خبریں

یوپی-آسام میں ہماری حکومت نے مظاہرین کو کتوں کی طرح مارا: بنگال بی جے پی صدر

مغربی بنگال بی جے پی کے صدر دلیپ گھوش نے شہریت ترمیم قانون کے خلاف مظاہرہ کر رہے لوگوں کو وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ پبلک پراپرٹی کو نقصان پہنچانے والے لوگوں کو اترپردیش اور آسام کی طرح گولی مار دی جائے گی۔

فائل فوٹو: پی ٹی آئی

فائل فوٹو: پی ٹی آئی

نئی دہلی: مغربی  بنگال بی جے پی کے صدر دلیپ گھوش نے کہا کہ پبلک پراپرٹی کو نقصان پہنچانے والے لوگوں کو اتر پردیش اور آسام  کی طرح گولی مار دی جائے گی۔

انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق، گھوش نے اتوار کو مغربی بنگال کے نادیہ ضلعے میں ایک ریلی کو خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ ممتا بنرجی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ کیونکہ انہوں نے پچھلے سال دسمبر میں شہریت قانون کی مخالفت کے دوران ریلوے کی جائیداد  اور پبلک ٹرانسپورٹ کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف لاٹھی چارج یا گولی چلانے کا حکم  نہیں دیا تھا۔

گھوش نے کہا، ‘جائیداد  کا نقصان ہوا۔ یہ کس کا پیسہ تھا؟ یہ میرا پیسہ ہے، یہ آپ کا پیسہ ہے۔ انہوں نے ریل گاڑیوں میں آگ لگا دی، کس کا پیسہ برباد ہوا؟ ابھی تک ایک بھی گولی نہیں چلی۔ کوئی لاٹھی چارج نہیں ہوا اور کوئی ایف آئی آر درج نہیں ہوئی۔ پولیس نے کسی کو گرفتار بھی نہیں کیا۔’انہوں نے کہا، ‘جو لوگ پبلک پراپرٹی کا نقصان کر رہے ہیں کیا یہ ان کے باپ  کی جائیداد ہے؟ ٹیکس دینے والوں کے پیسے سے بنی سرکاری جائیددا کو وہ کیسے برباد  کر سکتے ہیں۔’

گھوش نے آسام  اور اتر پردیش میں ہوئی پولیس فائرنگ کا ذکر کرتے ہوئے کہا، ‘آسام  اور اتر پردیش میں ہماری سرکار نے ان مظاہرین  کو کتوں کی طرح مارا تھا۔ انہیں گرفتار کیا گیا اور ان کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی۔’

انہوں نے گھس پیٹھیوں کو لےکر کہا، ‘تم یہاں آؤ گے، ہمارا کھانا کھاؤ گے، یہاں رہو گے اور پبلک پراپرٹی کو نقصان پہنچاؤگے۔ کیا یہ تمہاری زمینداری ہے؟ ہم تمہیں لاٹھیوں سے ماریں گے، گولی ماریں گے اور تمہیں جیل میں ڈال دیں گے۔’گھوش نے کہا، ‘دی دی (ممتا بنرجی) کی پولیس نے پبلک پراپرٹی  کو نقصان پہنچانے والے لوگوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی کیونکہ وہ ان کے ووٹر ہیں۔ یوپی، آسام  اور کرناٹک کی ہماری سرکاروں نے ایسے لوگوں کو کتوں کی طرح گولی مار دی۔’

گزشتہ ہفتے گھوش نے پارٹی کی ریلی کے دوران ایک ایمبولنس کو راستا نہیں دینے دیا تھا۔ اس دوران وہ ضلعے کے کرشن نگر میں ریلی کو خطاب  کر رہے تھے۔اس واقعہ کا ویڈیو وائرل ہو گیا تھا، جس میں گھوش کو ایمبولینس کے ڈرائیور سے کسی اور راستے سے جانے کو کہتے  ہوئے سنا جا سکتا ہے۔

بتا دیں  کہ گزشتہ  کئی دنوں سے شہریت قانون کی مخالفت میں ملک  بھر میں مظاہرے ہو رہے ہیں۔ اتر پردیش میں مظاہروں کے دوران ہوئے تشدد  میں کئی لوگوں کی موت ہو گئی تھی۔ وہیں، آسام  سمیت  ملک بھر میں این آرسی کی مخالفت  میں بھی مظاہرے ہو رہے ہیں۔