خبریں

لوک سبھا میں5 فیصد سے کم ہوئی مسلمانوں کی نمائندگی، بی جے پی سے ایک بھی مسلم ایم پی نہیں

لوک سبھا انتخاب میں جیت درج کرنے والی پارٹیوں میں سے بی جے پی واحد ایسی پارٹی ہے جس کی طرف سے ایک بھی مسلم ایم پی لوک سبھا نہیں پہنچا ہے۔ 542 سیٹوں پر ہوئے لوک سبھا انتخاب میں بی جے پی نے 303 سیٹوں پرجیت درج کی ہے۔

(فوٹو : پی ٹی آئی)

(فوٹو : پی ٹی آئی)

نئی دہلی: 17ویں لوک سبھا میں کل 25 مسلم ایم پی  چنے گئے ہیں۔ اس لوک سبھا  میں مسلمانوں کی نمائندگی5 فیصد سے بھی کم ہے جبکہ ملک کی کل آبادی میں ان کی نمائندگی 14 فیصد ہے۔16ویں لوک سبھا میں 23 مسلم ایم پی ہی منتخب ہو کر پہنچے تھے، تو اس بار دو مسلم ایم پی زیادہ ہوں‌گے۔انڈین ایکسپریس کے مطابق، 542 سیٹوں پر ہوئے لوک سبھا انتخاب میں جیت درج کرنے والی پارٹیوں میں سے بی جے پی واحد ایسی پارٹی ہے جس کی طرف سے ایک بھی مسلم ایم پی پارلیامنٹ نہیں پہنچا ہے۔ لوک سبھا انتخاب میں بی جے پی نے 303 سیٹوں پر جیت درج کی ہے۔بی جے پی نے 27 فیصد مسلم آبادی والے مغربی بنگال میں دو مسلموں، 95 فیصد مسلم آبادی والے لکش دیپ میں ایک مسلم اور مسلم اکثریت کشمیر میں وادی میں تین مسلموں کو ٹکٹ دیا تھا۔ حالانکہ، اس کے تمام 6مسلم امیدوار انتخاب ہار گئے۔

سب سے زیادہ6 مسلم رکن پارلیامان اتر پردیش سے جیت‌کر لوک سبھا پہنچے ہیں۔یہ تمام مسلم رکن پارلیامان ایس پی –بی ایس پی مہاگٹھ بندھن کی طرف سے جیت‌کر لوک سبھا میں پہنچے ہیں۔ اس میں تین مسلم رکن پارلیامان ایس پی  اور تین مسلم رکن پارلیامان بی ایس پی کے ہیں۔بی ایس پی سے کنور دانش علی نے امروہہ، افضال انصاری نے غازی پور اور حاجی فضل الرحمان نے سہارن پور سے جیت درج کی ہے۔ وہیں ایس پی سے ایس ٹی حسن نے مرادآباد،شفیق الرحمان برق نے سنبھل اور اعظم خان نے رام پور سے جیت درج کی ہے۔دوسرے نمبر پر مغربی بنگال ہے جہاں پر 5 مسلم رکن پارلیامان ٹی ایم سی اور ایک مسلم رکن پارلیامان کانگریس سے جیت‌کر لوک سبھا پہنچا ہے۔اسدالدین اویسی کی پارٹی اے آئی ایم آئی ایم نے اس بار اویسی کے ساتھ ایک دیگر مسلم رکن پارلیامان کو لوک سبھا بھیجا ہے۔ پارٹی کے امتیاز جلیل سید نے مہاراشٹر کے اورنگ آباد سیٹ پر شیوسینا کے موجودہ رکن پارلیامان چندرکانت کھیرے کو 4400 سے زیادہ ووٹوں سے ہرایا ہے۔

اے آئی ایم آئی ایم مہاراشٹر میں پرکاش امبیڈکر کی پارٹی ونچت بہوجن اگھاڈی کے ساتھ اتحاد کرکے انتخاب لڑ رہی تھی۔وہیں بہار میں مہاگٹھ بندھن نے صرف ایک سیٹ حاصل کی ہے جو کہ کشن گنج سے کانگریس کے امیدوار ڈاکٹر جاوید احمد کے حصے میں گئی ہے۔وہیں بائیں بازو نے کیرل کے الاپوژا سے ایک مسلم رکن پارلیامان کو لوک سبھا میں بھیجا ہے۔ وہاں سے سی پی ایم کے اے ایم عارف نے 10474 ووٹوں سے جیت درج کی ہے۔

کیرل سے ہی انڈین یونین مسلم لیگ نے پونانی سے ای ٹی محمدبشیر اور ملاپورم سے پی کے کنھلیکٹی کو لوک سبھا بھیجا ہے۔ وہیں آئی یو ایم ایل کے کے نوسکانی نے تمل ناڈو کے رامناتھ پورم سے 127122 ووٹوں سے جیت درج کی ہے۔ وہاں آئی یو ایم ایل، ڈی ایم کی قیادت والے اتحاد کا حصہ تھی۔وہیں، کشمیر وادی سے لوک سبھا کی تمام تین سیٹوں پر نیشنل کانفرنس نے جیت درج کی ہے جہاں سے فاروق عبداللہ، محمد اکبر لون اور حنانی مسعودی نے جیت درج کی۔