پال گھر کے پولیس ترجمان نے کہا کہ آدیواسی پچھلے دو دنوں سے ضلع کے موکھدا، وسئی، دہانو میں تحصیل دفتروں کے باہر مظاہرہ کر رہے ہیں۔ وہ روزگار گارنٹی اسکیم کے تحت کام دینے کی بھی مانگ کر رہے تھے۔
نئی دہلی: لاک ڈاؤن کے باوجود مہاراشٹر کے پال گھر ضلع میں مختلف جگہوں پر راشن کارڈ حاصل کرنے کے لیے مظاہرہ کر رہے لگ بھگ 250 آدیواسیوں کے خلاف معاملے درج کیے گئے ہیں۔ ایک افسر نے جمعرات کو یہ جانکاری دی۔
پال گھر کے پولیس ترجمان سچن نواڈکر نے کہا کہ آدیواسی پچھلے دو دنوں سے ضلع کے موکھدا، وسئی، دہانو میں تحصیل دفتروں کے باہر مظاہرہ کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان مظاہرین میں خواتین بھی شامل تھیں۔ وہ ای جی ایس (روزگار گارنٹی اسکیم)کے تحت کام کی مانگ کر رہے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ موکھدا، وسئی، دہانو اور کچھ دوسرےپولیس تھانوں میں مظاہرین کے خلاف آئی پی سی کی دفعہ ا 188، 269 اور وبائی امراض کے ایکٹ اورنیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایکٹ کے تحت معاملے درج کیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی گرفتار نہیں کیا گیا ہے۔
اسی طرح کےمظاہرے ٹھانے ضلع کے ٹھانے شہر، شاہ پور اور مرباد کے تحصیل دفتروں میں بھی کیے گئے۔
ایک پولیس افسر نے کہا کہ ٹھانے ضلع میں مختلف مقامات پرمظاہرہ کرنے کے لیے کم سے کم 150 مظاہرین کے خلاف معاملہ درج کیا گیا ہے۔
(خبررساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)
Categories: خبریں