خبریں

ٹی ایم سی ایم پی مہوا موئترا نے صحافی سدھیر چودھری پر ہتک عزت کا مقدمہ دائر کیا

زی نیوز کے ایڈیٹران چیف سدھیر چودھری نے اپنے پروگرام میں دعویٰ کیا تھا کہ مہوا موئترا کے ذریعے پارلیامنٹ میں فاشزم کو لےکر کی گئی تقریر’ چوری کی ہوئی‘تھی۔

فوٹو بہ شکریہ : زی نیوز

فوٹو بہ شکریہ : زی نیوز

نئی دہلی: ترنمول کانگریس کی رکن پارلیامان مہوا موئترا نے زی نیوز کے مدیر سدھیر چودھری پر مجرمانہ ہتک عزت کا مقدمہ دائر کیا ہے۔ چودھری نے اپنے پروگرام میں دعویٰ کیا تھا کہ 25 جون کو پارلیامنٹ میں ‘ فاشزم کے نکات ‘ پر کی گئی ان کی تقریر ‘ چرائی ہوئی’ تھی۔بار اینڈ بنچ کی خبر کے مطابق؛میٹروپولیٹن مجسٹریٹ پریتی پریوا نے اس معاملے پر از کود نوٹس لیتے ہوئے اس کی سماعت 20 جولائی کو طے کی ہے۔ مہوا موئترا کا بیان بھی اسی دن درج کیا جائے‌گا۔

مہوا موئترا نے 25 جون کو پارلیامنٹ میں فاشزم پر تقریر کی تھی، جس کے بعد پرائم ٹائم پر آنے والے اپنے پروگرام میں سدھیر چودھری نے کہا تھا کہ مہوا کی تقریر مارٹن لانگ مین کے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ پر لکھے گئے مضمون سے ‘ چرائی ہوئی’ تھی، انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ یہ مہوا کے اپنے خیال نہیں تھے بلکہ انہوں نے اس کو ‘ کاپی-پیسٹ ‘ کیا تھا۔

وہیں مارٹن لانگ مین نے ٹوئٹر پر چودھری کے اس دعویٰ کو خارج کرتے ہوئے کہا تھا کہ مہوا نے واضح بتایا تھا کہ ان کی تقریر یو ایس ہولوکاسٹ میوزیم میں دیکھے گئے ایک پوسٹر سے متاثر تھی۔

مہوا کے وکیل شادان فراست نے عدالت کو بتایا کہ ان کے موکل نے بتایا تھا کہ ان کی تقریر اس پوسٹر سے متاثر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوسٹر میں فاشزم کے 14 نکات میں سے موئترا نے 7 کا انتخاب کیا اور ہندوستان کے سیاق میں ان کو جوڑا۔ اس کے بعد مجسٹریٹ نے ان کو سماعت کے لئے 20 جولائی کی تاریخ دی۔

اس سے پہلے مہوا موئترا نے 4 جولائی کو لوک سبھا میں سدھیر چودھری کے خلاف غلط رپورٹنگ کو لےکے خصوصی اختیارات کی پامالی کی تجویز پیش کی تھی، لیکن اس کو لوک سبھا اسپیکراوم برلا کے ذریعے خارج کر دیا گیا تھا۔میڈیا کو جاری بیان میں مہوا نے کہا کہ وہ آئین میں دی گئی اظہار رائے  کی آزادی کا احترام کرتی ہیں، لیکن ان کو فیک نیوز کی طاقت کا بھی اندازہ ہے۔