خبریں

پلواما حملے کے بعد دہشت گردوں کو تباہ کرنے کے لیے مودی نے بھیجی’اپنی ایئر فورس‘: امت شاہ

سوموار کو مغربی بنگال کی ایک انتخابی ریلی میں بی جے پی صدر امت شاہ کا یہ بیان یوگی آدتیہ ناتھ کے ہندوستانی فوج کو’مودی جی کی سینا‘بتانے کے کچھ ہفتوں بعد آیا ہے ۔ یوگی کے بیان پر الیکشن کمیشن نے ان کو نوٹس دیتے ہوئے مستقبل میں ایسے بیانات سے بچنے کی وارننگ دی تھی ۔

امت شاہ، فوٹو: ٹوئٹر

امت شاہ، فوٹو: ٹوئٹر

نئی دہلی : بی جے پی صدر امت شاہ نے سوموار کو کہا کہ اس سال فروری میں پلواما دہشت گردانہ حملے کے بعد پاکستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو تباہ کرنے کے لیے وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنی ایئر فورس بھیجی تھی ۔خبررساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق، مغربی بنگال میں ایک ریلی میں شاہ نے کہا –’ پلواما دہشت گردانہ حملے میں 44 جوان شہید ہوگئے ۔ اس سے پہلے اس طرح کے حملوں کے بعد کچھ نہیں کیا جاتا تھا۔ حملے کے 13ویں دن نریندر مودی نے اپنی ایئر فورس اور ہمارے طیاروں کو پاکستان میں دہشت گردوں کو ڈھیر کرنے کے لیے بھیج دیا۔ امت شاہ کا یہ بیان یوگی آدتیہ ناتھ کے ہندوستانی فوج کو مودی جی کی سینا بتانے کے کچھ ہفتوں بعد آیا ہے ۔ یوگی کے بیان پر الیکشن کمیشن نے ان کو نوٹس دیتے ہوئے مستقبل میں ایسے بیانات سے بچنے کی وارننگ دی تھی ۔

بی جے پی صدر امت شاہ نے دعویٰ کیا کہ 26 فروری کو سرحد پار پاکستا ن میں دہشت گردوں کے  ٹھکانوں  پر ایئر فورس کی اسٹرائیک کیے جانے کے بعد مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کے چہرے کا رنگ اڑ گیا تھا ۔ انہوں نے کہا –’اس دن ممتا دی کی چہرے کی رنگت اڑ گئی تھی ۔’انہوں نے کہا- ‘ ممتادی اور راہل جی دہشت گردوں سے بات چیت کی مانگ کرتے ہیں ۔ ممتا جی اگر آپ دہشت گردوں کے ساتھ ای لو ای لو (آئی لو یو) کھیلنا چاہتی ہیں تو آپ کھیلیے۔ یہ بی جے پی کی حکومت ہے ۔ اگر وہاں سے گولی آئے گی تو یہاں سے گولا جائے گا۔شاہ نے کہا کہ وزیر اعظم کی قیادت والی حکومت نے دہشت گردی کو پاکستان میں اندر گھس کر ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

شاہ نے کہا –’ ترنمول کانگریس(ٹی ایم سی) نے شاردا اور روز والی چٹ فند میں ہزاروں کروڑ روپے کا گھوٹالہ کیا ۔ بی جے پی اقتدار میں آئی تو چٹ فنڈ گھوٹالوں میں شامل لوگوں کو جیل بھیجے گی ۔انہو ں نے کہا کہ مرکز کی بی جے پی حکومت نے لوگوں کی عزت میں سابق صدر جمہوریہ پرنب مکھرجی کو ملک کے اعلیٰ شہری اعزاز بھارت رتن سے نوازا۔

واضح ہو کہ 42 لوک سبھا سیٹوں والے مغربی بنگال میں سات مرحلے میں ووٹنگ ہونا ہے۔ 11 اپریل اور 8 اپریل کو دو مرحلے میں  میں پانچ-پانچ سیٹوں پر ووٹنگ ہوئی ۔ 19 مئی کو آخری مرحلے کی ووٹنگ ہے ۔ 23 مئی کو ووٹوں کی گنتی ہوگی۔