خبریں

لوک سبھا انتخاب میں تشہیر پر بی جے پی نے کیا سب سے زیادہ  خرچ: اےڈی آر

انتخابی اصلاحات سے متعلق  ریسرچ انسٹی ٹیوٹ ایسوسی ایشن فار ڈیموکریٹک رفارمس کی رپورٹ کے مطابق، بی جے پی نے انتخاب میں 1141.72 کروڑ روپے خرچ کیے، وہیں کانگریس نے لوک سبھا انتخاب میں 626.36 کروڑ روپے خرچ کیے۔

(فوٹو : پی ٹی آئی)

(فوٹو : پی ٹی آئی)

نئی دہلی: پچھلے سال جون میں ہوئے لوک سبھا انتخاب میں سب سے زیادہ  خرچ حکمراں  بی جے پی نے کیا۔ انتخابی اصلاحات سے متعلق  ریسرچ انسٹی ٹیوٹ ایسوسی ایشن فار ڈیموکریٹک رفارمس کی رپورٹ کے مطابق، بی جے پی نے انتخاب میں 1141.72 کروڑ روپے خرچ کیے۔ یہ تمام پارٹیوں کے کل انتخابی خرچ کا 44 فیصد ہے۔

غیر سرکاری تنظیم ایسوسی ایشن فار ڈیموکریٹک رفارمس کی جمعہ  کو جاری رپورٹ کے مطابق، سات قومی پارٹیوں  سمیت 32 علاقائی پارٹیوں میں کانگریس نے لوک سبھا انتخاب میں 626.36 کروڑ روپے خرچ کیے، جو کہ سبھی پارٹیوں کے خرچ کا 24 فیصد ہے۔

رپورٹ کے مطابق، لوک سبھاانتخاب کے دوران 32 سیاسی پارٹیوں  نے تشہیر پر 1495.41 کروڑ روپے، دورہ  پر 567.19 کروڑ روپے، امیدواروں پر 528.94 کروڑ روپے اوردوسرے مد میں 399.03 کروڑ روپے کے خرچ کی تفصیل الیکشن کمیشن کو دی ہے۔

کمیشن کوسیاسی پارٹیوں کی جانب سے مہیا کرائے گئے تشہیری  خرچ کی تفصیل  کےتجزیے پرمبنی  اے ڈی آر کی رپورٹ کے مطابق، سبھی سیاسی پارٹیوں نے تشہیر پرسب سے زیادہ (49.94 فیصد)خرچ کیا جبکہ امیدواروں پر 17.67 فیصد خرچ کیا۔

رپورٹ کے مطابق، انتخاب کے دوران سیاسی پارٹیوں کوملے چندے کی تفصیل  کے مطابق سات قومی اور 25 علاقائی  پارٹیوں کوکل 6405.59 کروڑ روپے کی رقم  ملی۔ اس میں سات قومی پارٹیوں کو 5544.34 کروڑ روپے (86.55 فیصد)اورعلاقائی پارٹیوں کو 861.25 کروڑ روپے (13.45فیصد) کی رقم ملی۔

تمام32 قومی اورعلاقائی پارٹیوں نے کل ملے انتخابی چندے میں سے 2591.39 کروڑ روپے خرچ کیے۔ اس میں قومی پارٹیوں کا کل خرچ 2004.99 کروڑ روپے (77.37 فیصد) رہا۔

(خبررساں ایجنسی  بھاشاکے ان پٹ کے ساتھ)