خبریں

پاپڑ سے کورونا ٹھیک ہو نے کا دعویٰ کر نے والے مرکزی وزیر ارجن میگھوال کورونا سے متاثر

گزشتہ  جولائی مہینے میں مرکزی وزیر اور بی جے پی ایم پی  ارجن رام میگھوال کا ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر سامنے آیا تھا، جس میں وہ آتم نربھر بھارت ابھیان کے تحت ‘بھابھی جی’ پاپڑ برانڈ کی تشہیر کرتے ہوئے دعویٰ کر رہے تھے کہ اس کو کھانے سے کورونا سے بچاؤ ہوگا۔

بھابھی جی پاپڑ کی تشہیر کرتے ارجن میگھوال۔ (فوٹو بہ شکریہ: ٹوئٹر)

بھابھی جی پاپڑ کی تشہیر کرتے ارجن میگھوال۔ (فوٹو بہ شکریہ: ٹوئٹر)

نئی دہلی:مرکزی وزیر ارجن رام میگھوال سنیچر کو کورونا وائرس سے متاثر پائے گئے۔ انہیں دہلی کے ایمس میں بھرتی کرایا گیا ہے۔میگھوال نے ٹوئٹر پر اس بات کی جانکاری دی ہے۔انہوں نے لکھا، ‘کورونا کی شروعاتی علامت آنے پر میں نے ٹیسٹ کروایا اور پہلی جانچ نگیٹو آنے کے بعد آج دوسری جانچ پازیٹو آئی ہے۔’

انہوں نے بتایا،‘میری طبیعت ٹھیک ہے لیکن ڈاکٹروں کے مشورے پر ایمس میں بھرتی ہوں۔ میری اپیل ہے کہ جو لوگ گزشتہ کچھ دنوں میں میرے رابطہ میں آئے ہیں،برائے مہربانی  اپنی صحت کا دھیان رکھیں۔’راجستھان میں بیکانیر سے بی جےپی  ایم پی  میگھوال اس وقت  مرکزی  بھاری صنعت کے وزیر مملکت  ہونے کے ساتھ پارلیامانی امور کے وزیرہیں۔

واضح  ہو کہ گزشتہ دنوں مرکزی وزیرمیگھوال کا ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر سامنے آیا تھا،جس میں وہ‘بھابھی جی’ نام کے ایک پاپڑ برانڈ کی تشہیر کرتے ہوئے دعویٰ کر رہے تھے کہ اس کو کھانے سے کورونا سے بچاؤ ہوگا۔انہوں نے اس پاپڑ سے متعلق ویڈیو‘آتم نربھر بھارت ابھیان’کے تحت جاری کیا تھا۔اس ویڈیو کے سامنے آنے کے بعد انہیں کافی تنقید  کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

اس ویڈیو میں وہ کہتے نظر آئے تھے، ‘آتم نربھر بھارت ابھیان کے تحت بھابھی جی پاپڑ نام سے ایک پاپڑ بنانےوالے نے ایک ایسا برانڈ نکالا ہے،جس سےکورونا وائرس سے لڑنے کے لیے اینٹی باڈی ڈیولپ ہونے کے جو وسائل  ہیں، وہ کھانے کےذریعے باڈی میں جائیں گے۔’

انہوں نے کہا تھا، ‘کورونا وائرس کی لڑائی میں یہ پاپڑ مددگار ثابت ہوگا۔ مجھے لگتا ہے کہ آتم نربھر بھارت ابھیان میں جو یہ شروعات کی ہے سنیل بھنسالی جی نے ہم اس کی مبارکباد دیتے ہیں اور وہ اس میں کامیاب ہوں گے، ایسی امیدکرتے ہیں۔’