خبریں

کرناٹک کے کانگریس رہنما ڈی کے شیوکمار کو منی لانڈرنگ معاملے میں ضمانت ملی

 بدھ کو کانگریس صدرسونیا گاندھی نے نئی دہلی واقع تہاڑ جیل میں پارٹی رہنما ڈی کے شیوکمار سے ملاقات کی۔ای ڈی نے شیوکمار کو منی لانڈرنگ معاملے میں تین ستمبر کو گرفتار کیا تھا۔

کانگریس رہنما ڈی کے شیوکمار(فوٹو : پی ٹی آئی)

کانگریس رہنما ڈی کے شیوکمار(فوٹو : پی ٹی آئی)

نئی دہلی: کرناٹک کانگریس کے رہنما ڈی کے شیوکمار کوای ڈی کے ذریعے دائر منی لانڈرنگ معاملے میں بدھ کو دہلی  ہائی کورٹ  سے ضمانت مل گئی۔ جسٹس سریش کیت نے کہا کہ کانگریس رہنماراحت پانے کے حقدارا ہیں، کیونکہ ایسا کوئی بھی سامان نہیں دکھایا گیا ہے جس سے ان کے بھاگنے کا خدشہ ہو۔انہوں نے کہا کہ شیوکمار ثبوتوں سےچھیڑچھاڑ نہیں کر سکتے کیونکہ دستاویزجانچ ایجنسیوں کے پاس ہیں۔ ساتھ ہی وہ اب اقتدار میں نہیں ہیں اور یہ دکھانے کے لئے بھی کوئی ثبوت نہیں ہے کہ انہوں نے یاان کی فیملی کے ممبروں یا قریبی مددگاروں نے گواہوں کو متاثر کیا ہے۔

عدالت نے ان کو پوچھ تاچھ کے لئے دستیاب رہنے کو کہا۔جسٹس نے ہدایت دی کہ ان کو 25 لاکھ روپے کے نجی  مچلکے اور اتنی ہی رقم کی دو ضمانتوں پر رہا کیا جائے۔ای ڈی  نے 57 سالہ شیوکمار کو منی لانڈرنگ معاملے میں تین ستمبر کو گرفتار کیا تھا۔ وہ عدالتی حراست کے تحت تہاڑ جیل میں بند ہیں۔ انہوں نے ضمانت نہیں دینے کی نچلی عدالت کے فیصلے کو ہائی کورٹ  میں چیلنج دیا تھا۔

کرناٹک میں سات بار سے ایم ایل اےشیوکمار، نئی دہلی  کے کرناٹک بھون کے ملازم ہنومنتھییا اور دیگر ملزمین کے ساتھ منی لانڈرنگ روک تھام قانون کے تحت معاملہ درج کیا گیا ہے۔محکمہ ٹیکس نے ان کے خلاف کروڑوں روپے کے مبینہ ٹیکس چوری اور حوالہ لین دین معاملے میں گزشتہ سال بنگلور میں ایک اسپیشل عدالت میں فردجرم داخل کیا تھا، جس کی بنیاد پر ای ڈی نے ان کے خلاف منی لانڈرنگ کا معاملہ درج کیا تھا۔

 تہاڑ جیل میں کانگریس رہنما ڈی کےشیوکمار سے ملیں سونیا گاندھی

 کانگریس صدر سونیا گاندھی نے منی لانڈرنگ کے الزام میں گرفتار کرناٹک کے سابق وزیر ڈی کے شیوکمار سے بدھ کو نئی دہلی  کے تہاڑ جیل پہنچ‌کر ملاقات کی اور ان سے یکجہتی کا اظہار کیا۔کانگریس ذرائع کے مطابق، سونیا صبح تقریباً نو بجے تہاڑ جیل پہنچیں۔ ایک ذرائع نے بتایا کہ سونیا نے کرناٹک کے اس سینئر کانگریسی رہنما کی خیریت جانی اور کہا کہ پارٹی ان کے ساتھ کھڑی ہے۔اس سے پہلے سونیا نے آئی این ایکس میڈیامعاملے میں گرفتار کانگریس کے سینئر رہنما اور سابق وزیر خزانہ پی چدمبرم سے بھی تہاڑ جیل پہنچ‌کر ملاقات کی تھی۔

 سپریم کورٹ نے گزشتہ  منگل کو سابق وزیرخزانہ پی چدمبرم کو آئی این ایکس میڈیا معاملے میں سی بی آئی کے ذریعے درج مقدمہ میں ضمانت دے دی۔ حالانکہ چدمبرم آئی این ایکس معاملے میں ہی ای ڈی کے ذریعے درج ایک دیگر مقدمہ میں گرفتار کئے گئے ہیں، اس لئے سپریم کورٹ سے ضمانت ملنے کے بعدبھی وہ جیل سے باہر نہیں آ سکتے ہیں۔ سی بی آئی نے 2007 میں بطور وزیر خزانہ چدمبرم کی مدت کار کے دوران آئی این ایکس میڈیا گروپ کوفارین انویسٹمنٹ پروموشن بورڈ کے ذریعے305 کروڑروپے کی سرمایہ کاری کی منظوری دئے جانے میں مبینہ بدانتظامی کو لےکر 15 مئی، 2017 کو ایک ایف آئی آر درج کی تھی۔

(خبررساں ایجنسی بھاشاکے ان پٹ کے ساتھ)