جو 2014 میں بڑھ کر 35 کروڑ روپے ہو گئی۔پارٹی کی سطح پر بی جے پی کے 72 ایم پی کی جائیداد میں 7.54کروڑ روپے کا اوسط اضافہ ہواجبکہ کانگریس کے 28 ایم پی کی جائیداد میں اوسطاً6.35کروڑ روپے کا اضافہ ہوا۔

کانگریس میں جن رہنماؤں کی جائیداد سب سے زیادہ بڑھی ہے ان میں کانگریس صدر راہل گاندھی ہیں ،جن کی جائیداد 2009 میں 2 کروڑ روپے سے بڑھ 2014 میں 7 کروڑ روپے ہو گئی۔