ملک میں کو رونا وائرس کے انفیکشن کی وجہ سے جان گنوانے والوں کی تعداد بدھ کو 392 ہو گئی جبکہ اس سے متاثر لوگوں کی کل تعداد11933 ہے۔ پچھلے 24 گھنٹوں میں 1118 نئے متاثرین کی پہچان ہوئی ہے، جس میں 39 لوگوں کی جان جا چکی ہے۔
نئی دہلی: ملک کے 700 اضلاع میں سے 170 اضلاع کو کو رونا وائرس ہاٹ اسپاٹ قرار دیا جا چکا ہے۔ سرکار کے مطابق 207 اضلاع پر کو رونا وائرس ہاٹ اسپاٹ بننے کا خطرہ بھی ہے۔مرکزنے ریاستی حکومتوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ ان سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں،(ہاٹ اسپاٹ)اضلاع میں کو رونا کی روک تھام کریں۔ ہاٹ سپاٹ اضلاع میں کو رونا سے لڑنے کے لیے اسپیشل ٹیم کام کر رہی ہیں۔ ٹیمیں ڈور ٹو ڈور سروے کرنے کے ساتھ ساتھ لوگوں کی جانچ بھی کر رہی ہیں۔
وہیں، کو روناوبا سے سب سے زیادہ متاثر ریڈزون اضلاع کی تعداد123 ہے۔
بہار، چنڈی گڑھ، چھتیس گڑھ ، اڑیسہ اور اتراکھنڈ میں ایک ایک ضلع؛ کرناٹک میں تین؛مغربی بنگال، پنجاب اور ہریانہ میں چار چار ضلع؛ گجرات اور مدھیہ پردیش میں پانچ پانچ ضلع؛ جموں کشمیر اور کیرل میں 6-6 ضلع؛ تلنگانہ میں 8 ;دہلی اور اتر پردیش میں 9 ضلع؛ مہاراشٹر، آندھرا پردیش اور راجستھان میں 11-11 ضلع؛ تمل ناڈو میں سب سے زیادہ 22 ضلع شامل ہیں۔
کلسٹر سمیت کو رونا ہاٹ اسپاٹ اضلاع کی تعداد47 ہے۔ جس میں دہلی، تلنگانہ، اڑیسہ ، راجستھان، مدھیہ پردیش، کیرل، لداخ، گجرات، انڈمان نکوبار اور چھتیس گڑھ میں ایک ایک ضلع ۔ ہریانہ، جموں کشمیر، اتراکھنڈ، جھارکھنڈ کے دودو ضلع مہاراشٹر اور بہار کے تین تین ضلع۔ یوپی اور پنجاب کے چار چار ضلع شامل ہیں۔ آسام، ہماچل پردیش اور کرناٹک کے پانچ پانچ ضلع شامل ہیں۔
وزارت صحت کے جوائنٹ سکریٹری لو اگروال نے بدھ کوپریس کانفرنس میں کو رونا وائرس بحران سے نپٹنے کے لئے لاک ڈاؤن کی مدت بڑھائے جانے کے بعد سرکار کی آئندہ پالیسی کا انکشاف کرتے ہوئے یہ جانکاری دی۔انہوں نے کہا کہ 20 اپریل تک ملک کے سبھی اضلاع میں کو روناانفیکشن کو روکنے کی تدابیر پر سختی سے عمل اور جائزہ کو یقینی بنایا جائےگا۔
اگروال نے کہا کہ ان اضلاع کے سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں مریضوں کی جلد پہچان کرنے کے لئے گھر گھر جاکر سروے کیا جائےگا۔ اس کے تحت ضلع کے صحت اور ریونیومحکمہ کے حکام گھر گھر جاکر کھانسی، بخار اور سانس کی تکلیف والے مریضوں کی پہچان کر کے یہ یقینی بنائیں گے کہ ان میں کو رونا وائرس کاانفیکشن تو نہیں ہے۔
گزشتہ بدھ کو لاک ڈاؤن کے دوسرے مرحلہ کے لیےوزارت داخلہ کی جانب سے جاری احکامات میں 20 اپریل سے چنندہ سرگرمیوں کو جاری رکھنے کی منظوری دی گئی ہے۔ حالانکہ، 20 اپریل سے دی جانے والی چھوٹ کووڈ 19 سے ہاٹ اسپاٹ یا کنٹرولڈحلقوں پرنافذ نہیں ہوں گی۔
وہیں، اگر کنٹرولڈحلقے میں کسی نئے علاقے کو شامل کیا جاتا ہے تو اس سے پہلے وہاں ہونے والی سرگرمیوں کو رد کر دیا جائےگا۔ صرف ان سرگرمیوں کو جاری رکھا جائےگا جنہیں وزارت صحت کے احکامات کے تحت منظوری دی گئی ہے۔ان علاقوں میں لوگوں کو ضروری خدمات کے علاوہ اندر یا باہر آنے نہیں دیا جائےگا۔
بتا دیں کہ، ملک میں کو رونا وائرس کے انفیکشن کی وجہ سے جان گنوانے والے لوگوں کی تعداد بدھ کو 392 ہو گئی جبکہ اس سے متاثرلوگوں کی کل تعداد11933 ہے۔مرکزی وزارت صحت نے بتایا کہ متاثرین میں کم سے کم 1344 لوگوں کو علاج کے بعد ہاسپٹل سے چھٹی دے دی گئی ہے اور 9756 لوگوں کا اب بھی علاج جاری ہے۔ ان میں سے 76 غیر ملکی شہری ہیں۔
وائرس سے منگل شام سے 1118 نئےمتاثرین کی پہچان ہوئی ہے جس میں 39 لوگوں کی جان جا چکی ہے۔
(خبررساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)
Categories: خبریں