الیکشن کمیشن کے فل کمیشن میں چیف الیکشن کمشنر سنیل اروڑہ اور الیکشن کمشنر اشوک لواسا اور سشیل چندرا ہیں۔ ایک انتخابی ریلی میں مودی کے خطاب کو لےکر کانگریس کی پہلی شکایت الیکشن کمیشن کو پانچ اپریل کو ملی تھی۔
نئی دہلی: سپریم کورٹ کا کہنا ہے کہ وہ وزیر اعظم نریندر مودی اور بی جے پی صدر امت شاہ کے ذریعے اپنی تقاریر میں ضابطہ اخلاق کی مبینہ خلاف ورزی کرنے کی کانگریس کی عرضی پر منگل کو سماعت کرےگی۔ کانگریس نے اپنی عرضی میں ضابطہ اخلاق کی مبینہ خلاف ورزی پر الیکشن کمیشن سے کارروائی کرنے کی مانگ کی ہے۔انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق، مودی کے ذریعے ضابطہ اخلاق کی مبینہ خلاف ورزی کے معاملے میں الیکشن کمیشن کے فل کمیشن نے پانچ اپریل سے ابھی تک ایک بھی میٹنگ نہیں کی ہے۔الیکشن کمیشن کے فل کمیشن میں چیف الیکشن کمشنر سنیل اروڑہ اور الیکشن کمشنر اشوک لواسا اور سشیل چندرا ہیں۔ ایک انتخابی ریلی میں مودی کے خطاب کو لےکر کانگریس کی پہلی شکایت الیکشن کمیشن کو پانچ اپریل کو ملی تھی۔
اس کے بعد سے الیکشن کمیشن کو انتخابی ریلیوں میں وزیر اعظم کے خطاب کے خلاف کانگریس سے چار اور سی پی ایم سے ایک شکایت ملی۔ الیکشن کمیشن کے فل کمیشن کی عام طور پر ہفتے میں دو بار میٹنگ ہوتی ہے، جس میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی سمیت کئی اہم مدعوں پر بات ہوتی ہے۔ الیکشن کمیشن کے پاس پہلی شکایت آنے کے بعد سے الیکشن کمشنر کو کم سے کم 6 بار میٹنگ کرنی چاہیے تھی۔غور طلب ہے کہ وزیر اعظم مودی کے خلاف پہلی شکایت ایک اپریل کو ان کی وردھا میں ہوئی ریلی سے متعلق تھی، جس میں انہوں نے وائناڈ سے کانگریس صدر راہل گاندھی کے انتخاب لڑنے کا ذکر کرتے ہوئے کہا تھا کہ پارٹی اکثریت آبادی والے علاقوں سے ہٹکر وہاں انتخاب لڑ رہی ہیں، جہاں اکثریت اقلیت میں ہے۔
وزیر اعظم کے خلاف شکایت ملنے کے بعد سے الیکشن کمیشن کے فل کمیشن کا ایک بھی اجلاس نہیں ہونے کے انڈین ایکسپریس کے ای میل کے جواب میں الیکشن کمیشن کی ترجمان شیفالی بی شرن نے کہا،’وزیر اعظم مودی اور بی جے پی صدر امت شاہ اور کانگریس سمیت الیکشن کمیشن کے پاس زیر التوا تمام شکایتوں پر کل یعنی 30 اپریل 2019 کو کمیشن میں میٹنگ ہوگی۔ ضرورت پڑنے پر کمیشن کی ایک دوسری میٹنگ 1 مئی 2019 کو ہوگی، جس میں ان معاملوں پر بات ہوگی۔ ‘
واضح ہو کہ سوموار شام کو ایک پریس کانفرنس میں الیکشن کمیشن کے نائب الیکشن کمشنر چندر بھوشن کمار نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ مودی، امت شاہ اور راہل گاندھی کے خلاف شکایتوں پر منگل کو سماعت ہوگی۔ بی جے پی نے چوکیدارہی چور ہے جملے کا بار بار استعمال کرنے کے لئے 16 اپریل کو راہل گاندھی کے خلاف الیکشن کمیشن میں شکایت درج کرائی تھی۔نائب الیکشن کمشنر سدیپ جین نے کہا کہ ایسے معاملوں میں بےحد سنجیدگی سے فیصلہ لینا ہوتا ہے اور الیکشن کمیشن کو اس معاملے کے تصفیے سے پہلے مکمل طور پر غور کرنا ہوگا۔
Categories: خبریں