خبریں

دہلی اسمبلی انتخاب  کے لیے 8 فروری کو ووٹنگ، 11 فروری کو ہوگی گنتی

دہلی اسمبلی انتخاب کے لیے پرچہ نامزدگی  داخل کرنے کی آخری تاریخ21 جنوری ہے، پرچہ  کی جانچ 22 جنوری کو ہوگی اور اس کو واپس لینے کی آخری تاریخ 24 جنوری ہے۔

فوٹو: پی ٹی آئی

فوٹو: پی ٹی آئی

نئی دہلی: الیکشن کمیشن نے سوموار کو ملک کی راجدھانی دہلی میں اسمبلی انتخاب کی تاریخ کا اعلان کر دیا ہے۔ اسی کے ساتھ راجدھانی میں ضابطہ اخلاق  نافذ ہوگیا ہے۔چیف الیکشن کمشنر سنیل اروڑہ نے پریس کانفرنس میں اس کی جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ دہلی کی سبھی 70 اسمبلی  سیٹوں پر صرف ایک مرحلے میں آٹھ فروری کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ نتائج  کا اعلان 11 فروری کو ہوگا۔

اروڑہ نے بتایا،‘دہلی اسمبلی انتخاب کے لیے پرچہ نامزدگی  داخل کرنے کی آخری تاریخ21 جنوری ہے، پرچہ  کی جانچ 22 جنوری کو ہوگی اور اس کو واپس لینے کی آخری تاریخ 24 جنوری ہے۔دہلی میں اسمبلی کی 70 سیٹیں ہیں، جس میں سے 58 جنرل  کی ہیں، جبکہ 12 سیٹیں ریزرو ہیں۔

اروڑہ نے بتایا کہ دلی اسمبلی انتخاب کی تیاریوں کے سلسلے میں مختلف ایجنسیوں کے ساتھ تفصیلی  چرچہ کی گئی ہے، جس میں سکیورٹی  سے جڑے مرحلے بھی شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ انتخا ب کی تاریخ کے اعلان  کے بعد ہی ضابطہ اخلاق نافذ  ہو گیا ہے۔ اروڑہ نے کہا کہ راجدھانی میں کل 1.46 کروڑ ووٹر اور 13750 پولنگ بوتھ  ہے۔

الیکشن کمشنر نے کہا کہ دہلی اسمبلی انتخاب کے لیے نوٹیفیکیشن 14 جنوری سے نافذ ہوگی۔

اروڑہ نے دہلی کی صورت حال  پر کہا، ‘ہمیں امید ہے کہ حالات قابو  میں اورانتخابات کے موافق  ہوں گے۔ اگر کسی طرح کی غیر معمولی صورتحال پیدا ہوتی ہے تو انتخاب کو ملتوی  کرنے کا ایک اختیار ہمیشہ ہے۔ آئین الیکشن کمیشن کو ایسا کرنے کی اجازت دیتا ہے۔’این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق، دہلی اسمبلی انتخاب کے لیے ووٹر کی حتمی فہرست کے مطابق، دہلی کے چیف الیکشن افسررنبیر سنگھ نے کہا کہ ووٹر کی حتمی فہرست کے مطابق 80.55 لاکھ مرد اور 66.35 لاکھ عورتوں  کے ساتھ دہلی میں 1.46 کروڑووٹر ہیں۔

الیکشن کمشنر کا کہنا ہے کہ بجٹ میں کسی بھی طرح کے خصوصی اسکیم  کا اعلان نہیں کیا جا سکتا۔ دہلی انتخاب میں بھی یہ نافذ رہےگا۔ الیکشن  کمشنرنے کہا کہ مشاہدوں سے  رابطہ کے لیے ان کے نمبر عوامی  کئے جائیں گے۔دہلی میں نظم ونسق  کی صورتحال  پر الیکشن کمشنر سنیل اروڑہ نے کہا، ‘ہم نے دہلی پولیس سے بات چیت کی ہے، انہوں نے ہمیں تحریری طور پریقین دہانی کرائی  ہے۔ ہماری چیف سکریٹری  کے ساتھ بھی بات ہوئی ہے۔ میں یہ نہیں کہوں گا کہ ہم  پر امید ہیں لیکن ہمیں امید ہیں کہ حالات قابو میں رہیں گے۔’

انہوں نے کہا کہ دہلی میں انتخابی پروسس کے لیے 90000 الیکشن افسر کی ضرورت ہوگی۔موجودہ اسمبلی  کی مدت  کار 22 فروری 2020 کو ختم  ہو رہی ہے۔راجدھانی میں حکمراں عام آدمی پارٹی کا مقابلہ ایک بار پھر بھارتیہ جنتا پارٹی اور کانگریس سے ہے۔

انتخاب کی تاریخ کے اعلان کے بعد کیجریوال نے ٹوئٹ کر کے کہا، ‘عام آدمی پارٹی اپنے کام کی بنیادپر دہلی اسمبلی انتخاب لڑےگی۔’2015 کے انتخاب میں عام آدمی پارٹی نے 70 میں سے 67 سیٹوں پر جیت درج کی تھی جبکہ بی جے پی  کو صرف تین سیٹیں ملی تھیں۔ وہیں، کانگریس ایک بھی سیٹ نہیں جیت پائی تھی۔

 (خبررساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)