یہ ٹرینیں حیدرآباد، کھمم، وارنگل سمیت دوسرےا سٹیشنوں سے چلائی جائیں گی۔ ان کے ذریعے بہار، جھارکھنڈ، اڑیسہ اورمغربی بنگال سمیت دوسری ریاستوں کے مہاجر مزدوروں کو ان کے گھر بھیجا جائےگا۔
نئی دہلی: تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ چندرشیکھر راؤ کا کہنا ہے کہ ریاست میں پھنسے مہاجر مزدوروں کی گھر واپسی کے لیے منگل سے اگلے ایک ہفتے تک روزانہ 40 اسپیشل شرمک ٹرینیں چلائی جائیں گی۔دی ہندو کی رپورٹ کے مطابق، یہ ٹرینیں حیدرآباد کے مختلف مقامات اور وارنگل، کھمم، راماگنڈم، دمارچلا اور دوسری جگہوں سے بہار، اڑیسہ ، جھارکھنڈ، مغربی بنگال اوردوسری ریاستوں کے لیے چلیں گی۔
وزیر اعلیٰ نے لاک ڈاؤن کے مد نظر مزدوروں کی پریشانیوں کو دھیان میں رکھتے ہوئے ایک میٹنگ میں یہ فیصلہ لیا۔اس میٹنگ میں وزیر صحت ایٹالا راجیندر،چیف سکریٹری سومیش کمار، ڈی جی پی مہیندر ریڈی اور دوسروں نے بھی حصہ لیا۔وزیر اعلیٰ راؤ نے فیصلہ کیا کہ مہاجر مزدوروں کی مدد کے لیے اسپیشل ٹرینیں چلائی جانی چاہیے۔
انہوں نے ساؤتھ سینٹرل ریلوے کے جنرل مینجر گجانن مالیا سے بات کر کےان سے منگل سے اسپیشل ٹرینیں چلائے جانے کی اپیل کی ہے۔حکومت نے سینئر آئی اے ایس افسر سندیپ سلطانیہ اورسینئر آئی پی ایس افسر جتیندر ریڈی کو مہاجر مزدوروں کی ٹرین سفر کی نگرانی رکھنے کے لیےنوڈل افسر بنایا ہے۔
مزدوروں نے پہلے ہی اپنے اپنے گھر لوٹنے کے لیے مختلف پولیس تھانوں میں اپنے نام رجسٹرڈ کرا لیے ہیں، جن بھی لوگوں نے اپنے نام رجسٹریشن کرائے ہیں، انہیں ان اسپیشل ٹرینوں کے ذریعے ان کے گھر بھیجا جائےگا۔انہوں نے کہا کہ ٹرینوں کی جانکاریاں پولیس تھانوں میں دے دی گئی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مہاجر مزدوروں کو پریشان نہیں ہونا چاہیے کیونکہ تلنگانہ حکومت نے ان کی گھر واپسی کے لیے ٹرینوں کا انتظام کیا ہے۔انہوں نے پولیس افسروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ مزدوروں سے تال مال کریں اور انہیں انتظامات سے واقف کرائیں۔معلوم ہو کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سےملک کے مختلف حصوں میں لاکھوں مہاجر مزدور پھنسے ہوئے ہیں۔
وزارت داخلہ نے جمعہ کو ٹرینوں اور بسوں کے ذریعے ان کے آنے جانے کی منظوری کچھ خاص شرطوں پر دی تھی، جس میں دونوں ریاستوں کے اتفاق، سماجی دوری کے ضابطوں پر عمل کرناشامل ہے۔وزارت داخلہ کی اس منظوری کے بعد وزیر ریل نے مزدورڈے کے موقع پر ایک مئی سے شرمک اسپیشل ٹرینیں چلانی شروع کی ہیں۔
(خبررساں ایجنسی بھاشاکے ان پٹ کے ساتھ)
Categories: خبریں