صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے راشٹرپتی بھون میں منعقد ایک تقریب میں پرنب مکھرجی ، بھوپین ہزاریکا کے بیٹے تیز ہزاریکا اور نانا جی دیش مکھ کے قریبی رشتہ دار ویریندر جیت سنگھ کو اس اعزاز سے سرفراز کیا ۔
نئی دہلی: سابق صدر جمہوریہ پرنب مکھرجی ، بھارتیہ جن سنگھ کے انجہانی رہنما نانا جی دیش مکھ اور معروف آنجہانی گلوکار بھوپین ہزاریکا کو جمعرات کو ملک کے اعلیٰ شہری اعزاز بھارت رتن سے سرفراز کیا گیا۔ صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے راشٹرپتی بھون میں منعقد ایک تقریب میں پرنب مکھرجی ، بھوپین ہزاریکا کے بیٹے تیز ہزاریکا اور نانا جی دیش مکھ کے قریبی رشتہ دار ویریندر جیت سنگھ کو اس اعزاز سے سرفراز کیا ۔
ہزاریکا اور دیش مکھ کو یہ اعزاز ان کی وفات کے بعد دیا گیا ہے۔ واضح ہوکہ سنگھ سے وابستہ نانا جی دیش مکھ قبل میں بھارتیہ جن سنگھ کے ساتھ تھے ۔ اٹل بہاری واجپائی حکومت نے ان کو راجیہ سبھا کا ممبر نامزد کیا تھا۔ اسی دوران حکومت ہند نے ان کو تعلیمی اور صحت کے شعبہ میں بیش بہا خدمات کے لیے پدم وی بھوشن سے سرفراز کیا تھا۔
وہیں صدر جمہوریہ بننے سے قبل پرنب مکھرجی کانگریس کے سینئر رہنما رہے ہیں ۔ گلوکار بھوپین ہزاریکا آسام کے رہنے والے تھے ۔ وہ آسام کے سدیا علاقے میں 1926 میں پیدا ہوئے۔ ان کو پدم بھوشن سے بھی نوازا جا چکا ہے ۔ اپنی مادری زبان آسامی کے علاوہ انہوں نے ہندی ،بنگلہ سمیت کئی ہندوستانی زبانوں میں نغمے گائے۔
قابل ذکر ہے کہ بھارت رتن ملک کا اعلیٰ ترین شہری اعزاز ہے ۔ ادب، آرٹ، سائنس ،عوامی خدمات اور کھیل وغیرہ کے شعبے میں غیر معمولی خدمات کے لیے یہ اعزاز دیا جاتا ہے۔ اس اعزاز کا قیام 2 جنوری 1954 میں اس وقت کے صدر جمہوریہ راجیندر پرساد نے کیا تھا۔ ڈاکٹر سرو پلی رادھا کرشنن کو پہلا بھارت رتن دیا گیا تھا۔
(خبررساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)
Categories: خبریں