خبریں

امت شاہ نے ممتا بنرجی سے کہا، ٹرین کی اجازت نہ دینا مہاجر مزدوروں کے ساتھ ناانصافی

ترنمول کانگریس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ المیہ یہ ہے کہ وزیر داخلہ امت شاہ ان لوگوں کے بارے میں بات کر رہے ہیں، جنہیں ان کی خود کی سرکار نے بھگوان بھروسے چھوڑ دیا ہے۔ وہ یا تو ان الزاموں کو ثابت کریں یا پھر معافی مانگیں۔

امت شاہ اور ممتا بنرجی۔ (فائل فوٹو: پی ٹی آئی)

امت شاہ اور ممتا بنرجی۔ (فائل فوٹو: پی ٹی آئی)

نئی دہلی:وزیر داخلہ امت شاہ نے ممتا بنرجی کی قیادت والی مغربی بنگال حکومت پر الزام لگایا ہے کہ وہ مہاجر مزدوروں کی گھر واپسی کے لیے ٹرینیں چلائے جانے کو منظوری نہیں دے رہی ہیں۔انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق، اس بارے میں امت شاہ نے سنیچر کو ممتا بنرجی کو خط لکھتے ہوئے کہا،‘مہاجر مزدورمغربی بنگال سے اپنے اپنے گھر جانے کو بے چین ہیں، لیکن ہمیں ان کی مدد کے لیے ریاستی حکومت سے کوئی مدد نہیں مل رہی۔مغربی بنگال ٹرینوں کے چلنے کو منظوری نہیں دے رہی۔ یہ مہاجر مزدوروں کے ساتھ ناانصافی ہے۔ اس سے مزدوروں کے لیے اور مصیبتیں کھڑی ہوں گی۔’

ملک کے مختلف حصوں سے مہاجر مزدوروں کو ان کے گھروں تک پہنچانے کے لیے مرکزی حکومت نےاسپیشل شرمک ٹرینیں شروع کی ہیں، جن کا ذکر کرتے ہوئے شاہ نے خط میں کہا کہ مرکزی حکومت نے لاک ڈاؤن کے بیچ اب تک دو لاکھ مہاجر مزدوروں کو ان کے گھر لوٹنے میں مدد کی ہے۔

حالانکہ اس خط کو لےکر ترنمول کانگریس سرکار نے وزیر داخلہ  امت شاہ سے کہا ہے کہ وہ یا تو اپنے الزام ثابت کریں یا پھر معافی مانگیں۔

ترنمول کانگریس کے ابھیشیک بنرجی نے ٹوئٹ کرکے کہا، ‘کئی ہفتے کی چپی کے بعد اس مشکل گھڑی کے دوران اپنی ذمہ داریوں کو نبھانےمیں ناکام رہنے والے وزیرداخلہ  صرف جھوٹ کے پلندوں سے لوگوں کو گمراہ کر رہے ہیں۔ المیہ یہ ہے کہ وہ ان لوگوں کے بارے میں بات کر رہے ہیں، جنہیں ان کی خود کی سرکار نے بھگوان بھروسے چھوڑ دیا ہے۔ امت شاہ اپنے جھوٹے الزام ثابت کریں یا معافی مانگیں۔’

امر اجالا کی رپورٹ کے مطابق، وہیں کانگریس پارٹی کا کہنا ہے کہ وزیرداخلہ امت شاہ کو ایسا ہی خط کرناٹک اور گجرات کے وزرائے اعلیٰ  کو بھی لکھنا چاہیے، کیونکہ ان کی سرکاریں مزدوروں کو گھر جانے سے روک رہی ہیںکانگریس رہنما ادھیر رنجن چودھری نے کہا، ‘میں نے ایک دن پہلے وزیر داخلہ سے بات کی تھی۔ انہوں نے مجھے بتایا تھا کہ وہ لگاتار بنگال سرکار سے پوچھ رہے ہیں کہ انہیں مہاجر مزدوروں کو واپس لانے کے لیے کتنی ٹرینوں کی ضرورت ہے لیکن دو دن پہلے تک سرکار نے لسٹ نہیں بھیجی تھی۔’

انہوں نے کہا، ‘مجھے آج پتہ چلا کہ ریاستی حکومت نے آٹھ ٹرینیں مانگی ہیں۔ میں ریاستی حکومت اور امت شاہ سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ پھنسے ہوئے مزدوروں کو واپس لانے کے لیے ساتھ مل کر ہرممکن کوشش کریں۔’